انتخاب و ترتیب: محمد اُسامہ ڈیروی ( متعلم مدرسہ معمورہ)
(۱) معلم انسانیت حضرت محمد رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب بندہ نے نکاح کر لیا تو نصف دین کا مل کرلیا اب اس کوچاہیے کہ باقی نصف میں خدا سے ڈرے (بیہقی)
(۲) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب کوئی دیندار اور خوش خلق تمہارے یہاں نکاح کا پیام بھیجے تو اس سے نکاح کردو ورنہ زمین میں فتنہ اور بڑا فساد ہوگا۔ (ترمذی)
(۳) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تین شخصوں کی مدد خدا کے ذمہ ہے (۱)وہ غلام مکاتب جس کی نیت ادائیگی کی ہو (۲)وہ نکاح کرنے والا جس کی نیت پاک دامن رہنے کی ہو (۳) اﷲ کی راہ میں جہاد کرنے والا (ایضاً)
(۴) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ چار چیزیں دیکھ کر عورت سے نکاح کیا جاتا ہے (۱) مال (۲) خاندانی بڑائی (۳) خوبصورتی (۴) دینداری۔ پس تم دیندار عورت حاصل کر کے کامیاب بنو۔ (بخاری ومسلم)
(۵) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب کبھی کوئی غیر مرد کسی عورت کیساتھ تنہائی میں ہوتاہے تووہاں ضرور تیسرا شیطان (بھی) ہوتا ہے۔
(۶) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری جانب سے عورتوں کیساتھ بھلائی سے پیش آنے کی وصیت قبول کرلو (مشکوٰۃ)
(۷) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورت ٹیٹرھی پسلی سے پیدا ہوئی ہے کسی طرح سیدھی نہیں ہوسکتی اسکی کجی کے ہوتے ہوئے ہی اس سے نفع حاصل کرسکتے ہو اگر اس کو سیدھی کرنے لگو گے تو توڑ دو گے اورعورت کاتوڑنا طلاق دے دینا ہے (مسلم)
(۸) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنی عورت کوغلام کی طرح نہ مارو (کیونکہ) آخر شام کو اس کے ساتھ لیٹو گے۔ (مشکوٰۃ)
(۹) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بلاشبہ کا مل ایمان والے مومن وہ بھی ہیں جو خوش خلق ہیں اور اپنی بیویوں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ رکھتے ہیں۔ (ترمذی)
(۱۰) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس کو یہ چار چیزیں مل گئیں اس کو دنیا وآخرت کی بھلائی مل گئی۔ (۱) شکر گزاری والا دل (۲) اﷲ کی یاد میں مشغول رہنے والی زبان (۳) مصیبت پرصبر کرنے والا بدن (۴) امانت دار بیوی جو اپنے نفس اور شوہر کے مال میں خیانت نہ کرے (مشکوٰۃ)
(۱۱) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ طلاق سے زیادہ بغض والی کوئی چیز خدا نے زمین پر پیدا نہیں فرمائی (مشکوٰۃ)
(۱۲) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی شخص اپنے بھائی کی منگنی پر منگنی نہ کرے یہاں تک کہ وہ نکاح کرلے یا چھوڑ دے (ایضاً)
(۱۳) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ شخص ملعون ہے جو اپنی عورت سے اغلام کرے(احمد ابوداؤد)
(۱۴) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس کی دوبیویاں ہوں اور وہ ان دونوں میں برا بری نہ کرتا ہو تو قیامت کے روز اس حال میں آئے گا کہ اس کا ایک پہلو گرا ہوا ہوگا۔ (ترمذی)
(۱۵) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب مرد اپنی بیوی کواپنے بستر پربلائے اور وہ نہ آئے جسکی وجہ سے مرد ناراضگی میں رات گذارے تو صبح تک عورت پر فرشتے لعنت کرتے رہیں گے (مشکوٰۃ)
(۱۶) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو عورت اپنے شوہر کو راضی چھوڑ کر مرے وہ جنت میں داخل ہوگی (مشکوٰۃ)
(۱۷) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب عورت پانچ وقت کی نماز پڑھے اورروزے رمضان کے رکھے اور اپنی عصمت محفوظ رکھے اوراپنے شوہر کی اطاعت کر لے تو جنت کے جس دروازے سے چاہے جنت میں داخل ہوجائے (ایضاً)
(۱۸) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب مرد اپنی حاجت کے لیے بیوی کو بلائے تو آجائے اگرچہ تنور پر کام کر رہی ہو (ترمذی)
(۱۹) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ شخص ہم میں سے نہیں ہے جو کسی عورت کو اس کے شوہر کے خلاف یاغلام کو اس کے آقا کے خلاف بھڑ کائے (مشکوٰۃ)
(۲۰) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی عورت شوہر کی اجازت کے بغیر (نفلی) روزے نہ رکھے جب کہ شوہر گھر پرہو (ابوداؤد)
(۲۱) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تین شخصوں کی نہ نماز قبول ہوتی ہے نہ ان کی کوئی نیکی اوپرجاتی ہے (۱) بھاگا ہوا غلام جب تک واپس آکر اپنے آقا کے ہاتھ میں ہاتھ نہ دے دے (۲) وہ عورت جس سے اس کا شوہر ناراض ہو (۳) نشہ پی کر بے ہوش ہو جانے والا جب تک ہوش میں نہ آئے۔ (مشکوٰۃ)
(۲۲) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو عورت بغیر مجبوری کے اپنے شوہر سے طلاق کاسوال کرے اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے۔ (ترمذی)
(۲۳) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا (ایک سوال کے جواب میں) کہ بہتر عورت وہ ہے جواپنے مرد کو خوش کرلے جب مرد اس کی طرف دیکھے اور جب مرد حکم کرے تو کہا مانے اوراپنی جان کے بارے میں شوہر کی مخالفت نہ کرے (یعنی غیر سے آنکھ نہ ملائے اور دل نہ لگائے) اورشوہر کے مال میں اس کی مرضی کے خلاف تصرف نہ کرے۔ (مشکوٰۃ)
(۲۴) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص قادر ہوتے ہوئے عمدہ کپڑے تو اضعاًنہ پہنے خدا اس کوکرامت کاجوڑا پہنائے گا اور جو شخص اﷲ کے لیے نکاح کرے خدا اس کو شاہی تاج پہنائے گا۔ (مشکوٰۃ)
(۲۵) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خدا کی لعنت ہے ان مردوں پرجوعورتوں کے مشابہ بنیں اور خدا کی لعنت ہے ان عورتوں پرجو مردوں کے مشابہ بنیں (مشکوٰۃ)
(۲۶) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مردوں کی خوشبو ایسی ہو جسکا رنگ نظر نہ آئے اور خوشبو آئے اور عورتوں کی خوشبو ایسی ہو جس کا رنگ نظر آئے اور خوشبو کم آئے ّ(ترمذی)
(۲۷) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ شراب میں سارے گناہ موجود ہیں اور عورتیں شیطان کے جال ہیں اور دنیا کی محبت ہرگناہ کی جڑ ہے۔ (مشکوٰۃ)
(۲۸) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے جنت میں نظر ڈالی تو دیکھا کہ اکثر غریب ہیں اور دوزخ میں نظر ڈالی تو دیکھا کہ اس میں اکثر عورتیں ہیں (مشکوٰۃ)
(۲۹) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے عورتوں صدقہ کیا کرو اگرچہ زیور ہی سے دو کیونکہ قیامت کے دن دوزخ میں اکثر تم ہی ہوگی۔ (مشکوٰۃ)
(۳۰) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورت چھپی ہوئی چیز ہے جب باہر نکلتی ہے توشیطان اس کو تکنے لگتا ہے (ترمذی)
(۳۱) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتوں کی مکاریوں سے بچو کیونکہ بلاشبہ بنی اسرائیل میں سب سے پہلا فتنہ عورتوں میں کھڑا ہوا۔ (مشکوٰۃ)
(۳۲) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی مومن اپنی مومن بیوی سے بغض نہ رکھے کیونکہ اگراس کی ایک خصلت نا پسند ہوگی تو دوسری پسند آجائے گی۔ (ایضاً)
(۳۳) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے اس عورت کو تسلی دی جس کابچہ جاتا رہا ہوتو اس کو جنت میں چادریں پہنائی جائیں گی۔ (ایضاً)
(۳۴) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس عورت پر خدا لعنت کرے جو (کسی کے مرنے پر) زور سے اور بیان کرکے روئے اور اس عورت پرجو اس کارونا سنے (ایضاً)
(۳۵) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے عورتو! سُبْحَانَ الّٰلہِ لآاِلٰہَ اِلاَّ اﷲُ اور سُبْحَانَ الْمَلِک القُدُّوْسِ کا ورد رکھو اورانگلیوں پر پڑھا کروکیونکہ انگلیوں سے معلوم کیا جائے گا اور ان کو زبان دی جائے گی اور خدا کی یاد سے غافل نہ ہوجاؤ ورنہ رحمت خدا وندی سے بھلا دی جاؤ گی۔ (ترمذی)
(۳۶) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خبردار! تم سب کے سب نگہبان ہو اور سب سے اپنی اپنی رعیت کا سوال ہوگا صاحبِ اقتدار عوام کا نگہبان ہے اس سے اس کی رعیت کا سوال ہوگا اورمرد اپنے گھر والوں کا نگہبان ہے اس سے اس کی رعیت کا سوال ہوگا اور عورت اپنے شوہر کے گھراور اس کی اولاد کی نگہبان ہے اس سے شوہر کے مال اوراولاد کاسوال ہوگا اورغلام اپنے آقا کے مال کا نگہبان ہے اس سے اس کے مال کا سوال ہوگا خبردار تم سب نگہبان ہو اور سب سے اپنی اپنی رعیت کا سوال ہوگا (بخاری ومسلم)
(۳۷) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جوعورت خوشبو لگا کر مردوں پرگذرے تاکہ اس کی خوشبو سونگھیں تو ایسی عورت زنا کا رہے پھر فرمایا کہ ہر آنکھ زنا کار ہے (یعنی نا محرم مرد یا عورت کو دیکھنا بھی زنا ہے) (ترغیب)
(۳۸) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دو گروہ دوزخی ہوں گے جن کو میں نے نہیں دیکھا ہے یعنی ابھی وہ موجود نہیں ہوئے۔ اوّل وہ لوگ جو بیلوں کی دُموں کی طرح کوڑے لیئے پھریں گے اور ان سے لوگوں کو ماریں گے دوسری وہ عورتیں جو کپڑے پہنے ہوں گی مگرننگی ہوگی۔ مردوں کواپنی طرف مائل کریں گی اور خود ان کی طرف مائل ہوں گی ان کے سراونٹوں کے جھکے ہوئے کوہانوں کی طرح ہوں گے اوراس کی خوشبو تک نہ سونگھیں گی۔ (مسلم)
(۳۹) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو کچھ تواپنے آپ کو کھلائے وہ صدقہ ہے اور جو اپنی اولاد کو کھلائے وہ صدقہ ہے اور جواپنے خادم کو کھلائے وہ صدقہ ہے (احمد)
(۴۰) آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اﷲ تبارک وتعالیٰ اس عورت کی طرف (نظر رحمت سے) نہ دیکھے گاجو اپنے شوہر کی شکر گزار نہیں حالانکہ اس کی محتاج رہتی ہے۔ (نسائی)
( سرور کونین صلی اﷲ علیہ وسلم ازحضرت مولانا عاشق الٰہیؒ البرنی بلند شہری )