لاہور(پ ر)حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی کوشش نہیں کر رہی۔ آئے روز مہنگائی سے غریب عوام کے مسائل بڑھ رہے ہیں ان مسائل کو حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام لاہور کی قیادت نے دفتر احرار لاہور سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ لاہور کے انتخابات کے بعد نئے عہدے داران نے مرکزی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا عہد کیا کہ ہم مجلس احرار اسلام پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق پاکستانی عوام کی خدمت،رد قادیانیت اور دعوت اسلام جیسے شعبوں پر پوری قوت کے ساتھ ہمیشہ گامزن رہیں گے۔ مجلس احرار لاہور کے سرپرست حاجی محمد لطیف، مجلس احرار اسلام لاہور کے صدر خواجہ محمد ایوب بٹ،سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاری عطاء الرحمن یوسف، سیکرٹری اطلاعات محمد عامر اعوان،قاضی محمد حارث اور دیگرعہدداران نے کہا ہے کہ حکمران خدا کا خوف کریں پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کر کے غریب عوام کی بددعائیں نہ لیں پہلے ہی پٹرول میں ظالمانہ اضافے کی وجہ سے آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خرد و نوش غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں باوجود اس کے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت سے معیشت کنٹرول نہیں ہو رہی تو سیاست چھوڑ دیں،دکھی عوام کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی، حکومت جلد از جلد مہنگائی کو قابو کرنے کی کوئی پالیسی واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام پاکستان عوام کی خدمت کرنے والی ہر حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کرتی رہی اور غلط پالیسیوں پر مزاحمت کرتی رہی ہے لیکن موجودہ حکومت نے تو عوام کا جینا ہی دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا کنٹرول نہ ہونا ریاستی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری اطلاعات لاہور محمد عامر اعوان نے بتایا ہے کہ 3مارچ کو لاہور میں ہونے والی شہدائے ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاں تیزی کے ساتھ جاری و ساری ہیں اور اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے سر کردہ رہنماء شرکت و خطاب کریں گے۔