٭ مولانا محمد طفیل رشیدی رحمتہ اﷲ علیہ: قصور کے جید عالمِ دین مولانا محمد طفیل رشیدی ۸؍جولائی ۲۰۱۶ء جمعۃ المبارک کو انتقال کرگئے۔ مرحوم خانوادہ امیر شریعت سے محبت و اخلاص والا تعلق رکھتے تھے۔۱۹۵۰ء کے عشرے میں جامعہ قاسم العلوم ملتان میں زیر تعلیم رہے، حضرت امیر شریعت رحمتہ اﷲ علیہ کا گھر قریب ہونے کی وجہ سے ان کی مسلسل زیارت نصیب ہوئی۔ خصوصاً جس مسجد میں وہ نماز پڑھتے ’’مسجد عائشہ‘‘ مولانا محمد طفیل رحمتہ اﷲ علیہ اس مسجد میں بھی رہے اور زندگی کا ایک طویل عرصہ ملتان میں گزارا۔ آپ کو تحریر و تقریر دونوں پر عبور حاصل تھا۔ لگی لپٹی بغیر دو ٹوک بات کرنے والے کھرے انسان تھے۔ متعدد اصلاحی مضامین لکھے جو چھوٹے رسائل کی صورت میں شائع ہوتے رہے۔ ۱۹۵۳ء کی تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت پر منیرانکوائری کمیشن نے جو رپورٹ شائع کی اس کے بعض حصے اپنے تبصروں کے ساتھ شائع کیے۔مولانا مرحوم فکری و عملی طور پر احرار ی تھے۔ اور عمر بھر مجلس احرار اسلام سے وابستہ رہے۔ آپ کے فرزند مفتی محمد سفیان‘ ماشاء اﷲ عالم باعمل ہیں۔ وہ مورو ثی طور مجلس احرار اسلام سے وابستہ اورجامعہ اشرفیہ لاہور کے دارالافتاء سے منسلک ہیں۔
مجلس احرار اسلام کے امیرمولانا سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہٗ، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، سیکرٹری نشرواشاعت میاں محمد اویس اور دیگر رہنماؤں نے مفتی محمد سفیان سے اظہارِتعزیت کیا ہے۔ اﷲ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔ پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔(آمین)
٭ حضرت مفتی محمد حسن کی والدہ ماجدہ رحمہا اﷲ: عالمی مجلس تحفظِ ختم نبوت لاہور کے امیر اور شبانِ ختم نبوت پاکستان کے سرپرست حضرت مفتی محمد حسن مدظلہٗ کی والدہ ماجدہ۲۲؍جولائی ۲۰۱۶ء کو رحلت فرماگئیں۔
قائد احرار مولانا سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ اور دیگر احرار رہنماؤں نے حضرت مفتی محمد حسن اور مولانا قاضی ارشد الحسینی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا ء مغفرت کی ہے اور مدرسہ معمورہ میں ایصال ثوا ب کا اہتمام کیا ہے
٭حضرت قاضی محمد ارشد الحسینی مدظلہٗ کی والدہ ماجدہ رحمہا اﷲ: معروف روحانی شخصیت حضرت مولانا قاضی محمد ارشد الحسینی دامت برکاتہم (مدنی مسجد اٹک) کی والدہ ماجدہ دو ماہ قبل انتقال فرماگئیں۔
٭مفتی احتشام الحق آسیا آبادی کی شہادت: آسیا آباد، تربت بلوچستان کے معروف اور بہادر عالم دین، مفتی احتشام الحق آسیاآبادی اور ان کے بیٹے کو ۲۴؍جولائی ۲۰۱۶ء کی شام نامعلوم سفاک موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ انا ﷲ وانا الیہ راجعون۔مرحوم انتہائی متحرک اور جرأت مند عالم دین تھے۔ انھوں نے اپنے علاقے میں دعوت و تعلیم دین کے لیے عظیم الشان محنت کی اور اسلام کے خلاف اٹھنے والے فتنون کا جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ ذکری فتنہ کے خلاف ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ قادیانیت کے خلاف محاذ پر تمام عمر استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔ سیاسی طور پر جمعیت علماء اسلام سے وابستہ تھے اور بہت متحرک تھے۔ سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنے اصل مشن اور مقصد تحفظ ختم نبوت کے لیے ہر وقت بیدار ،بے قرار اور مضطرب رہتے۔ بلوچستان میں فتنۂ قادیانیت کے تعاقب میں وہ مولانا شمس الدین شہید رحمتہ اﷲ علیہ کے بعد سب سے نمایاں شخصیت تھے۔ مجلس احرار اسلام کے امیر مولانا سید عطاء المہیمن بخاری، سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے مولانا کی شہادت کو دینی حلقوں کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔انھوں نے قیام امن کا راگ الاپنے والے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مفتی احتشام الحق شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرارِ داقعی سزا دی جائے اور انھیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔ اﷲ تعالیٰ مفتی صاحب شہید اور ان کے شہید فرزند، دونوں کے درجات بلند فرمائے (آمین)۔
٭ اسلام آباد میں برادرم مسعود اشفاق کے چچا زاد محمد ضیاء 17 ۔ جولائی اتوار کو چیچہ وطنی میں انتقال کرگئے۔
٭ چیچہ وطنی کے چک نمبر 11-6 ایل میں محمد نعمان بھنڈر 17 ۔جولائی اتوار کو ایک روڈ حادثے میں انتقال کرگئے۔
٭ چیچہ وطنی کے چک نمبر 11-6 ایل میں محمد عاطف نت اور محمد ارشد نت یکم جولائی کو انتقال کر گئے۔
٭ اوکاڑہ میں مشہور خوش نویس اور ماہر طباعت شاہد جاوید 14 ۔ جولائی جمعرات کو انتقال کرگئے ،جامعہ رشیدیہ ساہیوال کے مہتمم مولانا کلیم اﷲ رشیدی کے برادر ِنسبتی تھے ،دینی اداروں کاکام نہایت دلچسپی سے اِنتہا ئی معیار کے ساتھ کرواتے ،حاجی عبداللطیف خالد چیمہ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات تھے ،نماز جنازہ میں شیخ مظہر علی ناظم جماعت نے ہماری نمائندگی کی، بعدازاں سید محمد کفیل بخاری اورعبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ رشیدیہ ساہیوال میں مرحوم کے متوسلین سے اظہار تعزیت کیا۔
٭ ساہیوال میں ہمارے مہربان قاری بشیر احمد رحیمی کے بہنوئی اور مولانا محمد ندیم( خطیب مسجد نور ھائی سٹریٹ) کے والد گرامی جناب بشیر احمد‘انتقال 8 ؍جولائی جمعتہ المبارک۔
٭ چیچہ وطنی میں ہمارے قدیم معاون محمد خالد شریف‘ انتقال23 ؍جولائی ہفتہ ۔
٭ چیچہ وطنی جماعت کے سابق صدر محمد افضل خان کے پوتے اور محمد فیاض خان (چک نمبر 11-15 ایل )کے بیٹے گزشتہ دنوں انتقال کرگئے۔
٭ چیچہ وطنی کے چک نمبر 12-42 ایل کے مقیم حافظ محمد یوسف ہزاروی‘انتقال 4 ؍رمضان المبارک 10 ؍ جون جمعتہ المبارک۔
اﷲ تعالیٰ ‘ تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے ، قارئین تمام مرحومین کے لیے دعاء مغفرت اور ایصالِ ثواب کا اہتمام فرمائیں۔
دعاءِ صحت
٭ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما ابن امیر شریعت حضرت مولاناسید عطاء المومن بخاری دامت برکاتہم گزشتہ کئی سال سے صاحب فراش ہیں۔
٭ مدیر نقیب ختم نبوت سید محمد کفیل بخاری کی پھوپھی صاحبہ اور سید محمد اویس بخاری کی والدہ شدید علیل ہیں۔
٭خواجہ ٔ خواجگان حضرت مولانا خان محمد رحمتہ اﷲ علیہ کے فرزند گرامی جناب خواجہ رشیداحمد صاحب گزشتہ کئی ماہ سے کومے کی حالت میں ہیں ۔
٭ مدرسہ معمورہ کا سابق طالب علم محمد اویس سنجرانی گزشتہ چند ماہ سے شدید علیل ہے
احباب و قارئین سے دعائے صحت کی درخواست ہے۔ اﷲ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطاء فرمائے۔ آمین