تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

تبصرہ کتب

lنام کتاب:علوم الحدیث، اصول و مبادی رشحاتِ قلم: شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمتہ اﷲ علیہ ترتیب و تعلیقات:محمد عمار خان ناصر ناشر: دارالکتاب، یوسف مارکیٹ، غزنی سٹریٹ اردو بازار لاہور
اشاعت اوّل:محرم ۱۴۳۸ھ / اکتوبر ۲۰۱۶ء قیمت:۴۵۰ )مبصر:مفتی نجم الحق(

ملنے کا پتہ: مکتبہ امام اہل سنت، جامع مسجد شیر انوالہ باغ گوجرانوالہ 0306-6426001/0306-6406040
شیخ الحدیث امام اہل سنت حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمتہ اﷲ علیہ ہمارے ان علماء میں سے ہیں جن کو اﷲ سبحانہٗ و تعالیٰ نے تصنیف و تالیف میں تحقیق و احقاقِ حق کا خصوصی ذوق عطاء فرمایا تھا۔ آپ نے جس موضوع پر قلم اٹھایا اس کا ہر جہت سے احاطہ کیا۔ حضرت کا مزاج یہ تھا کہ زیر بحث مسئلہ کی تحقیق میں دسیوں حوالہ جات قلم بند فرماتے تھے۔ اس طرح حضرت کی تصنیف جہاں ایک فروعی مسئلہ کی تحقیق پیش کرتی ہے وہاں دینی علوم کے اصول اور مستقل افادیت رکھنے والے مباحث کا گراں قدر ذخیر ہ ہوتی ہے۔ قاری جہاں ایک فروعی مسئلہ سے متعلق دلائل سے سیراب ہوتا ہے وہاں دین اسلام کے اہم ماخذ و اصول کے بیش بہا ذخیرہ سے بھی فیض یاب ہوتا ہے۔
حضرت رحمتہ اﷲ علیہ کے پوتے جناب محمد عمار خان ناصر اپنے جدِ مکرم کی کتب سے ان اصولی مباحث کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قاری کے سامنے یہ بنیادی مباحث مثبت انداز میں آجائیں اور وہ اختلافی تناظر سے ہٹ کر دین کے اصول و ماخذ میں حضرت کے حاصل مطالعہ سے مستفید ہو سکے۔ اس کوشش کا پہلا ثمر زیر تبصرہ کتا ب ہے۔ اس کتاب میں علوم الحدیث سے متعلق درج ذیل مباحث کو جمع کیا گیا ہے۔
۱:علوم الحدیث ،مختصر تعارف ۲:روایۃ حدیث اور ان کی توثیق ۳:سند کے اتصال و انقطاع کی تحقیق
۴:تنقید متن کے چند اہم پہلو ۵:ماخذ حدیث اور ان کا استنادی معیار ۶:متفرق مباحث
ٓ اﷲ سبحانہ و تعالیٰ، حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمتہ اﷲ علیہ کی دیگر کتب کی طرح اس گلدستہ کو بھی شرفِ قبولیت عطاء فرمائے اور مسلمانوں کے لیے نافع بنائے ۔ آمین
lماہنامہ: المدینہ خصوصی شمارہ ‘‘عشرہ مبشرہ نمبر’’ سرپرست اعلیٰ:حاجی مسعود پاریکھ
نومبر۔دسمبر ۲۰۱۶ء مطابق صفر؍ ربیع الاوّل ۱۴۳۸ھ قیمت:۴۰۰ )مبصر: مفتی نجم الحق(
ملنے کاپتہ:ماہنامہ المدینہ، صائمہ ٹاورز، روم نمبر A.205،سیکنڈ فلور، آئی آئی چندری گر روڈ کراچی۔0300-2204255
ماہنامہ ‘‘المدینہ’’ حاجی مسعود پاریکھ کی سرپرستی اور قاری حامد محمود کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ ‘‘المدینہ’’ وقتاً فوقتاً مذہب و سماج سے متعلق مہتم بالشان پہلوؤں پر خصوصی نمبر شائع کرتا ہے جس سے قاری کو اہم مسائل سے متعلق معلومات یکجا پڑھنے کو مل جاتی ہیں۔زیر تبصرہ خصوصی شمارہ ‘‘عشرہ مبشرہ نمبر’’ پیش کررہا ہے۔ اس میں جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے ان دس خوش نصیب صحابہ کرام رضوان اﷲ تعالیٰ علیہم اجمعین کا تعارف و خدمات کا تفصیلی ذکر ہے جن کو ایک ہی مجلس میں جنت کی بشارت سے نوازا گیا تھا۔
اس خاص نمبر میں ڈاکٹر محمد عاصم اعظمی، قاضی ابوالفضل حبیب الرحمن، ڈاکٹر حافظ محمد ثانی، ڈاکٹر سید عزیز الرحمن، ڈاکٹر شجاع الدین فاروقی، مولانا فیضان المصطفیٰ، مولانا منظرالاسلام ازہری، مولانا نفیس احمد مصباحی، مولانا محمد حنیف خان اور مولانا قطب الدین مصباحی کے رشحات قلم شامل ہیں۔ شروع میں ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری نے ‘‘شانِ عشرہ مبشرہ کے اوصاف و فضائل’’ کی تلخیص پیش کی ہے۔ عشرہ مبشرہ رضی اﷲ عنہم کی پاکیزہ سیرتوں اور عظیم الشان کارناموں سے باخبر ہونا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ المدینہ نے اس خاص نمبر کے ذریعے آسان، سادہ اور عام فہم تحریروں کے ذریعے عام مسلمانوں کو نفع اٹھانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ اﷲ تعالیٰ اس مبارک کاوش کو قبول فرمائے اور مسلمانوں کے لیے نافع بنائے۔ )آمین(
lنام کتاب: تبصرے مصنف: ڈاکٹر حافظ قاری فیوض الرحمن )مبصر:ابن سیف سنجرانی(
قیمت: درج نہیں ناشر :مسجد الفرقان ،ملیر کینٹ بازار ،کراچی
بریگیڈیر )ر( ڈاکٹر حافظ قاری فیوض الرحمن مشہور و معروف شخصیت ہیں۔ اﷲ تبارک و تعالیٰ نے ان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ علم و ادب کی دنیا میں کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ تصنیف و تالیف کے میدان میں ممتاز حیثیت رکھتے ہیں۔
فاضل مصنف کی زیر تبصرہ کتاب ‘‘تبصرے’’ چار ابواب پر مشتمل ہے۔ باب اوّل میں اپنی کتب پر اہل علم و فضل کے تحریر کردہ مقدمات، پیش لفظ، تقاریظ اور مختلف اخبارات و رسائل میں شائع ہونے والے تبصروں کو درج کیا ہے۔
باب دوم: مصنف کے تحریر کردہ مقدمات، پیش لفظ، تقاریظ اور اخبارات و رسائل میں شائع ہونے والے تبصروں پر مشتمل ہے۔باب سوم میں ڈاکٹر صاحب نے اپنی تصانیف پر لکھے ہوئے پیش لفظ اور چند مقدمات کو جمع کیا ہے جب کہ باب چہارم میں ماہنامہ ‘‘انوارالقرآن’’ کراچی کے مدیر اعلیٰ کی حیثیت سے لکھے جانے والے چند اداریوں اور وفیات وغیرہ کو جمع کیا ہے۔
اہل علم اور کتاب دوست حضرات کے لیے بیش قیمت تحفہ ہے۔ اﷲ تبارک و تعالیٰ اس کتاب کو قبولیت سے نوازیں۔ )آمین(
lنام کتاب:اسوۂ رہبرِ عالم ﷺ مصنف: شیخ الحدیث مولانا زاہد الراشدی )مبصر: ابنِ سیف سنجرانی(
مرتب: ناصر الدین خان عامر ناشر: الشریعہ اکادمی ملنے کا پتہ: مکتبہ امام اہل سنت، جامع مسجد شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ )0306-6426001( __ مکتبہ حنفیہ، مسجد امن، جی ٹی روڈ، باغبان پورہ لاہور )0300-9496702(
ممتاز عالم دین کالم نگار و تجزیہ نگار مولانا زاہد الراشدی کے ‘‘سیرتِ طیبہ اور اُسوۂ حسنہ ’’کے موضوع پر دیے گئے سیکڑوں علمی اور تاریخی خطبات ہیں جو کہ مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہوئے ۔ ناصر الدین خان نے چند مطبوعہ مضامین کا انتخاب کتابی صورت میں مرتب کیا ہے۔ سرورِ کونین خاتم النبیین سیدنا محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیاتِ طیّبہ کے مختلف پہلوؤں کومنفرد اور اچھوتے انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ مولانا زاہد الراشدی کے خطبات و مقالات بڑے جاندار، مؤثر اور ادبی ہیں۔ عوام و خواص، طلبہ و اساتذہ کے استفادے کے لیے خاص تحفہ اور سیرتِ طیبہ کی سیکٹروں کتابوں کے مطالعے کا حاصل ہیں۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرتب کی اس کاوش کو قبول فرمائیں۔ )آمین(

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.