عبداللطیف خالد چیمہ
مجلس احراراسلام پاکستان نے ضروری مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ان شاء اﷲ تعالیٰ عیدالاضحی کے بعد تنظیمی وجماعتی اور خصوصاََ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے گی اور ایس او پیز کا لحاظ رکھتے ہوئے ۱۴؍ اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ ۲۱؍ اگست کو حضرت امیر شریعت سیدعطاء اﷲ شاہ بخاری رحمتہ اﷲ علیہ کے یوم وصال کی مناسبت سے یوم امیر شریعت کی نشستوں کااہتمام کیاجائے گا اور مجلس احراراسلام کی روایات کے مطابق ۷؍ ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت اہتمام کے ساتھ منایا جائے گا۔ جبکہ یکم ستمبر تا دس ستمبر عشرۂ ختم نبوت منایا جائے گا۔ اسی طرح مجلس احراراسلام پاکستان کی مرکزی عاملہ کا اجلاس ۶؍ ستمبر اتوار کو مرکزی دفتر لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورتحال اور ملک کی عمومی سیاسی صورحال کا بغور جائزہ لیکر پالیسی مرتب کی جائے گی۔
احراردوستو: اکابرین احرار نے جو امانت ہمارے سپرد کی ہم کما حقہ تو اس کا حق ادا نہیں کرپائے مگر پرچم ِاحرار کو تھام کر چلنا شیوۂ احرار ہے یہی ہماری پہچان ہے ،جس کو بعض مہربانوں نے بدلنے کی بڑی کوشش کی مگر قافلہ سخت جاں ہر دم اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ موجودہ سیاسی کشمکش میں احرار اپنی مستقل پالیسی پر گامزن ہے کہ نیکی کے ہر کام میں تعاون اور برائی کے ہر کام میں مزاحمت کریں گے۔ یہی قرآنی اصول ہمارا دستور العمل ہے۔ اس کو ہر حال میں ملحوظ خاطر اور مقدم رکھیں ۔ مزید یہ کہ موجودہ وبائی مرض سے مکمل نجات کیلئے اﷲ کے حضور توبہ واستغفار کا اہتمام کریں ۔ رجوع الی اﷲ کے سوا چارہ نہیں یہی ہمارے مسائل کا حتمی حل ہے۔ زکوٰۃ سمیت صدقات واجبہ کی ادائیگی یقینی بنائیں اور نفلی صدقات وخیرات بڑھائیں ۔نیز احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اﷲ تعالی پوری امت کو معاف فرمادیں اور اپنا مطیع اور فرماں بردار بننے کی توفیق سے نوازیں ، آمین، یارب العا لمین!