تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

تبصرہ کتب

نام: نحوی لطائف تالیف: مفتی محمد سلیم آلف ضخامت: ۵۶۰ صفحات ( مبصر: صبیح ہمدانی)
قیمت: ۶۰۰ روپے ناشر: مکتبہ لوح و قلم مردان، 0313-9595358
عربی گرامر میں جملے کی تشکیل و ترتیب سے بحث کرنے والے علم کو علم النحو کہتے ہیں۔ اس علم کی پیچیدہ نزاکتوں اور دقیق لطافتوں کی وجہ سے نحو سے شغف رکھنے والوں کے مزاج میں ایک قسم کی خوردہ گیری اور موشگافی کی عادت راسخ ہو جاتی ہے، جو بسا اوقات دلچسپ لطائف کے وجود میں آنے کا سبب بنتی ہے۔ زیرِ نظر کتاب کا ایک بڑا حصہ اسی قسم کے لطائف و فکاہات پر مشتمل ہے۔ نیز کتاب میں اردو کے متعدد ضرب الامثال، محاوروں، مقولوں اور عربی فارسی سے متعلق الفاظ و تراکیب سے متعلق معلومات بھی جمع کی گئی ہیں۔چنانچہ اپنی موجودہ صورت میں کتاب علومِ لغویہ و لسانیات سے متعلق گوناگوں معلومات کے ایک قابلِ قدر ذخیرہ کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔
یہ لطائف و نوادر اور یہ معلومات مہمہ فن کی مختلف کتابوں اور مصادر میں متفرق طور پر موجود تھیں مگر فاضل مؤلف نے انھیں یکجا کر کے شائقین کی ضیافتِ طبع کا سامان مہیا کر دیا ہے۔ کتاب عمدہ ٹائٹل، مضبوط جلد کے ساتھ روشن سفید کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔
نام: ماہنامہ ’’دار التقوی‘‘ لاہور (اشاعت خاص بیاد حاجی عبد الوہاب رحمہ اﷲ) مرتب:محمد ذو الکفل ضخامت: ۶۷۰ صفحات ناشر: دار التقوی ٹرسٹ، جامع مسجد ’’الہلال‘‘ چوبرجی پارک، ملتان روڈ، لاہور
دعوت و تبلیغ کی عالمی تحریک کے سابق امیر حضرت حاجی عبد الوہاب قدس اﷲ سرہ اسطورۂ زمان بزرگ تھے۔ انھیں حضرت اقدس شاہ عبد القادر رائپوری نور اﷲ مرقدہ سے بیعت و ارشاد ، حضرت مولانا شاہ محمد الیاس کاندھلوی رحمہ اﷲ سے صحبت و استفادہ، امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمہ اﷲ کی رہنمائی میں مجلس احرار میں سرگرم تحرک اور حضرت جی مولانا محمد یوسف کاندھلوی رحمہ اﷲ کی خصوصی توجہ و تربیت کے منفرد اور بے مثل اعزاز حاصل تھے۔ انھوں نے بلاشبہ اپنے قول و عمل سے اپنے آپ کو ان اعزازات کا صحیح قدر دان ثابت کر کے دکھایا۔
ماہنامہ ’’دار التقوی‘‘ کی یہ خصوصی اشاعت حضرت حاجی صاحب مرحوم و مغفور کی حیات طیبہ، ان کے اعمالِ صالحہ، ان کی فکر، ان کے طریقۂ کار، ان کے یقین اور ان کی محنت کے بارے میں ان سے محبت رکھنے والوں کے تذکروں سے مرتب ہوئی ہے۔ اس اشاعت کا تحفۂ خاص حضرت حاجی صاحب مرحوم کے خادمِ خاص حضرت مولانا فہیم صاحب دام ظلہم کا تفصیلی مضمون ہے جو شاید حضرت حاجی صاحب کا مستند ترین اور مکمل تذکرہ و ترجمہ ہے۔ اشاعتِ خاص عمدہ سرورق اور درآمدی بڑھیا کاغذ پر مجلد کتاب کی صورت میں نشر کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.