مجلس احرار اسلام کی تبلیغی و دعوتی سرگرمیوں کی روداد
مجلس احرار اسلام پاکستان نے تحفظ ختم نبوت، رد قادیانیت کے محاذ پرکام کرنے والی بانی جماعت ہے جو ملک بھر میں دعوتی واصلاحی پروگرامز، کانفرنسز اور ختم نبوت کورسز منعقد کرتی رہتی ہے۔ جس میں جماعت کے مبلغین اور بیرونی مہمانان گرامی بھی شرکت کرتے ہیں۔ جن کا خلاصہ درج ذیل ہے۔
کارگزاری شعبہ ختم نبوت کورسز :
(تحریر:جناب مولانا تنویر الحسن ناظم اعلی صوبہ پنجاب) مجلس احراراسلام 91برس سے احیائے دین، خدمت خلق، دعوت اسلام، اسلامی شورائی نظام کے قیام اور تحفظ عقیدہ ختم نبوت کے لئے مصروف ہے۔ ہرسال ہزاروں کی تعداد میں لٹریچرچھاپ کرتقسیم کیاجاتاہے ختم نبوت کانفرنسسز، ختم نبوت ریفریشرکورسز، فہمِ ختمِ نبوت خط کتابت کورس، فہمِ ختمِ نبوت کوئز پروگرام، مکالمہ برائے اسلام اورقادیانی غیرمسلموں کودعوتِ اسلام بالخصوص قادیانیوں سے گفتگو کرنیکاطریقہ ہمارے اہم اہداف ہیں اور اس پہ کام جاری ہے ۔ سال 2020میں بفضل اﷲ جماعتی سرگرمیوں کوبھرپورطریقے سے جاری رکھاگیا جنوری سے دسمبرتک مرکزختم نبوت تلہ گنگ19325لوگوں تک فہم ختم نبوت خط کتابت کورس پہنچایا گیا۔ الحمد ﷲ یہ اس مبارک سلسلے کا سترھواں برس تھا۔
دوالمیال،تترال، بھون، چوآ سیدن شاہ، کلر کہار، چکوال، میانی، بوچھال، نور پور سیتھی، خوشاب، مٹھہ ٹوانہ، جوھر آباد، سیال شریف، فتح جنگ، ٹیکسلا، راولپنڈی، لاوہ، ڈھرنال، دندہ شاہ بلاول، چکڑالہ، گوجر خان، جاتلی، گجرات، ناگڑیاں، گوجرانولہ، چناب نگر، لاہور اور دیگر علاقوں کے دورہ جات کیے گئے اورجماعتی پروگرامات، میٹنگزاورنشستوں کااہتمام ہواجن میں شرکت کر نے کی سعادت حاصل رہی۔ دعوتِ اسلام مہم(زیرِ توجیہ جناب مرکزی ناظم صاحب شعبہ تبلیغ ڈاکٹر محمد آصف) کے سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں جاکر طالبِ حق قادیانیوں سے انفرادی ملاقاتیں بھی کی گئیں۔ جن میں جدی پشتی قادیانیوں کے ساتھ ساتھ، اسلام چھوڑکرمرتدہونے والے قادیانیوں اور قادیانی تحریف و پروپیگنڈے سے متاثر حضرات بھی شامل تھے۔
دوالمیال میں گفتگو:
دوالمیال میں قادیانی گروہ کے ایک ذمہ دار لگاتار کوشش سے دومسلمان کاریگروں کو متاثر کرچکاتھااورقریب تھاکہ وہ قادیانی فتنے کی بھینٹ چڑھ جاتے۔ کسی مخلص نے بروقت اطلاع کی اورہم نے ان سے ملاقات کی ترتیب بنا لی۔ جناب ناظم صاحب ڈاکٹر محمد آصف، جناب مولاناشعیب اعوان اور مولاناعتیق الرحمن صاحبان کے ہمراہ وقت مقررہ پر دوالمیال پہنچے اوران متاثر احباب کو ساتھ لے کر قادیانی جماعت کے ذمہ دارکے گھرپہنچ گئے۔ جہاں پہلے سے قادیانی مربی شاہد منور موجودتھا۔ تین گھنٹے گفتگوجاری رہی، بالآخر قادیانی مربی آئیں بائیں شائیں کرنے لگ پڑا۔ میزبان جوقادیانی تھااس کے تیوربھی تبدیل ہوناشروع ہوگئے، رات بارہ گفتگوختم ہوئے۔ الحمدﷲ والشکرﷲ وہ دواحباب جوقادیانی چنگل میں پھنس گئے تھے دلائل سن کر بفضل اﷲ دین اسلام پہ قائم ہوگئے۔
پچنندمیں دعوتی مہم:
قادیانی جماعت کے علاقائی صدرکیپٹن اقبال سے جناب ڈاکٹرمحمدآصف کی معیت میں چار گھنٹے گفتگوہوئی۔ ماسٹرلال خان، اس کے بیٹے ناصرمحمود،خا لدمحمود، نقیب احمد سے ملاقات ہوئی اورقادیانیت کے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ناگڑیاں ضلع گجرات میں انگلینڈ پلٹ قادیانی انورسے ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رہا۔ چھوکرخوردگجرات میں اجتماعات جمعہ میں جناب سیدمحمدکفیل بخاری، جناب ڈاکٹرمحمدآصف ،مولانا تنویرالحسن احرار نے مختلف اوقات میں بیانات کئے جبکہ جناب ڈاکٹر محمد آصف نے ایک قادیانی شخص سے تفصیلی دعوتی نشست کی۔ نارووال سیالکوٹ ڈسکہ گوجرانولہ میں نشستیں کی گئیں جہاں مختلف اوقات میں قادیانیوں سے دعوت اسلام کے سلسلہ میں ملاقات ہوئی۔ ظفروال میں چاردن جناب ڈاکٹرمحمدآصف کاقیام رہا جہاں ختم نبوت کورس اورکئی قادیانیوں کودعوت اسلام دی گئی۔
جاتلی گوجرخان میں فہم ختم نبوت خط کتابت کورس کے شریک بھائی عبدالجبارسلطانی نے رابطہ کیاکہ جاتلی سے تیس کلو میٹردورپسماندہ علاقے میں قادیانی فتنہ پھیل رہاہے، جہاں کئی مسلمان مرتدہوچکے ہیں ہم نے سفرکی ترتیب بنائی۔ جناب مولانامحمدحنیف صابر ،ناظم مجلس احراراسلام ضلع چکوال اور مولانامحمدحذیفہ کے ہمراہ سفرشروع کیااوردر کالی پہنچے۔ جہاں گردونواح کے دیہاتوں کے لوگ جمع تھے ختم نبوت اوررد قادیانیت کے عنوان پہ سیرحاصل گفتگوکی اورعلاقے کے نوجوانوں کو متحرک ہونے کی ترغیب دی۔ حضرت مفتی محمد سفیر خلیفہ مجاز حضرت الشیخ مفتی مختارالدین شاہ سے خانقاہ دارالامان والتقوی نصیر آباد میں شرفِ ملاقات حاصل کیااور ختم نبوت کے کام کے حوالے سے سرپرستی کرنیکی درخواست کی ۔ حضرت نے دعاؤں سے نوازا۔
جناب ناظم صاحب مرکزیہ شعبہ تبلیغ ڈاکٹر محمد آصف کی سرگرمیوں کا اجمالی تذکرہ:
جناب ڈاکٹر محمد آصف نے سالِ رواں کے دوران جماعت کی آفیشل سرگرمیوں سے ہٹ کر 100سے زائدقادیانی طالبانِ حق و متلاشیان حقیقت سے انفرادی طور پر دعوتی نوعیت کی ملاقاتیں کیں۔ جبکہ متعدد متاثرہ اور متذبذب افرادسے بھی ملاقات اور گفتگو کا اہتمام کیا گیا۔
نومسلمین کااجتماع:
20-21-22نومبرکولاہورمیں نومسلمین کااجتماع ہواجس میں فکرمند نومسلم احباب کوجمع کیاگیا۔ اس اجتماع کی تفصیلی رپورٹ پچھلے شمارے میں شائع کی جا چکی ہے۔
سکول وکالجزومدارس دینیہ:
سکول وکالجزومدارس دینیہ میں متعدد ختم نبوت آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔جن میں اساتذہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
قبول اسلام:
الحمد ﷲ اس برس شعبہ تبلیغ و دعوت کی سرگرمیوں کے نتیجے میں قادیانیت کوترک کرکے بفضل اﷲ بیسیوں افرادنے اسلام قبول کیا۔ اﷲ تبارک وتعالی جماعت سے منسلک تمام افراد کی مساعی کو شرفِ قبولیت سے سرفراز فرمائیں۔اور اپنے دین کے کام میں اس اسلوب کو اختیار کرنے کی توفیق نصیب فرمائیں جو انھیں پسند ہے۔آمین!
مبلغین احرار کی مختصر کارگزاری:
مبلغین مولاناسرفراز معاویہ اور مولانا الطاف الرحمن نے پنجاب کے گیارہ سے زائد اضلاع میں ختم نبوت کے حوالے سے 300 سے زائد مساجد میں دروس اور پیغام ختم نبوت کے پروگرام منعقد کیے۔ بیسیوں انفرادی ملاقاتیں کی۔ جماعت کے ترجمان ماہنامہ نقیب ختم نبوت کو عوام الناس تک پہنچایا۔ کئی مقامات پر جماعت کے نئے یونٹ قائم کیے۔
مجلس احرار اور حالیہ تحریک دفاع صحابہؓ واہل بیتؓ:
(تحریر: محمد وقاص حیدر) طاغوتی طاقتیں وقتاً فوقتاً مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کے ذریعے ان کے ایمانوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ جس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کی شدت کو کم کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ جنگ کے ذریعے مسلمان سے جیتنا ان کے لیے ممکن نہیں اس لیے وہ اس کے جذبات سے کھیلتے ہیں اور اسے ان حساس عنوانات پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ امسال محرم الحرام میں کراچی، اسلام آباد اور پاکستان کے دیگر شہرو ں میں ہونے والے توہینِ مقدسات اسلامیہ کے دلخراش واقعات نے ایک بار پھر 1937کی طرح مجلس احرار کو تحریک مدح صحابہ کی جد و جہد تیز کرنے پر مجبور کر دیا۔جیسا کہ لکھنؤ میں 1937کو منکرین صحابہ نے توہین آمیز حرکات کی تھیں جس کے نتیجہ میں تحریک مدح صحابہ چلائی گئی اور کفر کومجبوراً صحابہ کی عظمت کو ماننا پڑا۔
اس سال توہین آمیز واقعات کے بعد تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے جب میدان سجایا تو 1937کی تحریک مدح صحابہ کی یاد تازہ کر دی۔جب مجلس احرار اسلام کے کارکنوں نے بطل حریت امیرشریعت سیدعطاء اﷲ شاہ بخاری ؒ کی قیادت و رہنمائی میں لکھنؤ کے چوکوں چوراہوں اور گلی گلی میں مدح صحابہ بیان کی اور اس وقت کے سامراج کے سامنے ڈٹ کر کہا کہ مقدس شخصیات کی توہین قطعاً برداشت نہیں جس پر مختلف جگہوں پر احرار کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تحریک چلتی رہی حتی کہ 1939میں چہلم کے جلوس میں جا کر مدح صحابہ بیان کی جس پر احرار کے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ یہاں تک کہ حکومت کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور لکھنؤ میں مدحِ صحابہ پر سے پابندی ہٹا لی گئی۔
آج جب کفر نے پھر سے توہین آمیز حرکات کرنی شروع کی تو احرار رہنما اپنے کارکنوں کو لے کر میدان عمل میں اتر آئے اورمختلف اجتماعات میں صحابہ کے دفاع میں اپنی خطابت کے جوہر دکھائے۔
نواسہ امیر شریعت سید محمد کفیل بخاری نے ملتان کی تحفظ ناموس رسالت ریلی میں خطاب فرمایا اور منکرین صحابہ کو جانشینانِ امیر شریعت حضرت مولانا سید ابو معاویہ ابوذر بخاری اور مولانا سید عطاء المحسن بخاری رحمہما اﷲ کی آواز میں للکارا اس وقت ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے پھر سے عوام میں امیر شریعت کی ایمانی روح پھونک دی ہو۔
ان حالات میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ، مجلس عمل کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی اور مولانا زاہد الراشدی سمیت دیگر علماء نے باہمی مشاورت سے تمام مسالک کی تنظیمات کے نمائندوں کو جمع کیا اور کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیتؓ کے نام سے ایک اجتماعی فورم قائم کیا۔ جس کے تحت عظمت صحابہ کے حوالے سے عوام الناس میں بیداری پیدا کی گئی۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اﷲ رب العزت ہمارے اکابر کی مساعی میں برکت اور نصرت کو شامل فرمائے اور ان کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر سلامت رکھے۔ آمین
مجلس احرار اسلام ملتان کی سال 2020 کی رپورٹ و اجمالی کار گزاری
(تحریر: فرحان حقانی)الحمد ﷲ! مجلس احرار اسلام ملتان مختلف شعبہ جات اور طبقات میں ختم نبوت، ناموس رسالت اور رد قادیانیت کے عنوان پر نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور اس محاذ پر کام کرنے والی جماعتوں سے ہر ممکنہ تعاون بھی کر رہی ہے۔
تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت 1953 کے دس ہزار شہدائے ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام ملک بھر میں ختم نبوت کانفرنسز، سیمینارز اور کنونشنز منعقد کئے جاتے ہیں۔ اسی سلسلے کی 15ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس 04 مارچ 2020ء کو دار بنی ہاشم ملتان میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا سید محمد کفیل بخاری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔اسی کانفرنس کی دعوت کے سلسلے میں مجلس احرار اسلام ملتان کے مختلف یونٹس اور دیگر مقامات پر ماہ فروری میں کل13 دروس قرآن کریم، دروس ختم نبوت، اجتماعات جمعہ سمیت مختلف اوقات میں مقامی شوری و عاملہ کے اجلاسات منعقد کئے گئے۔
13مارچ2020 ملک بھر میں عالمی و موذی وباء کورونا وائرس کے باعث تمام تر تعلیمی ادارے، بازار، سرکاری و پرائیویٹ ادارے06 ماہ کے لیے حکومتی اعلان کے نتیجے میں بند کر دیئے گئے۔ جس سے ہر سطح کے لوگ بے حد متاثر ہوئے، ایسے میں مجلس احرار اسلام کے شعبہ خدمت خلق نے ملک بھر میں شہریوں کو ان کے گھر تک اور با عزت طریقے سے ماہانہ راشن پہنچایا۔ مجلس احرار اسلام ملتان نے بھی 700 سے زائد گھروں تک ماہانہ راشن کا بندوبست کیا۔
14اگست2020ء کو مقامی جماعت کی طرف سے حسب سابق وطن عزیز کے73 ویں یوم آزادی کے موقع پر تحفظ آئین پاکستان سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی نائب امیر مجلس احرار اسلام پاکستان مولانا سید محمد کفیل بخاری نے خصوصی خطاب فرمایا۔21 اگست2020ء مجلس احرار اسلام کے بانی سید الاحرار، حضرت امیر شریعت مولانا سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمتہ اﷲ علیہ کی یاد میں اور ان کی دینی و سیاسی، ملی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 59 واں سالانہ امیر شریعت سیمینار دار بنی ہاشم میں منعقد کیا گیا۔ 07 ستمبر2020ء دار بنی ہاشم میں لاہوری و قادیانی مرزائیوں کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں 07 ستمبر 1974 کو غیر مسلم اقلیت قرار دیئے جانے کے حوالے سے سالانہ تحفظ ختم نبوت سیمینار منعقد ہوا۔
30 اگست2020ء مجلس محبان اہل بیت و آل و اصحاب رسول علیہم الرضوان کے زیر اہتمام دار بنی ہاشم میں 47ویں قدیمی سالانہ مجلس ذکر حسین رضی اﷲ عنہ منعقد ہوئی، جس میں مولانا سید محمد کفیل بخاری، مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی اور مولانا سید عطاء المنان بخاری نے بارگاہ حسینی میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
11ستمبر 2020ء مجلس احرار اسلام ملتان کے مختلف یونٹس کے ذمہ دار حضرات کااجلاس منعقد ہوا، جس کا عنوان 43ویں سالانہ دو روزہ ختم نبوت کانفرنس و جلوس دعوت اسلام چناب نگر کی تیاری تھا، جس میں کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام یونٹس کو فعال کیا گیا۔ 43ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس و جلوس دعوت اسلام میں شرکت کی دعوت کیلئے جماعتی یونٹس سمیت مختلف مقامات پر کل38 دعوتی پروگرام منعقد کئے۔ امسال چناب نگر کانفرنس میں شرکت کیلئے 08 بسوں کا قافلہ اور متعدد افراد اپنے سواریوں کے ذریعے شریک ہوئے۔
مجلس احرار اسلام کے 91 سالہ یوم تاسیس کے موقع پر مجلس احرار اسلام ملتان کے تمام یونٹس میں کل 12 پروگرامز منعقد کیے گئے۔ 29 دسمبر2020 بروز منگل، دار بنی ہاشم ملتان میں تقریب پرچم کشائی منعقد کی گئی، جس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، مولانا سید عطاء المنان بخاری اور مولانا محمد اکمل نے احرار کارکنوں سے خطاب کیا اور وطن عزیز پاکستان اور مجلس احرار اسلام کے پرچموں کو لہرایا۔