تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

قادیانی جماعت خلافِ قانون قراردی جائے:قائداحرار
(لاہور،03؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ نے کہا ہے کہ قرآنی وآسمانی وتعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مسلمان پھر اپنی عظمت رفتہ بحال کرسکتے ہیں اور پوری دنیا میں اسلام کا پھریرا لہرا یا جاسکتا ہے ،وہ دفتر مرکزیہ احرارنیومسلم ٹاؤن لاہور میں اصلاحی بیان کی نشست سے خطاب کررہے تھے ،انہوں نے کہا کہ ہم سچے جذبہ جہاد سے انڈیا اور عالم کفر کا مقابلہ کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے وطن کی محبت سے لبریز ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دینی جماعتو ں ،دینی اداروں اور خانقاہوں نے ہمیشہ امن اور انسانیت کا درس دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور اسلام کے نفاذ میں ہی اس کی بقاء ممکن ہے ،انہوں نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کا عقیدہ رکھنے والی قادیانی جماعت کو خلافِ قانون قراردیاجائے۔
مولانا خواجہ خلیل احمد کی ایوانِ احرارمیں تشریف آوری اورخطاب
(لاہور،04؍اکتوبر)خانقاہ سراجیہ کندیاں شریف کے سجادہ نشین حضرت مولانا خواجہ خلیل احمددامت برکاتہم (جانشین حضرت خواجہ خان محمد ؒ) دفترمرکزیہ احرا ر لاہور میں تشریف لائے اور دارالمبلغین میں جاری دورۂ تربیت المبلغین میں شریک علماء کرام اور کارکنوں کو خصوصی ہدایات فرمائیں اوراپنی دعاؤں سے نوازا۔اس موقع پر احراررہنماسیدمحمدکفیل بخاری اورمیاں محمداویس سمیت کارکنانِ احرارکی بڑی تعدادبھی موجودتھی۔
قادیانی دہشت گردی کا قانونی محاسبہ کیاجائے :ناظم اعلیٰ
(لاہور،08؍اکتوبر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ قادیانی جماعت نے آج تک 7ستمبر 1974ء کو پارلیمنٹ میں ہونے والے فیصلے (قرار دادِاقلیت )،امتناع قادیانیت ایکٹ 1984ء کوتسلیم نہیں کیا۔ جب قادیانی پارلیمنٹ کے فیصلے اور دستور کو ہی نہیں مانتے تو پھر پوری دنیا میں حقوق غصب ہونے کی بات کیوں اور کس سے کرتے ہیں ۔وہ گزشتہ روز مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام دورۂ تربیت المبلغین کے شرکا ء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی اکھنڈبھارت کا مذہبی عقیدہ رکھتے ہیں اور پوری امت مسلمہ کو کافر کہتے ہیں تو اس طرح وہ ریاست کے باغی ہیں او ر ریاست سے حقوق بھی مانگ رہے ہیں جو انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے پرو گرام کے تحت قادیانیوں کی وطن دشمن اور دہشت گردی کا بھی محاسبہ ہونا چاہیے ۔
تمام منکرینِ ختم نبوت کا تعاقب ضروری ہے:مولانا زاہدالراشدی
فلسفۂ ختم نبوت کاادراک وقت کی ضرورت ہے:ڈاکٹرعبدالغنی
(09؍اکتوبر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتما م بعد نماز عصر دارلمبلغین میں دورۂ تربیت المبلغین کے شرکاء کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ الحدیث مولانا زاہدالراشدی نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ دین کی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت ہمارے دین کی اساس کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کے علاوہ بھی دنیا میں منکرین ختم نبوت اپنے اپنے انداز میں دجل کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کا ذکری گروہ ،فلسطین کا بہائی گروہ اور امریکہ میں موجود نیشن آف اسلام کے نام سے متحرک گروہ نبی کریم ﷺ کی خاتمیت پر یقین نہیں رکھتا ،انہوں نے کہا کہ ہمیں قادیانیوں کے ساتھ ساتھ انکارِ ختم نبوت پر مبنی دیگر گروہوں پر بھی نظر رکھنا ہوگی اور امت مسلمہ کو اُن کی سرگرمیوں سے آگاہی دیناہوگی ،قبل ازیں ظہر کے بعد کی نشست سے ممتاز دانشور ایف سی کالج کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹر عبدالغنی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا منکر کوئی شخص ہو ،یا نہ ہو ،فلسفۂ ختم نبوت سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے لیکچر میں کہا کہ معراجِ نبوت اپنی انتہاء کو پہنچ گئی اور وحی کا علم مکمل ہوگیا ۔انہوں نے کہا خدا نے انتہائے نبوت کے بعد وحی کا اجر اء ختم کردیا۔ اب کوئی نبی پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺکے علاوہ اب کسی کی بھی اطاعت ہمارے ایمان کا جزو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کودراصل فلسفہ ختم نبوت سمجھنے کی ضرورت ہے۔
دائمی کامیابی قرآن وسنت اور اسوہ صحابہ ؓ پر عمل میں مضمر ہے:احراررہنما
(لاہور،11؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے یوم عاشورکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام شروع دن سے فضیلت وبرکت والا مہینہ ہے۔ اس مہینے کی مناسبت سے بے شمار واقعات چلے آرہے ہیں ،جناب نبی کریم ﷺ کے نواسے حضرت علی ؓ اور حضرت فاطمہ ؓ کے لخت جگر سیدناحضرت حسینؓ کی شہادت آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں صبرواستقامت کے ساتھ عزیمت کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کردینے کا درس دیتی ہے ،سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ جناب نبی کریم ﷺ کے اپنے ارشاد گرامی کی روشنی میں تمام کے تمام صحابہ جنتی ہیں اور ان میں سے ہم جس ایک کی بھی پیروی کریں گے وہ ہمیں جنت میں لے جائے گا،سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ کی جماعت تنقید سے مبرا اور بالا ہے اور تمام کے تمام صحابہ سیدھے جنت میں جائیں گے ،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ اور اہل بیتؓ ایک ہی ہیں ۔ان کو الگ الگ کرکے دکھانا مناسب نہیں ،احراررہنماؤں نے کہا کہ حضرات صحابہ کرام ؓ کی تعلیمات پوری دنیا کے لئے مشعل راہ ہے ہرہر صحابی کا ہرہرعمل ہمارے لئے جنت کا راستہ ہے اور دنیا میں امن کی ضمانت ہے ،انہوں نے کہا کہ اسلام شروع دن سے ہی دہشت گردی کا شکار ہے۔ آج گھمبیر مسائل میں پھنسی ہوئی دنیا قرآن وسنت اور اسوہ صحابہ ؓ پر عمل کرنے سے ہی کامیاب ہوسکتی ہے اور آخرت میں نجات حاصل کرسکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ وطن کی محبت ہمیں اسلام اور صحابہ کرام ؓ کی تعلیمات سے ملتی ہے ۔
احرارنے قادیانی طاغوت کے آگے بندباندھا:حافظ سعیدعاطف
قادیانیت ایک مذہب نہیں‘ سیاسی جماعت ہے:حافظ نصیر احمد احرار
(لاہور،11؍اکتوبر)ایوانِ احرار میں مجلس احراراسلام کے شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ’’دورہ تربیت المبلغینِ ختم نبوت ‘‘ کو لیکچر دیتے ہوئے پروفیسر حافظ سعید عاطف نے کہا کہ موجودہ دور میں جذباتیت دینی کارکنوں کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔ دینی کارکنوں کو قرآن کریم سے رہنمائی لیتے ہوئے اپنے دینی سفر کو آگے بڑھاناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ اﷲ کا نبی یارسول ظالم وجابر حکومت کی خوشامد نہیں کرتا ،بلکہ اﷲ کے سچے نبی ورسول تن تنہاظالم وجابر حکومت سے ٹکرا جاتے ہیں لیکن ان کی حمایت نہیں کرتے۔ ان کی چاپلوسی نہیں کرتے ۔اس کے برعکس مرزا قادیانی استعماری ایجنٹ تھا اور استعماریت نے انہیں اپنے مقاصد کے لیے کھڑا کیا ۔اس کے دعوؤں کی وجہ سے امت مسلمہ میں انتشار پیدا ہوا۔ اُس دورمیں ایک طرف علمائے امت قادیانیت کے خلاف کام کررہے تھے اور دوسری طرف دیگر باطل قوتوں سے بھی نبرد آزما تھے۔ گویا اس وقت علماءِ دین نے چومکھی لڑائی لڑی۔ انہیں علمامیں امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ؒ اور ان کی حریت پسند جماعت مجلس احرار اسلام بھی تھی اور اب بھی ہے۔ جنہوں نے اس وقت کے طاغوت کے سامنے بند باندھا اور یہی جماعت آج آپ کو اِس نیک مقصد کے لیے تیاری کرا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زمانہ کے ساتھ ساتھ اسلوب بدلتے رہتے ہیں اب علمائے دین کو جدید اسلوب اپنا کر دینی کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ شیخ الہند اکیڈمی لاہور کے مدیر مولانا حافظ نصیر احمد احرار نے طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ قادیانیت کو مذہبی جماعت کے طور پر نہیں بلکہ سیاسی طور پر جاننے کی ضرورت ہے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ضروری ہے ۔
آسیہ مسیح کی بیرون ملک روانگی کے عزائم تشویشناک ہیں:عبداللطیف
(لاہور،13؍اکتوبر)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے ایسی خبروں پرتشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ قانون توہین رسالت کی ملزمہ آسیہ مسیح کو ماورائے قانون اور ماورائے عدالت بیرون ملک بھیجنے کی سازشیں ہورہی ہیں ،ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنونیرعبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنابِ نبی کریم ﷺ کے منصب ِرسالت وتحفظ ختم نبوت کے لئے بنائے گئے قوانین کو غیر مؤثر ،سبوتاژ ،یا ختم کرنے کی کوششیں ملک کی نظریاتی اساس کے لئے انتہائی تباہ کن ہیں ،انہوں نے کہا کہ سیکولر انتہاپسند ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو منہدم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماورائے آئین وقانون ہونے والی سازشوں کا نوٹس لیا جائے ، عبداللطیف خالد چیمہ نے دس محرم الحرام کو ملک بھر میں حکومت،سرکاری انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے امن وامان قائم رکھنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور غیر جانبدارانہ پالیسی کو سراہا اور کہا کہ اگر غیر جانبدارانہ پالیسی پرمسلسل عمل کیا جائے تو فرقہ واریت اور طبقہ واریت سے جان چھڑائی جاسکتی ہے۔
سیّدنا حسینؓ شہیدِ غیرت ہیں:سالانہ مجلس ذکر ِحسینؓ ملتان
(ملتان،13؍اکتوبر)سید نا حسین رضی اﷲ عنہ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے غیرت وحمیت کا عظیم نمونہ ہے۔ انہوں نے جان قربان کردی لیکن اﷲ کے سوا کسی کے سامنے سر جھکانے سے انکار کردیا۔ ان خیالات کا اظہار دارِ بنی ہاشم میں مجلس محبانِ آل واصحاب رسول علیہم الرضوان کے زیر اہتمام منعقدہ تینتالیسویں سالانہ مجلس ذکر حسین رضی اﷲ عنہ میں مقررین نے کیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری نے کہا کہ سیدنا عمر ، سیدنا عثمان، سیدنا علی اور سیدنا حسین رضی اﷲ عنہم کی شہادتوں کے پس منظر میں یہودانِ خیبر اور مجوسانِ عجم کی شکستوں کا انتقام ہے۔ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم، آپ کے خاندان، خلفاء راشدین اور صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم کو اِنہی دشمنوں نے اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی عالمی استعمار اور طاغوت امتِ مسلمہ کے خلاف پوری دنیا میں دہشت گردی کر رہاہے جو یہودانِ خیبر کے انتقام کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح چود ہ سو سال پہلے یہود ونصاریٰ کو مسلمانوں کا اتحاد قبول نہیں تھا، اسی طرح آج بھی امتِ مسلمہ کا اتحاد انہیں قبول نہیں۔ شام، عراق اور افغانستان میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اس کا بیّن ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کڑیاں عالمی طاغوت کی سازشوں سے جاملتی ہیں۔ پاکستان کی حفاظت سلامتی اور قیامِ امن کے لیے اسوۂ حسینی اور اسوۂ آل واصحاب رسول علیہم الرضوان بہترین نمونہ ہے۔ مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی نے کہا کہ قرآن وسنت اور اجماعِ امت اہل سنت کے عقائد کی بنیادیں ہیں۔ تاریخ، لوگوں کی کہی اور لکھی ہوئی باتوں کا مجموعہ ہے۔ تاریخ میں صحیح وغلط سب کچھ ہے لیکن قرآن وسنت میں سب باتیں سچ اور حق ہیں۔ تاریخ کو عقائد کی بنیاد بنا نا سراسر گمراہی ہے۔ جو باتیں قرآن وسنت کے مطابق ہیں، صرف انہیں تسلیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام نے اسوہ رسولِ اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہو کر امن قائم کیا اور دنیا کو امن کا پیغام دیا۔ مولانا سید عطاء المنان بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اﷲ کی توحید، ختم نبوت و رسالت اور اُسوۂ صحابہ ہمارے ایمان کی بنیادیں ہیں۔ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم، آپ کی آل واہلِ بیت اور جماعت صحابہ کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ جن سے حضورﷺنے محبت کی۔ اُن سے محبت پوری امت پر فرض ہے اور جن سے آپﷺ نے نفرت کی۔ اُن سے بغض ونفرت بھی حضور ﷺ کی محبت کا تقاضا ہے۔ محبت رسولﷺ کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ قائد احرار مولانا سید عطاء المہیمن بخاری کی دعاء کے ساتھ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
قادیان میں احرارکے فاتحانہ داخلہ نے منفردتاریخ رقم کی :یومِ فتحِ قادیان
(لاہور،21؍اکتوبر) گزشتہ روز مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یومِ فتحِ قادیان ‘‘جوش وخرو ش کے ساتھ منایا گیا ۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ،جنرل سیکرٹری عبداللطیف خالد چیمہ ، سید محمد کفیل بخاری، مولانامحمد مغیرہ ،حافظ محمد اسماعیل ، مفتی عطاء الرحمان قریشی ،مولانا منظور احمد ، سید عطاء المنان بخاری اور دیگررہنماؤں نے اجتماعاتِ جمعتہ المبارک اور اپنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانوی سامراج کے لگائے ہوئے پودے کی بیخ کنی کے لیے اکابر احرار اور قافلۂ ختم نبوت نے بڑی طویل اور صبر آزمامحنت کے بعد 21تا 23اکتوبر 1934کو قادیان میں پہلی بارتین روزہ تاریخی احرار تبلیغ کانفرنس منعقد کر کے قادیان میں ہی قایانیوں کے غرور وتکبر اور تسلط کو چکنا چور کرکے رکھ دیا ۔سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاقادیانیوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچاناملکی سلامتی کے لیے از حد ضروری ہے ۔سید محمد کفیل بخاری نے فیصل آباد میں یوم فتح قادیان کے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی تاریخ میں معرکہ قادیان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈلاہور میں یوم فتح قادیان کے موقع پر نماز جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیان میں استعماری قوتوں کے مہروں کو جس شکست سے قافلہ احرار نے دو چار کیا اسی قافلے کی اگلی نسل نے 27فروری 1976کو ربوہ میں سب سے پہلے فاتحانہ طور پرداخل ہو کر جنابِ نبی کریم ﷺ کی ختم نبوت کا پھریرالہرایا۔آج ربوہ چناب نگر بن چکا ہے جبکہ حکمران، سیاست دان اور سیکولر لابیاں قادیانی فتنے کو پرو موٹ کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے قادیانیوں کی اسلام اور وطن کے خلاف جاری کارروائیوں کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور بد امنی ،اسلا م اور وطن دشمن طاقتیں پھیلا رہی ہیں ۔ان کا سد باب اور تدارک از حد ضروری ہے ۔علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ اور مفتی صبیح الحسن ہمدانی نے دارالمبلغین مرکزی دفتراحرارنیو مسلم ٹاؤن لاہورمیں جاری تربیت المبلغین کورس کی نشستوں میں لیکچرزبھی دیے۔
فتنۂ انکارِ نبوت نے اسلام کو شدید نقصان پہنچایا:ڈاکٹرالیاس فیصل
میڈیاکے محاذ پر بھی تحفظ ختم نبوت کے کا م کو تیز کیاجائے:منصوراصغر
(لاہور،22؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے شعبہ تبلیغ کے زیر اہتمام مرکزی دفتر احرارنیو مسلم ٹاؤن لاہور کے دارالمبلیغین میں جاری دورہ تربیت المبلیغین کے شرکاء کوممتاز اسلامک سکالر ڈاکٹر محمدالیاس فیصل(مدینہ منورہ) اور سنیئر صحافی منصور اصغر راجہ(روزنامہ امت)نے لیکچرز دیئے ،ڈاکٹر محمد الیاس فیصل نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اسلام کامل دین ہے اورمکمل ضابطہ حیات ہے۔ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس اور بنیاد ہے۔ منکرین ختم نبوت جیسے فتنوں سے آگاہی ہماری ذمہ داری ہے ،ختم نبوت سے انکار پر مبنی فتنوں نے ملت اسلامیہ کو بہت نقصان پہنچایا ہے ،منصوراصغر راجہ نے کہا کہ آج کا بڑا ہتھیار میڈیا ہے ۔پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا نے دنیا کو سمیٹ کے رکھ دیا ہے ،نظریاتی کام کرنے والے اداروں اور ختم نبوت کی جماعتوں کو میڈیا کے حوالے سے آگے بڑھنا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ یہ ایسے ہی ہے کہ جیسے جناب نبی کریم ﷺ عکاظ کے میلے میں تشریف لے جاتے تھے اور ان لوگوں تک پیغامِ حق پہنچاتے تھے جو مسجد نبوی ؐ میں نہیں آتے تھے ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام پاکستان تحسین کی مستحق ہے کہ اس نے قدیم وجدید کے امتزاج کے ساتھ تربیتی کورس کا انتظام کیا اوراب احرارکے زیراہتمام نسلِ نو کے ایمان وعقیدے کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،قبل ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کورس کے شرکاء کو تدریس کرائی اور ختم نبوت کے مختلف حوالوں سے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔
قادیانیوں کی آسیہ مسیح کی حمایت قابلِ توجہ ہے: احراررہنما
(لاہور،22؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ توہین رسالت کی ملزمہ ملعوآنہ آسیہ کی حمایت میں بات کرنے والے قادیانی ہو ں ،یا سیکولر، سب کے سب اسلام اور وطن کے دشمن ہیں ۔قادیانیوں کی طرف سے ملعوآنہ آسیہ کی حمایت پر انہوں نے کہا کہ یہ امرقابل توجہ ہے کہ کون کون سی قوتیں اور کون کون سی لابیاں قانونِ توہین رسالت کو ختم کرانے میں پیش پیش ہیں اور کون سے عناصر ان کی حمایت کررہے ہیں۔
’’دورۂ تربیت المبلیغین ختم نبوت‘‘کا اختتام ،انعامات اوراسناد تقسیم
مولانا فضل الرحیم،مولاناسعید،متین خالد،کفیل بخاری،عبداللطیف کا خطاب
(لاہور،25؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی شعبہ تبلیغ تحظ ختم نبوت کے زیراہتمام ایک ماہ کے ’’دورۂ تربیت المبلیغین ختم نبوت‘‘ کی اختتامی تقریب پیرطریقت مولانا محمدحافظ سعید مدظلہ کی زیر صدارت مرکزی دفتر احرار لاہور میں منعقد ہوئی۔ جس سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے صدر مہتمم شیخ الحدیث مولانافضل الرحیم،مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری، مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،مجاہدختم نبوت محمد متین خالد،مولانا تنویرالحسن،قاری محمد آصف،حافظ محمد طیب رشیدی اور تربیتی دورہ مکمل کرنے والے طلباء کرام نے خطاب کیا۔ جبکہ تیرہ فضلاء ِکورس کو فراغت کی اسناداور کتب وانعامات سے بھی نوازا گیا۔ مولانا فضل الرحیم نے شرکاءِ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے محاذپر جو اِنسان بھی خدمات سرانجام دیتا ہے اﷲ تبارک تعالیٰ اسے کبھی رسوا نہیں فرماتے ،انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کاکام جنت میں جانے کا شارٹ کٹ راستہ ہے اورحضرت امیر شریعت مولانا سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ کے اِس قافلۂ احرارکو جن بزرگوں،دوستو ں اور عزیزوں نے سنبھالا ہوا ہے، وہ امت کی طرف سے فرضِ کفایہ اداکررہے ہیں ،مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی کورس کے ذریعے داعیانِ اِلی اﷲ کا جومختصرسا قافلہ تیار ہو اہے۔ ان شاء اﷲ یہ روزِقیامت ہم سب کی شفاعت کاسبب بنے گا ،انہوں نے کہا کہ قادیانیوں سمیت تمام غیر مسلموں تک پیغامِ حق پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم تسلسل کے ساتھ اس کام کو جاری رکھیں گے ،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ مجلس احراراسلام 1929ء میں قائم ہوئی، 1934ء میں احرارکے شعبۂ تبلیغ کے زیر اہتمام قادیان میں ہونے والی پہلی تاریخی ’’احرارتبلیغ کانفرنس‘‘ نے پوری دنیا پرقادیانیوں کے کفرکو بے نقاب کرکے رکھ دیا۔ حریتِ فکر کے اِس قافلے نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے تسلسل کو ہی قائم رکھا ہواہے ،انہوں نے کہا کہ تبلیغی،دعوتی اور مزاحمتی کردارمجلس احرارکے ماتھے کا جھومر ہے ،جناب محمدمتین خالد نے کہا کہ قادیانیوں سمیت غیر مسلموں کو دعوت دینے کا اسلوب اور طریقہ اوراُ س کے تقاضے تبدیل ہوچکے ہیں۔ ہمیں دعوت کے لئے نرمی اور حسن سلوک کا راستہ اختیار کرنا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام کے پروگراموں میں ایک بے تکلفی اور اپنائیت سی ہوتی ہے جو مجھے یہاں کھینچ لاتی ہے ،انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت کی ریشہ دوانیوں سے بچانے کے لئے جو جماعتیں کام کررہی ہیں ۔اُن کو کسی قسم کی فرقہ واریت اور مسلکی کشمکش کا حصہ نہیں بننا چاہئے اور صرف اورصرف اتحادِ اُمت کا درس دینا چاہئے ،تربیت پانے علماء کرام میں مولانا عتیق الرحمن ، مولاناعبدالرشید بخاری، مولانا عبد الرشید غازی، عبدالمنان معاویہ، مولانامحمد نعمان حیدری،مولانا محمد سرفراز، مولانا زید تہامی نے بھی تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اوراِن جذبات کا اظہار کیا کہ ہم سنت ِنبویﷺ کے مطابق دعوتی انداز کولے کر آگے چلیں گے ،تقریب کے اختتام پر مولانا حافظ محمد سعید مدظلہ‘،سید محمد کفیل بخاری ،محمد متین خالد اور عبداللطیف خالد چیمہ نے کورس کے تیرہ شرکاء مولاناحافظ عبدالقیوم ،مولانا زید تہامی،مولانا عبد الرشید غازی، مولانا عبدالرشیدبخاری،عبدالمنان معاویہ،مولانا محمد نعمان حیدری، مولانا محمد عمیر سجاد،مولانامحمد اسامہ،مولانا محمد طیب مولانا محمد بلال ،مولانا راناگل شیر اور مولانا محمد سرفراز کو اَسناد دیں اور کتب و اِنعامات سے نوازا،تقریب کی ایک قرارداد میں سانحہ کوئٹہ پرشدید افسوس کااظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ کسی بے گناہ انسان کو مارنے کی اسلام اور قانون میں ہر گز اجازت نہیں ،دہشت گردی پھیلانے والے اسلام اور انسانیت سے عاری ہیں ،ایک اور قرارداد میں کے پی کے کے تعلیمی اداروں کے نصاب میں عقیدہ ختم نبوت بابت موادشامل کرنے کے فیصلے کو ملک کی نظریاتی اساس کا مظہر قراردیا گیا اور کہا گیاہے کہ وفاق اور دیگر صوبوں بھی عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں مواد نصاب میں شامل کریں ۔
سانحۂ کوئٹہ کے مرتکبین کو عبرت کا نشان بنایا جائے:مجلس احراراسلام
(لاہور،26؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے سانحہ کوئٹہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ کرنے والے مسلمان تو کجا انسان کہلوانے کے بھی حقدار نہیں ،انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور اندرونی بیرونی دشمنوں کو پسپا کرے اور بے نقاب کرے۔
دہشت گرد اسلام اور وطن کے دشمن ہیں:میاں محمداویس
ؒٓ(لاہور،26؍اکتوبر )مجلس احرار اسلا م پاکستان کے سیکرٹر ی اطلاعات میاں محمد اویس ،قاری محمدقاسم اورڈاکٹر ضیا ء الحق قمر نے کہا ہے کہ کوئٹہ پویس ٹریننگ سینٹر پر حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حملے کے شکار ہونے والے نوجوانوں کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ احراررہنماؤں نے شہد اکے درجات کی بلند ی او ر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد اسلام اور وطن کے دشمن ہیں ۔
یومِ شہداءِ ختم نبوت ساہیوال ،شہداکی یادگاربنانے کا مطالبہ
(چیچہ وطنی،26؍اکتوبر)26؍ اکتوبر 1984 ء کو ساہیوال میں قادیانیوں کے ہاتھوں شہید ہو نے والے مجلس احرارا سلام ساہیوال کے امیر اور جامعہ رشیدیہ کے مدرس قاری بشیر احمد حبیب اور طالب علم رہنما اظہر رفیق کی یاد میں 26 ؍ اکتوبر بروز بدھ ضلع ساہیوال میں ’’یوم شہداء ختم نبوت ‘‘منایاگیا۔ ساہیوال اور چیچہ وطنی میں شہداء ختم نبوت کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔مجلس احرارا سلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،جمعیت اہلسنت والجماعت (حنفی)کے امیر قاری منظور احمد طاہر ،جامعہ رشیدیہ کے مہتمم مولانا کلیم اﷲ رشیدی ،شہید ختم نبوت قاری بشیر احمد حبیب کے فرزند قاری سعید ابن شہید ،قاری بشیر احمد رحیمی ، مولانا عبدالباسط،قاری عتیق الرحمن رحیمی اور دیگر رہنماؤں نے یوم شہداء ختم نبوت ساہیوال کے حوالے سے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ قاری بشیر احمد حبیب اور اظہر رفیق نے جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے منصب ِ رسالت و ختم نبوت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے تھے ،ان شہداءِ ختم نبوت کے اپنے خون سے اسلام اور کفرو اِرتداد کے درمیان ایک دیوار کھینچ دی تھی اور یہ ثابت کردیا تھاکہ قادیانی اسلامی ،شعائر اور اصطلاحات استعمال کرکے دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتے،یاد رہے کہ ملٹری کوٹ ملتان نے طویل سماعت کے بعد قادیانیوں کو سزائیں سنائی تھیں،اس تاریخی مقدمے کے مدعی عبداللطیف خالد چیمہ نے مزید کہا کہ ہم قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں،اسی لیے قانون اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور قادیانی اپنے انجام تک پہنچے تھے ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ 26 ؍ اکتوبر 1984کو مشن چوک ساہیوال کے قریب قادیانی عبادت گاہ کو ضابطہ فوج داری کی دفعہ 145 کے تحت متنازعہ قرار دے کر سیل کر دیاگیا تھا، جس کا مقدمہ اب بھی ساہیوال میں زیر سماعت ہے، جامعہ رشیدیہ اور عبداللطیف خالد چیمہ اس کی پیروی کر رہے ہیں، تمام مکاتب فکر نے یوم شہداء ختم نبوت کے موقع پر مطالبہ کیاہے کہ مشن چوک کے قریب شہداء ختم نبوت چوک پر قاری بشیر احمد حبیب اور اظہر رفیق کی یاد گار قائم کی جائے ،ان رہنماؤں نے مطالبہ کیاکہ قادیانیوں کو اپنی متعینہ آئینی حیثیت کے دائرے میں رہنے کے لیے پابند کیا جائے اور شعائر اسلام کے استعمال سے روکا جائے ۔
ختم نبوت کانفرنس چناب نگر میں احراررہنماؤں کی شرکت اورخطاب
(چناب نگر،28؍اکتوبر)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام دوروزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس چناب نگر میں مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسیدمحمدکفیل بخاری نے بعدنمازعشاء خطاب کیا ۔جبکہ اگلے روزعالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کے مرکزی نائب امیرحضرت مولانا خواجہ عزیزاحمدمدظلہ اورناظم اعلیٰ مولانا عزیزالرحمن جالندھری مدظلہ مرکزِ احرارجامع مسجداحرارچناب نگرمیں تشریف لائے اورقائداحرارحضرت پیرجی سیدعطاء المہیمن بخاری دامت برکاتہم سے ملاقات کی ۔حضرت قائداحرارنے ختم نبوت کانفرنس کی آخری نشست میں شرکت فرمائی اوراپنی دعاؤں سے نوازا۔
شریعت کیخلاف قانون سازی انارکی کا باعث ہو گی:ناظم اعلیٰ
(لاہور،29؍اکتوبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ قراردادمقاصد اور آئین میں اسلامائزیشن کے لئے دیئے گئے تحفظ کے باوجود شریعت کے خلاف قانون سازی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی شعوری کوشش ہے اور جب تک یہ رویہ باقی ہے ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،مرکزی دفتر سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں سیاسی برتری حاصل کرنے والی قوتیں عوام اور ملک سے ہرگز مخلص نہیں اور نہ ہی ان کا اپنا کوئی ایجنڈا ہے ۔وہ قوتیں استعماری ایجنڈے کے لئے کام کررہی ہیں جب تک اپنے ملک میں اپنا اور عوام کا ایجنڈا نہیں ہوگا ،تب تک سیاسی افراتفری میں کوئی کمی واقع نہیں ہوسکتی ،انہوں نے کہا کہ کسی کا تعلق دائیں بازو سے ہو یا بائیں بازو سے ،عوام کو سکھ کا سانس تو صرف آسمانی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے ،انہوں نے کہاکہ جن حکمرانوں نے شریعت کے خلاف اپنے فیصلے کئے ہیں۔ وہ دیریابدیر اپنے انجام پر پہنچ کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات پر ہے کہ قادیانی دہشت گردی اور ربوہ کی قادیانی عدالتوں پر نہ روٹین کا قانون حرکت میں آرہا ہے اور نہ نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے اس صورت حال کا کوئی حل نکالا گیا ہے۔
٭……٭……٭

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.