تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

تین باتیں (اصلاح معاشرہ کی طرف ایک قدم)

ادارہ
سنتِ سلام :
ایک دوسرے سے ملتے ہوئے یا راہگذر جاتے ہوئے مسلمانوں کا آپس میں سلام کہنا ’’حقوق مسلمانی‘‘ میں سے ہے۔
آج کل یہ غلط طریقہ رواج پکڑ ر ہا ہے کہ ’’السلام علیکم‘‘ کے جواب میں’’السلام علیکم‘‘ ہی کہہ دیا جاتا ہے۔ حالانکہ ’’السلام علیکم‘‘ کا مسنون جواب ’’وعلیکم السلام‘‘ یا ’’وعلیکم السلام ورحمۃ اﷲ‘‘ ہے۔ اور اگر ابتداء کرنے والا ’’السلام علیکم رحمۃ اﷲ‘‘ کہے تو جواب اس سے بہتر ’’وعلیکم السلام ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ‘‘ ہوگا۔
خوب اچھی طرح سمجھ لیجیے کہ دونوں طرف سے ’’السلام علیکم‘‘ کہنے کا یہ مطلب ہوگا کہ جواب دونوں کے ذمہ باقی رہا اور اس طرح سے دونوں کا حق ایک دوسرے پر لازم رہے گا۔ اس لیے اوپر بتائے ہوئے مسنون طریقہ کے مطابق عمل کریں۔
ناخن پالش:
ناخن پر پالش لگانے کا رواج آج کل (بالخصوص عورتوں میں) بہت زیادہ ہے لیکن شرعی نقطۂ نگاہ سے یہ بہت بڑی قباحت کا موجب ہے۔ چونکہ ناخن پر مصالحہ کی تہہ جم جاتی ہے جس کی موجودگی میں وضو اور غسل کی صورت میں ناخن گیلا نہیں ہوسکتا بلکہ خشک اور پانی کے اثر سے محفوظ رہتا ہے اور اس طرح سے وضو اور غسل صحیح نہیں ہوتا۔ نتیجۃ نہ صرف یہ کہ تمام عبادات رائیگاں چلی جاتی ہیں بلکہ ضرورت شرعی کے ماتحت غسل درست نہ ہونے کا بہت زیادہ نقصان ہے۔ اس لیے ناخن پالش کا ترک ضروری ہے۔
میت والے کے گھر کھانا:
اس مسئلہ میں سب مسلمانوں کا اتفاق ہے کہ جس گھر میں میت ہوجائے وفات کے وقت سے تین دن رات تک اس کے گھر سے دوسروں کے لیے کھانا پینا درست نہیں بلکہ حکم یہ ہے کہ ازراہ ہمدردی عزیز واحباب تین روز تک میت والوں کے خورونوش کا انتظام کریں۔ بخلاف اس کے اکثر یہی دیکھنے میں آیا ہے کہ ایام مذکورہ میں میت والے کے گھر سے خورونوش کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور تیسرے روز (جبکہ میت کو دو ہی روز بمشکل گزرے ہوتے ہیں) ختم کلام پاک یا قل خوانی وغیرہ کی جاکر طعام بغرض ایصال ثواب تقسیم کیا جاتا ہے جسے لوگ درست سمجھ کر کھاتے ہیں حالانکہ جب تک ایام تعزیت (تین دن رات) نہ گزر جائیں اس وقت تک صاحب میت کے ہاں سے کھانا پینا کسی دوسرے کے لیے درست نہیں۔ اس لیے اس معاملہ میں احتیاط لازم ہے تاکہ احکام شرعی کی خلاف ورزی نہ ہو۔
جب بھی سہولت ہو، نقد، جنس یا طعام بغرض ایصال ثواب خیرات کرنا مستحب ہے لازم نہیں۔ کلام اور خیرات سمیت تمام اعمال حسنہ کا ثواب میت کو پہنچتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.