عبد اللطیف خالد چیمہ
مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا سالانہ اجلاس قائد احرار حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ العالی کی اجازت سے 19 جنوری 2020 اتوار کو دار بنی ہاشم ملتان میں حضرت الامیر کی علالت کے باعث مرکزی نائب امیر جناب سید محمد کفیل بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر سے بیالیس اراکین مجلس شوری کے علاوہ مبلغین، مندوبین اور مبصرین نے شرکت کی۔ راقم الحروف نے سابقہ کارروائی کی توثیق کے بعد ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ جس میں مختلف تنظیمی وجماعتی امور کو حسب دستور نمٹایا گیا اور سابقہ فیصلوں پر عمل در آمد کی رفتار کا تنقیدی جائزہ بھی لیا گیا۔
29 دسمبر 2019 کو ملک بھر میں یوم تاسیس احرار کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات کو پہلے سے زیادہ حوصلہ افزا قرار دیا گیا اور طے پایا کہ 2029ء میں صد سالہ یوم تاسیس احرار کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مرکزی اجتماع لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلا س میں نفاذ اسلام اور عقیدۂ ختم نبوت کی پر امن جد وجہد کو معروضی صورتحال کو ملحوظ رکھ کر آگے بڑھانے کے لیے بھی طویل غوروخوض کیا گیا اور طے پایا کہ جماعت نیکی کے ہر کام میں حکمرانوں سے تعاون اور برائی کے ہر کام میں مخالفت کے قرآنی اصول پر قائم ہے اور ان شاء اﷲ تعالیٰ اسی اصول کو ہمیشہ قائم رکھے گی۔ یہ بھی طے پایا کہ حلیف دینی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اشتراک عمل جاری رہے گا اور وقت کے ساتھ ساتھ پالیسی طے ہوا کرے گی۔
تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورت حال، قادیانی ریشہ دوانیاں، ملکی وغیر ملکی این جی اوز کا کردار، یکسا ں نصاب تعلیم کے نام پر دینی مدارس کے خلاف خطرنا ک کارروائی جیسے موضوعات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں رابطہ مدارس الاحرار کے تحت مختلف شہروں میں قائم دینی اداروں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے الحاق کے لیے ضروری امور طے کیے گئے۔ اجلاس میں شعبہ نشرواشاعت کو مزید منظم کرنے ماہنامہ نقیب ختم نبوت کی اشاعت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور طے پایا کہ ہر سال ماہنامہ نقیب ختم نبوت کسی شخصیت یا کسی اہم موضوع پر اشاعت خصوصی کا اہتمام کرے گا۔ اسی طرح شعبہ تصنیف وتالیف کو مربوط و منظم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک ختم نبوت 1953 کے دس ہزار شہداء کی یاد میں آئندہ مارچ 2020 میں ملک بھر میں شہداء ختم نبوت کانفرنسوں کا اہتمام کیا جائے گا اور 6 مارچ جمعۃ المبارک کو یوم شہداء ختم نبوت منایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کے ذمہ داران کا تربیتی کنونشن 8,7,6 مارچ 2020 جمعۃ المبارک ، ہفتہ، اتوار کو مرکز احرار ملتان میں ہوگاجب کہ شمالی اور بالائی پنجاب کے ذمہ داران کا تربیتی کنونشن 15,14,13 مارچ 2020 جمعۃ المبارک، ہفتہ ، اتوار کو ایوان احرار لاہور میں ہوگا۔ اسی طرح دس روزہ دورہ تربیت المبلغین 28 مارچ تا 6 اپریل 2020 ایوان احرار لاہور میں ہوگا۔ اور دورہ تربیت المعلمین 6 تا 8 اپریل ایوان احرار لاہور میں ہوگا۔ دار المبغین کا مرکز جامع مسجد احرا ر چنا ب نگر میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیر ہ کی زیر نگرانی کام کرے گا اور ناظم دعوت ارشاد ،ڈاکٹر محمد آصف ان کے معاون ہوں گے۔
اجلاس کے تمام شرکاء کی متفقہ رائے سے ابن امیر شریعت حضر ت سید عطاء المومن شاہ بخاری رحمۃ اﷲ کے فرزند جناب سید عطاء اﷲ ثالث بخاری کو مرکزی نائب ناظم مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک طلباء اسلام کو ازسر نو منظم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی و سیکولر انتہا پسندی کی مذمت کی گئی اور ضروریات زندگی کی ہوش رُبا مہنگائی کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت اپنے سیاسی اور انتخابی وعدوں میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے سد باب اور تحفظ ختم نبوت و تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ایم این اے چودھر ی طارق بشیر چیمہ اور پنجاب اسمبلی میں ق لیگ کے ایم پی اے حافظ عمار یاسر کی طرف سے پیش کی گئی قراردادوں کی بھرپور تائیدو حمایت کا اعلان کیا گیا اور دونوں رہنماؤں کے مثبت کردار کو سراہا گیا۔
اجلاس کی قرارا دادوں میں بھارت کے مظلوم مسلمانوں اور کشمیریوں کے مؤقف کی مکمل تائید وحمایت کی گئی۔ ایک قرار داد میں یکساں نصاب تعلیم کے نام پر سیکولر ازم اور ہیومن ازم کی اشاعت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ سے پر زور اپیل کی گئی کہ وہ دینی مدارس و مکاتب کے تحفظ و دفاع کے لیے قائدانہ کردار ادا کریں۔
اجلاس کے آخر میں گذشتہ اجلاس کے بعد وفات پانے والے رجالِ امت کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ بطور خاص یادگارِ اسلاف رفیق امیر شریعت مولانا مجاہد الحسینی، حافظ الحدیث مولانا فداء الرحمن درخواستی (امیر پاکستان شریعت کونسل)، ڈاکٹر سید ابوذر بخاری (عبد الحکیم) اور حضرت مولانا عبد اﷲ بہلوی کی صاحبزادی کے انتقال پر تعزیتی قرار داد کے ذریعے دعائے مغفرت کی گئی۔
اجلاس کے بعد راقم نے حضرت الامیر کو اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ پیش کی جس پر انہوں نے مکمل تائید فرماتے ہوئے ڈھیروں دعاؤں سے نواز اور فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔