تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

تبصرہ کتب

نام کتاب:سیرت سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ تالیف:مولانا ثناء اﷲ سعد شجاع آبادی (مبصر: سید عطاء المنان بخاری)
ضخامت: ۴۹۶صفحات قیمت: ۴۵۰ روپے ملنے کا پتہ: ادارہ اشاعت الخیر بیرون بوہڑ گیٹ، ملتان
مولانا ثناء اﷲ سعد شجاع آبادی علمی و تحقیقی ذوق رکھنے والے عالمِ دین ہیں ۔ قرآن وحدیث، سیرت طیبہ و سیرتِ ازواج واصحاب رسول علیہم الرضوان کے مطالعے کا اعلیٰ ذوق رکھتے ہیں۔ صحابۂ کرام رضی اﷲ عنہم سے بے پناہ محبت سے سرشار ہیں اﷲ تعالیٰ نے انھیں تحریر کی صلاحت سے بھی مالامال کیا ہے اور انھوں نے اس صلاحیت کو اصحابِ رسول علیہم الرضوان کی مدحت و منقبت کے لیے وقف کردیا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب اسی سچے جذبے کا بھر پور اظہار ہے۔ امیر المؤمنین خلیفۂ بلا فصل رسول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ کی شخصیت وسوانح اور کارناموں پر اردو زبان میں بے شمار کتابیں موجود ہیں۔ جب تک دنیا قائم ہے آپ کا ذکرِ خیر ہوتا رہے گا اور مسلمان آپ سے محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔
سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ کی ہمہ جہت شخصیت کے متعلق تمام باتیں کسی ایک کتاب میں یکجا نہیں، ان موتیوں کو چننے کے لیے کئی کتابوں کا مطالعہ کرنا پڑتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ کی توفیق سے یہ سعادت مولانا ثناء اﷲ سعد نے حاصل کی ہے۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ کی سیرت و کارناموں کا مکمل احاطہ تو ممکن نہیں تاہم مولانا ثناء اﷲ نے تحقیق و جستجو کی گھاٹی کو عبور کر کے کافی مواد اس کتاب میں جمع کردیا ہے۔ نو ابواب پر مشتمل اس کتاب میں نام و نسب، ولادت، خصوصیات، قبولِ اسلام میں اوّلیت، دعوت و اشاعت اسلام میں جانی و مالی قربانی ، اسلام کے خلاف اٹھنے والے فتنوں خصوصاً فتنۂ ارتداد و مانعینِ زکوٰۃ کے لیے خاتمے کے آپ کے عظیم الشان کارناموں کو تفصیل کے ساتھ یکجا کر دیا ہے۔ صحابہ رضی اﷲ عنہم کی محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس محبت کا اظہار گھر گھر ہونا چاہیے اور یہ کتاب ہر گھر میں موجود ہونی چاہیے۔ اسلوب تحریر انتہائی سادہ ، عام فہم اور دل نشیں ہے۔ ماخذ و حوالہ جات اور اکابر کی تحقیق سے استفادے کا بھر پور اہتمام کیا گیا ہے۔ نیز سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ کی ذات اقدس پر مطاعن کا مدلل جواب بھی دیا گیا ہے۔
lنام کتاب: سیرت سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ مؤلف:ابومحمد مولانا ثناء اﷲ سعد شجاع آبادی
ضخامت:۵۹۲صفحات قیمت:۶۰۰ روپے ملنے کا پتہ:ادارہ اشاعت الخیر، بیرون بوہڑگیٹ، ملتان
عزالاسلام ، خلیفہ راشد ین، مرادِ رسول سید عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی شخصیت ، سوانح، خدمات اور کارناموں پر مشتمل مولانا ثناء اﷲ سعد کی عظیم الشان تالیف ہے۔ سیدنا فاروق اعظم رضی اﷲ عنہ کی مدح خود رحمت اللعالمین خاتم النبیین سیدنا محمد کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے یوں فرمائی کہ :’’ اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو وہ عمر بن خطاب ہوتا‘‘ پھر سیدنا عمر تو نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کا انتخاب ہیں کہ جنھیں اﷲ کے رسول نے اسلام کی عزت کے لیے اﷲ تعالیٰ سے مانگ کر لیا تھا۔ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے ان کی محبت ِکامل کا صلہ یہ ہے کہ وہ مزار اقدس میں ہیں۔ حضور حتمی مرتبت صلی اﷲ علیہ وسلم کے قدمین شریفین میں محوِ آرام ہیں۔
مولاناثناء اﷲ سعد خوش نصیب ہیں جنھیں سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی بارگاہ میں عقیدت و محبت کے آنسو پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ کتاب انتہائی جامع، معلومات افزا، کئی اعتبار سے منفرد اور کئی کتابوں کی عرق ریزی کا شاہکار ہے۔ باحوالہ، مستند، خوبصورت جلد، اعلیٰ سفید کاغذ، چہار رنگا سرورق اور طباعت کا بہترین معیار ۔ مولانا ثناء اﷲ کی یہ تالیف ہر اعتبار سے لائقِ تحسین اور ان کے علمی و تحقیقی ذوق کی غماز ہے۔ ایک ایسی کتاب کی ضرورت تھی جس میں بہت کچھ یکجا مل جائے۔ مولانا نے یہ ضرورت کافی حد تک پوری کردی ہے۔ اﷲ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور توفیق عطاء فرمائے کہ وہ خلفاءِ راشدین رضی اﷲ عنہم پر اپنی تالیفات کے سلسلے کو مکمل کرسکیں۔
٭……٭……٭
lنام کتاب: مطبوعاتِ القاسم اکیڈمی نمبر مؤلف: علامہ عبدالرشید عراقی (مبصر: محمد نعمان سنجرانی )
ضخامت:۴۸۴ صفحات قیمت: درج نہیں ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ
رابطہ نمبر:0346-4010613 0301-3019928 _
’’مطبوعاتِ القاسم اکیڈمی نمبر‘‘ماہنامہ القاسم کی ۲۱ ویں خصوصی اشاعت ہے۔ علامہ عبدالرشید عراقی نے مولانا عبدالقیوم حقانی اور القاسم اکیڈمی کی تقریباً ڈیڑھ سو سے زائد مطبوعہ قلمی کاوشوں پر مستقل کتاب تالیف کی ہے۔ یہ کتاب درج ذیل بارہ ابواب میں علامہ عراقی کے تبصروں پر مشتمل ہے۔
۱: قرآنیات۔ ۲: حدیث، متعلقاتِ حدیث، سیرت و اتباعِ سنت۔۳:فقہ و احکام اور حِکم۔ ۴: سیاست و نظم ریاست۔ ۵:عقائد، تصوف، سلوک اور اخلاقیات۔۶: تذکرہ و سوانح، تاریخ اور سفر نامے۔ ۷: مکتوبات، مواعظ و خطبات۔ ۸:خصوصی اشاعتیں۔ ۹: ادبیات۔ ۱۰: خواتینِ اسلام۔ ۱۱: ردِ فرقِ باطلہ۔ ۱۲: صرف و نحو
علامہ عبدالرشید عراقی کی تالیف اس موضوع کے حوالے سے پہلی انوکھی اور البیلی کتاب ہے ۔درحقیقت یہ ایک کتاب قاری کو ڈیڑھ سو سے زائد کتب سے روشناس کراتی ہے، علامہ موصوف نے ’’ ڈیڑھ سو سے زائد کتب کو ایک کتاب میں بند کر دیا ہے‘‘ (فجزاہ اللّٰہ)۔ کتاب کاسرورق، جلد بندی اور طباعت بھی عمدہ ہے۔
اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مولانا عبدالقیوم حقانی اور ان کے رفقاء کار کی ان مساعی جمیلہ کو قبول فرمائیں، اُن کے ادارے کودائم و قائم اور علم و ادب کے پھیلانے کا ذریعہ بنائیں۔ آمین
lنام کتاب:اُمّ المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا کے سو پھول مؤلف: مولانا قاضی محمد اسرائیل گڑنگی ضخامت: ۱۲۰ صفحات ہدیہ: ۱۶۰ روپے ناشر: مکتبہ انوارِ مدینہ، جامع مسجد صدیق اکبر مانسہرہ، ہزارہ
اُمہات المؤمنین میں سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا قرآن فہمی، روایت حدیث، فقاہت اور اجتہاد میں بہت بلند مقام پر فائز تھیں۔ نبیٔ کریم خاتم النبیین صلی اﷲ علیہ وسلم کے بعد صحابۂ کرام رضی اﷲ عنہم مسائل کے حل میں آپ سے استفادہ کرتے تھے۔
مولانا قاضی محمد اسرائیل گڑنگی نے اُمّ المؤمنین کے ایک سو ارشادات و اقوال کو اس مختصر کتاب میں جمع و مرتب کر کے گویا دریا کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.