مبصر: حافظ اخلاق احمد
نام کتاب: ماہنامہ المدینہ، خصوصی اشاعت’’ ماں نمبر‘‘۔ قیمت: 500/-روپے
ناشر: صائمہ ٹاور، روم نمبر A-205، سیکنڈ فلور، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔
ماں محض ایک لفظ نہیں بلکہ وارفتگی ،محبت اورشفقت کی گویاایک صورتِ مجسم ہے۔ ماں کا لفظ سنتے ہی ٹھنڈی چھاؤں اور ایک تحفظ اطمینانِ کامل کا احساس اجاگر ہوتا ہے، ایک عظمت کی دیوی اور سب کچھ قربان کر دینے والی ہستی کا تصور ذہن میں آتا ہے، ماں کے لفظ میں مٹھاس ہے، ماں اس ہستی کا نام ہے جو زندگی کے تمام دکھوں اور مصیبتوں کو اپنے آنچل میں چھپا لیتی ہے، ماں اﷲ پاک کی عطا کردہ نعمتوں میں افضل ترین نعمت اور جہانِ رنگ و بو کا سب سے خوبصورت تحفہ ہے۔ ماں کی اسی محبت، عظمت، خلوص اور شفقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہنامہ ’’المدینہ‘‘ کے مدیر اور ان کے معاونین نے ایک خصوصی شمارہ ’’ماں نمبر‘‘ مرتب کیا ہے۔
یہ خصوصی شمارہ چھے ابواب پر مشتمل ہے، اس خصوصی اشاعت میں حضرات انبیاء کرام علیہم السلام، صحابہ کرام رضوان اﷲ علیہم اجمعین، اولیاءِ کرام، برزگانِ دین رحمہم اﷲ اور مشاہیر اُمّت کی ماؤں کا تذکرہ ہے۔ اس شمارہ کے بعض مضامین اس قدر رقت آمیز ہیں کہ ان کے مطالعہ سے بے اختیار آنکھوں سے آنسوؤں کا سلسلہ جاری ہو جاتا ہے۔
ماں سے محبت کا یہ پاک جذبہ جتنے پُر اثر انداز طریقے سے غزلوں اور نظموں میں برتا گیا ، اتنا کسی اور صنف میں نہیں۔ شمارے کے آخرے باب میں معروف شعراء کرام کا منظوم خراجِ عقیدت کا انتخاب بھی ماں کے پیار، اس کی محبت و شفقت کو اور اپنے بچوں کے لیے اس کی جاں نثاری کو واضح کرتے ہیں۔ یہ اشعار جذبے کی جس شدت اور احساس کی جس گہرائی سے کہے گئے ہیں، آپ اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ اس خصوصی اشاعت پر ماہنامہ ’’المدینہ‘‘ کے مدیر اور ان کے معاونین مبارک باد کے مستحق ہیں۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں والدین کی خدمت کر نے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی خدمت کو جنت میں جانے کا ذریعہ بنائے۔آمین۔