پاکستان کی بقاء جمہوری نظام سے مشروط، آئین کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیں گے: محمد قاسم چیمہ
لاہور(پ ر)پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کے موقع پردفتر مجلس احراراسلام نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب میاں محمد اویس کی زیر صدارت منعقد ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک طلباء اسلام پاکستان کے کنوینر محمد قاسم چیمہ نے کہا کہ یہ ملک ایک طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا، لیکن تقسیم برصغیر سے لے کر آج تک دوقومی نظریۂ یتیمی کی زندگی بسر کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء ،سیاسی نظام کے استحکام سے مشروط ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1947ء سے آج تک اقتدار کے حصول کے لئے مذہب کو بطور ہتھیار استعمال کیا گیا لیکن اب قوم میں شعور بیدار ہورہا ہے ۔ محمد قاسم چیمہ نے کہا کہ 1973ء کا آئین ایک متفقہ آئین ہے ۔اس آئین کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیں گے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 1973 ء کے آئین پر مکمل عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشترکہ المیہ ہے کہ آج تک کوئی وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری نہ کرسکا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاری محمدیوسف احرارنے کہا کہ 14اگست ہمارے لئے مسرت کا دن ہے کہ جب حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائی اور انگریز کو یہ خطہ چھوڑ کر جانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ احرارکارکن محب وطن پاکستانی ہیں اور ہم پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔، تقریب سے حاجی محمد لطیف ،قاری محمد قاسم بلوچ،ڈاکٹرضیاء الحق قمر،چودھری ثاقب افتخار اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔