تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

رُوداد احرار ختم نبوت کانفرنس، چناب نگر

حکیم محمد قاسم /مولانا کریم اﷲ

قادیان کی طرح ربوہ میں بھی حضرت امیر شریعت سید عطا اﷲ شاہ بخاری رحمۃ اﷲ علیہ کی جماعت کو یہ شرف حاصل ہے کہ اس نے اﷲ کی توفیق سے ستائیس فروری 1976 ء کو پیپلز پارٹی کے فسطائی دور کے باوجود ربوہ میں فاتحانہ داخل ہوکر اُس سرزمین پر پہلی نماز ِ جمعۃ المبارک ادا کی۔ اور چھ ضلعوں کی پولیس کے ناکوں کے باوجود قائد احرار جانشین امیر شریعت سید ابو معاویہ ابوذر بخاری رحمۃ اﷲ علیہ نے پہلے اسلامی مرکز ’’جامع مسجد احرار ربوہ ‘‘کا سنگ بنیاد رکھا اور دورانِ تقریر گرفتار ہوئے ۔پھر بطل حریت حضرت مولانا غلام غوث ہزاروی رحمۃ اﷲ علیہ وہاں پہنچے اور تقریر فرمائی ،اسی دوران فاتح ربوہ قائد احرار سید عطاء المحسن بخاری رحمۃ اﷲ علیہ تمام رکاوٹوں کے باوجود مسجد کی جگہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ،تقریر کی پولیس نے گرفتار کرنا چاہا فرمایا میں خطبہ جمعہ دوں گا نماز پڑھاؤں گا اور پھر گرفتاری دوں گا ،چنانچہ خطبہ دیا ،نماز پڑھائی اور گرفتار ہوگئے۔ اُس دن سرکاری و مرزائی گماشتوں نے جامع مسجد احرا ر کے سنگ بنیاد میں شرکت کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند ہزاروں مسلمانوں کو ربوہ کے ارد گرد، دریا کے پار چنیوٹ کی طرف ، فیصل آباد اور سرگردھا کی طرف راستے بند کرکے شرکت سے روکے رکھا۔ یہ وہ سماں تھا دیکھنے والے بتاتے ہیں کہ اس منظر نے حضرت امیر شریعت سید عطا اﷲ شاہ بخاری ؒ کے دور میں سنہ 1934 ء میں قادیان میں احرار کے داخلہ کی یادیں تازیں کردی تھیں۔
یہی جامع مسجد احرار اور مرکز احرار وختم نبوت اپنی موجودہ وسیع شکل میں وہ مقام ہے جہاں ہر سال 11/12 ربیع الاوّ ل کو ختم نبوت کانفرنس ہوتی ہے اور 12 ربیع الاو ل کو ’’دعوتی جلوس‘‘ نکالا جاتا ہے ۔ اس مرتبہ بھی ہم 10 ربیع الاول کا دن گزار کر رات کو چناب نگر مرکز احرار میں میں پہنچے، تو ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کا منظر دیدنی تھا ،قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری اپنی شدید علالت کے باوجو د ملتان سے چناب نگر پہنچ چکے تھے ،جب کہ مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کی قیادت میں قافلہ چیچہ وطنی سے جب وہاں پہنچا تو رانا قمر الاسلام اورراقم کی معیت میں پہنچے والے کارکنوں نے اپنی اپنی مصروفیات میں شریک ہونا شروع کردیا۔ جب کہ وہاں پہلے سے موجود میاں محمد اویس ،مولانا تنویر الحسن، ڈاکٹر آصف،مولانا محمد مغیر ہ ، مولانا محمود الحسن اور کئی دیگر حضرات کانفرنس کی تیاریوں کے آخری مراحل میں تھے،رات دیر تک سب ذمہ داران مصروف ِ کار رہے۔11 ربیع الاؤل 30 نومبر جمعرات کو قافلوں کی آمد جاری تھی کہ یاد گار ِ اسلاف ،رفیق امیر شریعت حضرت مولانا مجاہد الحسینی ،ڈاکٹر عمران فاروق اور مولانا محمد راشد الوری کے ہمراہ تشریف لائے۔بعد نمازِ ظہر پہلی نشست کا آغازہوا۔ حضرت پیر جی نے دُعافرمائی اور نبیرۂ امیر شریعت سید عطاالمنان بخاری کی تلاوتِ قرآن پاک سے کاروائی کا آغاز ہوا ۔ مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے افتتاحی خطاب میں کانفرنس کی تاریخ وغرض وغایت بیان کی ،اور کہاکہ سیاسی انتہا پسندی نے ملک کی معیشت اور امن کو ڈبو کر رکھ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ عقیدہ ٔ ختم نبوت کا حلف نامہ ختم کرنا ایک خطرناک سازش تھی جس میں حکمران اور سیاست دان بڑے پیمانے پر شامل ہیں۔ اس کے بعدانہوں نے حضرت مولانا مجاہد الحسینی صاحب دامت برکاتہم کو خطاب کی دعوت دی ۔مولانا مجاہد الحسینی کی تقریر کیا تھی بس یادوں کے دریچوں کو کھول کھول کر سامعین کو مسحور کیے جارہے تھے انہوں نے فرمایا کہ : جناب نبی کریم ﷺ سے عقیدت ومحبت کا تقاضا ہے کہ ہم تحفظ ناموس رسالت اورتحفظ ختم نبوت کی جدوجہد کو ہر سطح پر منظم کرنے والے بن جائیں، کیونکہ چودہ صدیوں سے امت عقیدہ ٔختم نبوت کا دفاع کررہی ہے ،اور رہتی دنیا تک یہ دفاع جاری رہے گا ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر قانون نے کہا کہ قادیانی بھی نماز پڑھتے ہیں،ان میں اور مسلمانوں میں زیادہ فرق نہیں۔مولانا مجاہد الحسینی نے مزید کہا کہ منافقین کی طرف سے مدینہ منورہ میں مسجد ضرار جناب نبی کریم ﷺ نے برداشت نہیں فرمائی تو گرادی گئی ،تو جھوٹے نبی کو کیسے برداشت کیا جاسکتا ہے ۔مجلس احرار نے ختم نبوت کی شمع کو روشن رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی مکاتب فکر کے علاوہ سیاسی جماعتوں کو بھی عقیدہ ٔ ختم نبوت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کہ یہ مسئلہ ایمان کا مسئلہ ہے اور ملک کی سلامتی بھی اسی سے وابستہ ہے۔دوسری نشست کا آغاز عشاء کی نماز کے بعد مجلس احرار اسلام کے سنیئر نائب امیر جناب پروفیسر خالد شبیر احمد کی زیر ِصدارت ہوا، جس میں مولانا تنویر الحسن نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے ،جس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر پیر طریقت حضرت حافظ ناصر الدین خاکوانی مدظلہ ،مولانا محمد صابر سرہندی ، مجلس احرار اسلام کے رہنما سید عطاء اﷲ شاہ ثالث اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے امیر مولانا محمد الیاس چنیوٹی (ایم پی اے) کے بیانات ہوئے ۔مجلس احراراسلام کے مرکزی رہنما جناب سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ثالث نے کہا کہ مجلس احراراسلام برصغیر میں تحریک ختم نبوت کی بانی جماعت ہے اور اسکی قیادت نے اپنے مشن کے تواترکو جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احرارحق وصداقت کا قافلہ ہے یہ ہمیشہ جاری رہے گا احرار کی بنیاد ختم نبوت کے مشن کے تحفظ کے لیے رکھی گئی ہمارے قدم تو کمزور ہوسکتے ہیں ہماراعزم کبھی کمزور نہیں ہوا ۔مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں سے ہماری جنگ ہے انہوں نے کہا کہ اگرن لیگ دین اسلام کیخلاف کوئی قدم اٹھائے تو ہم ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت والے حلف نامے میں تبدیلی اور 7بی اور 7سی کا نکالا جانا اس میں سو فیصد قادیانیوں کا خفیہ ہاتھ ہے انہوں نے کہا کہ میں نے پنجاب اسمبلی میں آن دی ریکارڈ یہ بات کہی اور اب بھی کہتا ہوں کہ میاں نواز شریف اپنے اردگرد غور سے دیکھیں کہ قادیانیوں اور دین دشمن عناصر نے ان کا گھیراؤ کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف صورت حال کا ادراک کریں کہ ان کے حقیقی دوست اور دشمن کون ہیں۔حضرت پیرحافظ ناصرالدین خان خاکوانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدۂ ختم نبوت کی جدوجہد دین اسلام کی حفاظت کا ذریعہ اور مسلمانوں کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالی نے بنی نوع انسان کو جو ایجنڈا دے کر دنیا میں بھیجا اس کے مطابق ہم اﷲ کے احکامات کی بجاآوری کی خاطر اندھی عقل کی بجائے وحی الہی پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حز ب اﷲ اورحزب الشیطان دنیا میں دوہی گروہ ہیں ہم مسلمان حزب اﷲ ہیں اور حزب الشیطان کی اپوزیشن ہیں اورانسانوں کو توحید وختم نبوت کے عقیدے کی بنیاد پر اﷲ سے جوڑنے کی ذمہ داری لیے ہوئے ہیں ۔دیگر مقررین نے اپنے بیانات میں کہا کہ :’’ عقیدہ تحفظ ختم نبوت کا تحفظ صرف ایمان کی اساس ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی حیات وموت کا مسئلہ بھی ہے ۔مقررین نے انتباہ کیا کہ حکومت آئین کی اسلامی دفعات کو ہر کچھ عرصے کے بعد چھیڑنے کا عمل بد مستقل بنیادوں پر ترک کردے اور ربوہ برانڈ ارتدادکے نمائندوں کو اپنی پناہ گاہوں اوراقتدار کی بالکونیوں سے نکال باہر کرے ۔تمام مقررین نے انتخابی حلف نامے سے عقیدہ ختم نبوت والی عبارت کو حلف نامے سے اقرار نامے میں بدلنے کے عمل کو غلطی کی بجائے واردات قرار دیا اورکہا کہ حلف نامے کی پرانی عبارت اور اس کی ذیلی شقیں 7بی اور سی بحال کرنے کا ہم خیر مقدم بھی کرتے ہیں اوریہ انتباہ بھی کرتے ہیں کہ قوم ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے سلسلہ میں اپنا مال ،جان اور عزت وآبرو قربان کر دے گی لیکن ان مسائل پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی‘‘۔12 ربیع الاول کو نمازِ فجر کے بعد مناظر اسلام حضرت مولانا محمد مغیرہ نے درس قرآن مجید دیا جس میں آپ نے ’’حیاتِ مسیح علیہ السلام ‘‘ کا مسئلہ نہایت سہل وعوامی انداز میں سمجھایا اور قادیانی شبہات کے تانے بانے تارِ عنکبوت کے طرح بکھیر کررکھ دیے ۔ صبح 9 بجے پرچم کشائی کی پرشکوہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں پروفیسر خالد شبیر احمد ،سید محمدکفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ،سید عطاء اﷲ شاہ ثالث اور ظہیر احمد کاشمیری نے خطاب کیا۔ کانفرنس کے آخری اجلاس کی صدارت عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولانا خواجہ عزیز احمد نے کی جبکہ مہمانان خصوصی سنیٹر حافظ حمد اﷲ اور مولانا عبد الرؤف فاروقی تھے ۔سنیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا کہ خوف اور لالچ کے ذریعے مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کو چھیننے کی کوشش ہورہی ہے اسلام انسانی غلامی کو توڑنے کا دوسرا نام ہے، خوفزدہ ہوکر ڈر جانا ابلیسی سیاست کا کھیل ہے ہمیں ایمان کے ذریعے خوف کو ختم کرنا ہوگا او رختم نبوت پر کوئی کمزوری نہیں دکھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی صرف غیر مسلم ہی نہیں بلکہ آئین اورریاست کے باغی بھی ہیں قادیانیوں کیخلاف رد الفساد آپریشن کیوں نہیں ہوتا؟ انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ حلف نامے کو تبدیل کرنے میں حکومت وریاست کا کتنا نقصان ہوا اور اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دباؤ کی وجہ سے ہماراعقیدہ بھی غیر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔جبکہ جمعیت علماء اسلام(س) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی نے کہا کہ مجلس احراراسلام عقیدۂ ختم نبوت کے محاذ پر 1929ء سے ڈٹی ہوئی ہے جس پر پوری قوم کو ناز ہے انہوں نے کہا کہ مغربی جمہوریت نے ملک میں امن کو ختم کردیا جمہوریت میں صرف جھوٹ کی سیاست چلتی ہے تمام مسائل کا حل صرف اسلام کے نفاذ میں ہی مضمر ہے ۔ابن ابوذرسید محمد معاویہ بخاری نے کہا کہ مجلس احرارکی سابقہ اور موجودہ قیادت نے عقیدے ،نظریے اور جماعت سے کبھی بے وفائی نہیں کی انہوں نے کہا کہ دین عزیمت کا نام ہے اﷲ اوررسول ﷺسے محبت کرنے میں مشکلات کی وادیاں تو عبور کرنی ہوں گی ناموس ختم نبوت پر بارہ سو صحابہ کرامؓ شہید ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی مکرم ﷺ کے امتی بزدل نہیں ہوسکتے ۔ نواسہ امیر شریعت سید محمد کفیل بخاری ـ(نائب امیر مجلس احرار اسلام) نے جلوس کی روانگی سے پہلے ہدایات دیتے ہوئے کارکنان احرار کہا کہ مجلس احراراسلام حکومت الہیہ کی داعی ہے، ہمیں اپنے قول و عمل سے دعوتِ دین کا کام ہمیشہ کرتے رہنا ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پر ہزاروں فرزندان اسلام، مجاہدین ختم نبوت اور سرخ پوشان احرارنے دعوتی جلوس نکالا یہ فقید المثال جلوس اور اس کے شرکاء مسجد احرار چناب نگر سے جب روانہ ہوئے تو تاحد نظر انسانوں کاٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر تھا جلوس کے شرکا نہایت پرامن تھے جلوس جب اقصیٰ چوک پہنچا تو سید عطاء المنان بخاری نے شرکائے جلوس سے خطاب کیا۔ وہاں سے جلوس قادیانی مرکز ایوان محمود پہنچا تو بہت بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کرگیا۔ اس موقع پر قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری، مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،سید محمد کفیل بخاری،ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری،مولانامحمد مغیرہ اور مولانا تنویر الحسن نے خطاب کیا اور قادیانیوں کو دعوت اسلام کا فریضہ دہرایا۔ سید عطاء المہیمن بخاری نے قادیانیوں کو مخاطب کے کہاکہ ہم تمہیں دعوت دیتے ہیں کہ جھوٹے مدعی نبوت کے پیروکار رہنے کی بجائے آسمانی فیصلے ،کہ حضور نبی کریم ﷺ آخری نبی ہیں، کو تسلیم کرتے ہوئے دامانِ مصطفی میں آکران کی اطاعت گزاری قبول کر لو۔ جناب عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ 1978ء میں بھی آئین سے یہی حلف نامہ نکالا گیا تھا جو مولانا مفتی محمود مرحوم کی تحریک سے صدرمحمد ضیاء الحق موحوم کو واپس لینا پڑا، اب پھر بیرونی ایجنڈے کے بل پر یہ ڈاکہ ڈالا گیا جو قوم کے پریشر پر واپس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے محاذ کی تمام جماعتیں ہمارا ہی کام کررہی ہیں۔سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مرزا قادیانی نے اپنے مخالفین کے خلاف جو گندی زبان استعمال کی ہم قادیانیوں کیخلاف وہ زبان استعمال نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ قادیانی ہماری لٹی ہوئی متاع گراں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ نبی رحمت ﷺ کے دامن پناہ میں آجائیں تاکہ جہنم کا ایندھن نہ بنیں ۔ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری نے اپنے خطاب میں قادیانیوں سے کہا کہ وہ23جلدوں پر مبنی ’’روحانی خزائن‘‘ قادیانی جماعت کی چھپی ہوئی کتاب ہی پڑھ لیں تو ان کو حقیقت سمجھ آسکتی ہے۔ مولانا محمد مغیرہ نے کہا کہ ہم ہر سال یہاں مرزائیوں کو دعوت اسلام دینے کیلئے آتے ہیں تاکہ قادیانی کلمہ اسلام پڑھ کر اپنی اصل پر واپس آجائیں۔ مولانا تنویر الحسن احرار نے کہا کہ قافلۂ سخت جاں احرارشہداء ختم نبوت کے مشن کی تکمیل کیلئے قدم بہ قدم آگے بڑھ رہا ہے ہم اسلام اورپاکستان کے غداروں کا سیاسی اوردینی سطح پر تعاقب ہر حال میں جاری رکھیں گے اس موقع پر جلوس میں حضرت پیر طریقت سید جاوید حسین شاہ ،حافظ عمار یاسر قاری شبیر احمد عثمانی سمیت ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، دانشوراورصحافی بھی موجود تھے جلوس کے موقع پولیس اور قانون نافذکرنے والوں کی بھاری نفری جلوس کے ہمراہ رہی جبکہ میاں محمد اویس، مولانا فیصل متین، سید عطاء المنان بخاری، محمد قاسم چیمہ، عبدالمنان معاویہ، مولانا محمد اکمل، محمد اشرف علی احرار، علی اصغر اور کئی دیگر رہنما جلوس کی اپنی سیکورٹی کی سخت نگرانی کررہے تھے۔ جلوس میں کوئی بد نظمی پیدا نہ ہوئی اورکوئی منفی نعرہ بھی نہ لگا جلوس کے شرکاء جوش و خروش کے ساتھ یہ نعرے لگا رہے تھے نعرہ تکبیر اﷲ اکبر،تاج وتحت ختم نبوت زندہ باد،فرما گئے یہ ہادی لانبی بعدی،اسلام زندہ باد ،پاکستان زندہ باد۔جلوس کا اختتام لاری اڈا سرگودھا روڈ چناب نگر پر ہوا جہاں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ نے اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کرائی اور قافلے پر امن اور منظم طور پر واپس اپنے شہروں کی طرف روانہ ہوگئے قافلوں کی گاڑیوں پر مجلس احراراسلام کے پر چم اور بینرز آویزاں تھے۔
٭……٭……٭

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.