تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

مجلس احرار اسلام ضلع مظفر گڑھ کا ورکرز کنونشن
مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا سیدعطاء المنان بخاری اور مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانامحمد اکمل اور مبلغ احرار مولانا محمد فیضان نے 11مارچ 2022ء بروز جمعہ ضلع مظفر گڑھ کا دورہ کیا۔ جامع مسجدبستی منڈھیرا میں سید عطاء المنان بخاری، جامع مسجد میراں پور میں مولانا محمد اکمل اور جامع مسجد بڑی بستی آرائیں میں مولانا محمد فیضان نے خطبات جمعہ ارشاد فرمائے اور شہداء تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے بعد العصر جامع مسجد بستی منڈھیرا میں ضلع مظفر گڑھ کے ارکان کا ورکرز کنونشن منعقد کیا۔ جس میں فاضل پور بیٹ میر ہزار۔ ماہڑہ، جتوئی شہر، بڑی بستی آرائیں سمیت دیگر علاقوں کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تمام یونٹس کے ذمہ داران نے اپنے اپنے حلقے کی کار گزاری پیش کی اور کارکنان کی تعداد، نقیب ختم نبوت کی ترسیل پروگرامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
10 روزہ سالانہ ختم نبوت کورس دار بنی ہاشم مہربان کالونی ملتان
(رپورٹ: فرحان حقانی)مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ دس روزہ ختم نبوت کورس 5 تا 15مارچ 2022ء دار بنی ہاشم ملتان میں منعقد ہوا جس سے ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، شیوخ الحدیث، مناظرین اور دانشور حضرات نے اپنے اپنے موضوعات پر اسباق پڑھائے۔
مجلس احرار کے مرکزی امیر مولانا سید محمد کفیل بخاری، حضرت خواجہ خان محمد رحمہ اﷲ کے فرزند حضرت لالہ نجیب احمد، علامہ عبد الغفار تونسوی، مولانا عبد الحمید تونسوی، عبد اللطیف خالد چیمہ اور سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے کہا کہ مجلس احرار کی ختم نبوت کے حوالے سے جدوجہد اور خدمات تاریخ کا زریں و روشن باب ہے۔مجلس احرار اسلام نے اپنے قیام 1929ء سے لیکر آج تک فتنہ قادیانیت کے علمی و عملی اور سیاسی محاسبہ کو جاری و ساری رکھا ہوا ہے۔مجلس احرار اسلام نے ہر فتنہ کی راہ روکنے کے لیے بنیاد کے پتھر کا کام کیا۔مجلس احرار نے ہی تحریک مدح صحابہ چلائی جس کا تسلسل اب تک قائم ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ مولانا حافظ محمد ناصر الدین خاکوانی دامت برکاتہم نے کہا کہ صحابہ کرام علیہم الرضوان قرآنی شخصیات ہیں ان کے مشاجرات ایک تکوینی امر تھا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ 20 سال تک ایک پر امن اور مثالی اسلامی حکومت قائم ہوئی۔ تحفظ ناموس صحابہ ہی تحفظ ناموس رسالت ہے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔تاریخ اسلام کی نورانی شخصیات انہی مدارس سے پیدا ہوئیں جنہوں نے امت کو اپنے اپنے دور کے فتنوں سے بچایا۔
کورس کی مختلف نشستوں سے مفکر اسلام علامہ زاہد الراشدی، مولانا عبد الروف فاروقی، حافظ سید محمد معاویہ بخاری، مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی، مولانا محمد مغیرہ (ناظم تبلیغ مجلس احرار وخطیب جامع مسجد احرار چناب نگر) مولانا عبد الوارث گل، مولانا کریم بخش، مولانا زبیر احمد صدیقی، مولانا مفتی محمد احمد انور، مولانا نور اﷲ رشیدی، مولانا محمد عبد اﷲ، مولانا تنویر الحسن احرار، مولانا سید عطاء المنان بخاری، مولانا پروفیسر خواجہ ابوالکلام صدیقی، مفی محمد رضوان عزیز، ڈاکٹر محمد طاہر خاکوانی، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا مفتی حماد القاسمی، مولانا مفتی نجم الحق، مولانا محمد اکمل، مولانا اخلاق احمد، فرحان الحق، مولانا فیضان اشرفی اور مولانا محمد الطاف معاویہ نے عسائیت، رافضیت، بہائیت اور ہندومت کا تعارف، تاریخ اسلام، حیات عیسی علیہ السلام، مرزا قادیانی کے دعاوی، یہودی تحریکیں، مغربی تہذیب اور اس کے اثرات اور قادیانیت کی سیاسی تخریب کاریوں جیسے اہم عنوانات پر اظہار خیال کیا۔
کورس کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مولانا اخلاق احمد، مولانا طلحہ مجتبی، مولانا فیصل اشفاق، فرحان الحق حقانی، مولانا الطاف معاویہ، مولانا فیضان اشرفی اور ارشاد احمد سمیت دیگر کارکنان احرار و ادارہ نے بہت جانفشانی سے اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیا۔کورس میں مدارس و جامعات، کالج و یونیورسٹی کے طلباء و اساتذہ، تاجرو وکلاء حضرات کی کثیر تعداد نے مختلف نشستوں میں شرکت کی۔ باقاعدہ مکمل کورس میں شامل ہوکر اسناد حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد ایک سو 100 تھی۔ اﷲ تعالی ان طلباء کو ختم نبوت کا مجاہد بنائے آمین
مجلس قراء ت مسجد احرار چناب نگر
(رپورٹ: مولانا محمود الحسن) مدرسہ ختم نبوت و بخاری ماڈل ہائی سکول کا 46 واں سالانہ اجتماع و مجلس قرات جامع مسجد احرار چناب نگر ضلع چنیوٹ میں 14 شعبان 1443مطابق 18 مارچ 2022 بروز جمعہ بعد نماز مغرب قائد احرار مولانا سید محمد کفیل بخاری مدظلہ کی زیر سرپرستی اور مولانا سید عطاء المنان بخاری حفظہ اﷲ کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔
قائد احرار، پرتوبخاری، حضرت پیرجی مولانا سید عطاء المہیمن بخاری رحمہ اﷲ نے اس گلشن کو سجایا اور اپنے خون جگر سے اس کی آبیاری کی۔ یہاں پر قرآن کریم کی تعلیم اور اس اجتماع کو بالاہتمام شروع کیا۔جس میں ملک پاکستان کے نامور قراء کرام اور نعت خواں حضرات ہمیشہ شریک رہے۔
اس سال بھی مجلس کی دو نشستیں ہوئیں۔پہلی نشست کی صدارت مجلس احرار اسلام کے ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیرہ نے کی جبکہ دوسری نشست کی صدارت حضرت پیرجی رحمہ اﷲ کے شاگر حضرت قاری عبد الرشید صاحب نے کی۔ ان نشستوں میں تشریف لائے ہوے معزز قراء کرام نے پر تاثیر انداز سے تلاوت کلام اﷲ کی اور سماں باندھ دیا۔
اجتماع میں مدرسہ ختم نبوت کے طلباء عبد المنان نے عربی، محمد نعیم، محمد ابوذر اور محمد احمد نے اردو جبکہ حافظ محمد جنید نے انگریزی میں علم دین، ختم نبوت اور سیرت النبی جیسے عنوانات پر اظہار خیال کیا۔
اجتماع کے آخر میں مدرسہ ختم نبوت اور بخاری ماڈل ہائی سکول کے طلباء کو سالانہ امتحان کا نتیجہ سنایا گیا اور ممتاز طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔گزشتہ سالوں میں حفظ کا امتحان دینے والے 15 طلباء کی دستار بندی کی گئی۔ اجتماع و مجلس قرات رات 3 بجے تک جاری رہی جس میں قاری محمد قاسم بلوچ، قاری عطاء الرحمن، قاری منور نوید (لاہور) قاری حامد صدیق، قاری محمود صدیق، قاری حفیظ اﷲ، قاری عبد الرحمن مکی، قاری اسامہ عمران، قاری طیب سعید صدیقی (فیصل آباد) قاری حماد اﷲ ساجد (سرگودھا) سے شریک ہوے۔جبکہ نعت خواں حضرات میں حافظ محمد اکرم احرار (میلسی) عبد القدیر احراری (سلانوالی) اور قاری محمد سعید مدنی نے فیصل آباد سے شرکت کی۔مجلس کے روح رواں قاری محمد بن محمد صدیق (مہتمم دار القراء فیصل آباد) نے آخر میں اپنے مخصوص لہجے میں تلاوت کر کے سامعین کے قلوب کو منور کیا۔مجلس قاری عبد الرشید صاحب کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
مجلس کے انتظامات میں مولانا محمود الحسن، مولانا محمد طیب، حافظ محمد طارق، حافظ محمد بلال، حافظ عمر حیات، مولانا محمد جاوید، قاری عمر فاروق، ماسٹر شہباز، ماسٹر لیاقت، ماسٹر مرسلین اور ماسٹر اعجاز سمیت دیگر کارکنان احرار وادارہ کے عملہ نے بھرپور کوشش کی۔اجتماع میں معززین علاقہ، عوام، علماء طلباء اور کارکنان احرار کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
روداد احرار ختم نبوت کانفرنس چیچہ وطنی
چیچہ وطنی ۔تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجلس احراراسلام چیچہ وطنی کے زیر اہتمام سالانہ ختم نبوت کا نفرنس کے مقررین نے کہا ہے کہ ربوہ برانڈ ارتداد نہیں چلنے دیا جائے گا، عالمی استعماری قوتیں آئین پاکستان کی اسلامی دفعات کے در پر ہیں ، لیکن ہم ناموس رسالت اور عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ اسی طرح کریں گے جس طرح 1953ء کے شہداء نے کیا تھا۔ خانقاہ سراجیہ مجددیہ نقشبندیہ کے سجادہ نشین حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد کی زیر صدارت اور مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کی زیر نگرانی مرکزی مسجد عثمانیہ ہاؤسنگ سکیم چیچہ وطنی میں ہونے والی اس کانفرنس میں قائد احرار سید محمد کفیل بخاری ، مفتی محمد رضوان عزیز، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء پیر جی عزیزالرحمن رائے پوری ، مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفرازمعاویہ، حکیم حافظ محمد قاسم ، مفتی شبیر حسین ناصر، حافظ عابد مسعود ڈوگر، ملک مبشر صائم ، حافظ مغیرہ خالد ، حافظ احسن دانش، تحریک ختم نبوت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلی قاری محمد اکرم ربانی، جماعت اسلامی کے رہنماء چودھری فیض میراں گجر ، اور دیگر نے شرکت وخطاب کیا، جبکہ ممتاز سیاسی وسماجی رہنماء شیخ عبدالغنی ، شیخ عبد الواحد (گلاسگو)، قاری بشیر احمد ، قاری عتیق الرحمن رحیمی مولانا پیر جی عبدالباسط، پروفیسر منیر ابن رزمی، شیخ محمد اکمل پاشا، مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس لاہور ، حاجی عبدالکریم قمر کمالیہ، حاجی احسان احمد احسان کمالیہ، اور دیگر حضرات نے خصوصی شرکت کی۔ قائد احرار سید محمد کفیل بخاری نے کلیدی خطاب میں کہا کہ مجلس احراراسلام برصغیر میں تحریک ختم نبوت کی بانی ء جماعت ہونے کا اعزاز رکھتی ہے ، اور دنیامیں جہاں کہیں یہ کام ہورہا ہے ، اکابر احرار کا ہی فیض ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کی کئی جماعتیں عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کا فریضہ انجام دی رہی ہیں ، جن کوہم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، مناظرختم نبوت مولنا مفتی محمد رضوان عزیز نے کہا کہ دین وشریعت کی تکمیل کے بعد کئی فتنوں نے سر اٹھایا جن کا جماعت صحابہ رضی اﷲ عنہم نے قلع قمع بھی کیا اور امت کی رہنمائی بھی کی اور وہی رہنمائی قیامت تک کیلئے راہ ہدایت ونجات ہے ، دیگر مقررین نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت پر جان قربان کردیں گے لیکن آنچ نہ آنے دیں گے اور اہل حق کی قیادت وسیادت میں پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے، کانفرنس کے تمام شرکاء نے تحفظ ختم نبوت کی پر امن جدوجہد جاری رکھنے کا ہاتھ اٹھا کر نعروں کی گونج میں عہد بھی کیا، کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ سودی معیشت کو ختم کرکے اسلامی معیشت رائج کی جائے ، امتناع قادیانیت قوانین پر مؤثر عمل درآمد کرایا جائے ، اور (ربوہ )چناب نگرکے اندر ریاست در ریاست کا ماحول ختم کیا جائے ، اس موقع پر دارالعلوم ختم نبوت جامع مسجد بلاک نمبر12 اور دارالعلوم ختم نبوت مسجد عثمانیہ سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام کی دستار بندی حضرت خواجہ خلیل احمد ، سید محمد کفیل بخاری نے کی، جبکہ فقہ الاطفال میں اعلی پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو اسناد دی گئیں ، کانفرنس حضرت خواجہ خلیل احمد کی دعاء کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
٭ 27 مارچ 2022 مرکز احرار مدرسہ ختم نبوت،جامع مسجد احرار چناب نگر میں خانقاہ سراجیہ نقشبندیہ مجددیہ کندیاں شریف کے سجادہ نشین حضرت خواجہ خلیل احمد صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی آمد۔
قائد احرار مولانا سید محمد کفیل بخاری مدظلہ کی دعوت پر حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد صاحب دامت برکاتہم صبح 8 بجے مرکز احرار مدرسہ ختم نبوت جامع مسجد احرار تشریف لائے اس موقع پر قائد احرار سید محمد کفیل بخاری اور مجلس احرار کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیرہ مدظلہ سے تفصیلی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیااور مدرسہ و مرکز کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے دعاء فرمائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.