نام: مسنون لباس مصنف: مولانا حافظ سید لیاقت علی شاہ نقشبندی
ناشر: مکتبہ غفوریہ، نزد جامعہ اسلامیہ درویشیہ، بی بلاک، سندھی مسلم سوسائٹی کراچی۔ ضخامت:۴۶۴ صفحات قیمت: درج نہیں
اسلام کا ایک امتیاز یہ ہے کہ یہ ایک مکمل دین ہے۔ اس میں دنیا کی جامعیت بھی ہے اور زمانے اور زندگی کے ہر شعبے کے لیے مکمل رہنمائی بھی۔ جس طرح یہ ایک نظامِ عبادت ہے، اسی طرح ایک نظامِ زندگی اور دستور العمل بھی ہے۔ اس نظام زندگی میں سیاست و معیشت سے لے کر تہذیب و تمدن اور معاشرت تک سارے ہی معاملات کے لیے ہدایات اور تعلیمات دی گئی ہیں۔ حتیٰ کہ لباس کے آداب اور احکام بھی شریعت اسلامیہ کے بیان کردہ ہیں اور لباس کے معاملہ میں بھی شرعی حدود و قیود کا اہتمام ہر مسلمان پر فرض ہے۔
لباس کی وضع قطع، تہذیب کے اہم ترین مسائل میں سے ہے، کہ اس سے کسی قوم یا کسی مذہب کے ماننے والوں کا تشخص قائم ہوتا ہے اور برقرار رہتا ہے۔ اسلام ایسا لباس متعارف کراتا ہے جو ستر و حجاب کی تعلیمات کے عین مطابق ہو، جبکہ اس کے برعکس دنیا کی دیگر تہذیبوں کی طرح مغرب بھی ایک ایسا لباس لے کر آتا ہے جو اس کے فلسفۂ حیات کے ما تحت ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب ’’مسنون لباس‘‘ لباس ہی کے احکام و مسائل اور آداب پر مشتمل ہے۔ جس میں صحیح اسلامی لباس کی تعلیمات کے بارے میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کتاب میں موضوع کے حوالے سے معتمد اور مستند معلومات مہیا کر کے ایک خلا کو پورا کیا گیا ہے۔ کتاب نو ابواب پر مشتمل ہے اور آخری باب میں چند ضمنی اور اہم مسائل کو بیان کیا گیا ہے۔کتاب میں بطور خاص دور حاضر کے لباس کے متعلق بعض اہم فتاویٰ شامل کیے گئے ہیں ۔ کتاب مکمل باحوالہ اور تخریج شدہ ہے۔ اﷲ پاک فاضل مصنف کی اس محنت کو قبول فرمائیں۔ (مبصر: حافظ اخلاق احمد)