تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

برطانوی سامراج کے بعد ملک کو امریکی استعمار سے آزاد کرانے کی جدوجہد تیز کرنا ہوگی: قائد احرار سیدعطاءالمھیمن بخاری

لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام کا 90سالہ ”یوم تاسیس“(29دسمبر)آج ملک بھر میں جوش وجذبے کے ساتھ منایاجارہاہے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرسید عطاء المہیمن بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے مجلس احراراسلام کی جملہ ماتحت شاخوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کریں اور مجلس احرار اسلام کے منشور ودستور پر روشنی ڈالیں اور اکابراحراروختم نبوت کی جدوجہد کو نمایاں کریں۔قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری نے کہاہے کہ 29دسمبر ہماری جماعتی وتنظیمی اورتحریکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔آج سے 90سال قبل 29دسمبر 1929ء کولاہور میں دریائے راوی کے کنارے حریت پسندرہنماؤں نے مجلس احراراسلام کی بنیادرکھی تھی اوراس کی بنیاد میں استعمار دشمنی گھٹی کے طورپر پڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ برطانوی سامراج کو ہندوستان سے نکالنے کا سہرااسی حریت پسندجماعت کے سر ہے۔ آج ہمیں امریکن سامراج کے تسلط سے آزاد ہونے کی ضرورت ہے جبکہ حکمرانوں  اور سیاستدانوں نے وطن عزیز کو امریکہ کی کالونی بنا کر رکھ دیاہے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر کہاہے کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کے اعادے کی ضرورت ہے کہ ہم قیام حکومت الہٰیہ تک اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے،ہماری منزل لوگوں کو لوگوں کی غلامی سے نکال کرایک اللہ کی بندگی میں لاناہے کہ اسی میں ہماری دنیاوآخرت کی کامیابی مضمرہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی غلامی اورلادین نظاموں نے ملک کے عوام کو مسائل میں جکڑ رکھا ہے جس کی وجہ سے معاشی ابتری اورذہنی پسماندگی کا راج ہے،سرمایہ دارانہ نظام کی چکی میں پسنے والے مفلوک الحال لوگوں کی فلاح کا راستہ قرآنی وآسمانی تعلیمات میں ہے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ اسلامی احکامات پر عمل پیراہوکرآئین اوردستور کی بالادستی کے تحت پر امن جدوجہد کو منظم کرکے ملک کو اسلامی وفلاحی ریاست کی طرف لایا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین انسانیت کے استحصال کے لیے ہیں اللہ کے قوانین کو بطور دستور حیات نافذکرنا ہمارامطمع نظر ہے۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے زیراہتمام آج صبح 10بجے مرکزی دفتر احرار لاہور میں 29دسمبر کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب اور احرار سیمینار منعقد ہوگا جس میں پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی،مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس،حاجی محمد لطیف،قاری محمد یوسف احرار،قاری محمدقاسم بلوچ، ڈاکٹر ضیاء الحق قمر،محمدقاسم چیمہ اوردیگر رہنماشرکت وخطاب کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.