نام: صحابہ کرام کے بارے میں گمراہ کن نظریات اور ان کی حقیقت تالیف:عبد المنان معاویہ
ضخامت: ۳۷۰ صفحات قیمت: ۶۰۰ ملنے کا پتہ: مکتبہ امام اہلِ سنت، گوجرانوالہ۔ 0306-6426001
جماعت صحابہ رضوان اﷲ علیہم اجمعین ایسی جماعت ہے جو حق کا معیار ہے۔ اﷲ تعالی نے اپنی کتاب عزیز میں اس امر کو پوری طرح واضح کر دیا ہے کہ وہی ایمان بارگاہِ جل و علا میں میں قابل قبول ہے جو اس مبارک جماعت کی نقل میں ہو گا۔ اور مؤمنین اوائل یعنی صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم کے راستے کے سوا کسی اور کا راستہ قرآن پاک کی صراحت کے مطابق جہنم کا راستہ ہے۔ چنانچہ اس مبارک و مقدس جماعت کی اتباع و محبت ہی رسول اﷲ کی اطاعت و محبت ہے، اور اس جماعت سے انحراف و بیزاری دینِ اسلام کی بنیادوں سے بغاوت و خروج ہے۔ اور اہل سنّت والجماعت کے عقائد کی بنیاد بلکہ فرقۂ ناجیہ کی پہچان یہی ہے کہ وہ حضرت رسولِ خدا صلی اﷲ علیہ وسلم کی اتباع و اطاعت اپنی مرضی اور پسند کی بنیاد پر نہیں بلکہ جماعتِ صحابہ کی اتباع کی روشنی میں کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں علماء اہلِ سنت و الجماعت نے حضرات صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم کی دینی و شرعی حیثیت کو بیش از بیش بیان کرنے کو اپنا فرض منصبی سمجھا، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی و تبدیلی کو کبھی برداشت نہیں کیا۔
دشمنان اسلام نے ہمیشہ اپنی دشمنی کے جنون میں مبتلا ہو کر اس جماعت کے مقام کو گھٹانے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں وساوس و شبہات اور جھوٹے سچے اعتراضات کی ایسی گرد اڑائی گئی کہ بہت سے اہلِ ایمان بلکہ اہلِ علم کہلانے والوں کے آئینے بھی مکدر ہو گئے ، اور وہ انحراف و
گمراہی کا شکار ہو گئے۔ واﷲ المستعان!۔
زیر نظر تالیف میں ہندستان کے معروف تعلیمی ادارے ندوۃ العلماء سے وابستہ اور شہرت یافتہ ادیب مولانا سید سلمان حسینی ندوی کے بعض صریحاً غلط نظریات کا تعاقب کیا گیا ہے۔ مولانا موصوف ایک عرصے سے انفرادی و ذاتی آراء کے اظہار اور ان پر بے جا اصرار کے مشغلے میں مصروف ہیں۔ پہلے انھیں قرآن پاک کی ترتیب بدلنے کا خیال پیدا ہوا تھا۔ اب ان کے اس مخصوص رجحان کا شکار صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم ہوئے ہیں۔ چنانچہ انھیں منصبِ صحابیت اور صحابی کی تعریف کے متعلق امتِ مرحومہ کی متفق علیہ معلومات قبول نہیں ہیں۔ ان کا کتابچہ ’’لفظ صحابہ کے بارے میں غلط فہمیاں‘‘ان کے زیغِ فکر کے اسی رخ کا بیان ہے۔ جب یہ کتابچہ شائع ہوا تو ہندستان کے اہلِ علم و فضل نے اس کی تلبیسات پر رد کیا۔ پاکستان میں مصنفِ دفاعِ صحابہ جناب عبد المنان معاویہ کے حق نویس قلم سے یہ کتاب مرتب ہوئی ہے، جو مولانا سلمان ندوی کے ان گمراہ کن افکار کا مکمل و مبسوط محاکمہ کرتی ہے۔ کتاب پر ہند و پاک کے متعدد محقق علماء و افاضل کی تقریظات و تصدیقات ثبت ہیں جو کتاب کے استناد پر دال ہیں۔ موضوعِ زیر بحث کے خالص علمی و فکری دائرۂ کار کے تناظر میں تدوین و ترتیب کی بہتری کی گنجائش کے با وجود بحیثیت مجموعی کتاب لائق مطالعہ ہے اور اس زمانے میں صحابہ کرام سے بد ظن کرنے والوں کے افکار کی ایک مؤثر تردید بھی۔