تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

لاہور(3دسمبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری نے ایوان احرارنیومسلم ٹاؤن لاہورمیں ماہانہ درس قرآن پاک کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ دین مکمل ضابطہ حیات ہے ،اﷲ پاک کے نزدیک دین صرف اسلام ہے ،اسلام ایسا دین ہے جوتمام زمانوں کے لیے کافی ہے ،اسلام کو کبھی زوال نہیں ہوگا،دین سے پھرجانے والوں سے اﷲ کوکوئی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اﷲ اور اس کے رسول ﷺ کا ساتھ دیں ،دین کو سب پر مقدم رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت مسلمان کے ایمان کی اساس ہے اور قرآن پاک سرچشمہ ہدایت ہے ،شعائر اسلامی کی بے حرمتی مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کرسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان ایک اسلامی ریاست تھی جس کو طاغوطی طاقتو ں نے تہس نہس کر دیا لیکن اﷲ نے ان کی مدد کی اور عالمی طاقتیں جدید ترین ٹیکنالوجی اور افرادی قوت رکھنے کے باوجود آج افغانستان سے نکلنے کا محفوظ راستہ مانگ رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کرتارپورراہداری سکھوں کے نام پر قادیانیوں کو سہولت دینے کے لیے کھولا گیاہے ، دینی جماعتوں کے رہنما اس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں،قادیانیوں کے داخلے کو روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضح کی جائے۔
لاہور(3دسمبر)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے امریکہ کی جانب سے توہین رسالت کے مرتکب (ملزم)ملتان کے سابق لیکچرر جنیدحفیظ کو ظلم کا شکار قراردینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایاہے اورکہاہے کہ یہ سب کچھ دراصل نیوورلڈآرڈر کا حصہ ہے اور اقلیتوں کے تحفظ کے نام پر مسلمانوں اور ان کے عقائد کو زیر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیرعبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی(USCIRF)نے ملتان میں توہین رسالت کے ملزم سابق لیکچررجنید حفیظ کو عالمی ظلم کے شکار (گلوبل وکٹم ڈیٹابیس)کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ملتان میں اس کی جان کو جن شدید خطرات کا اظہارکیاوہ من گھڑت ہے اور پاکستان کے قانون اور عدالتوں پر عدم اعتماد کے مترادف ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ توہین رسالت کے ملزموں کوامریکہ اور بین الاقوامی لابیاں ہائی لائٹ کرکے ان کو بچانے کے لیے دباؤ بڑھاتی ہیں اور پاکستان جیسے ملک کے حکمران اور فیصلہ کرنے والی قوتیں توہین رسالت کے ملزمان کو ماورائے آئین وقانون رہاکرواکر نہ صرف بیرون ممالک سیٹل کرواتی ہیں بلکہ پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کرکے اس کوبدنام کیاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ جنیدحفیظ کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور کسی قسم کانارواسلوک اس کے ساتھ نہیں برتا جارہااورنہ ہی کسی جانبداری کا مظاہرہ کیا جارہاہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستانی قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے غیر جانبدارانہ تجزیہ کیاکریں اور جناب نبی کریمﷺ کی توہین کرنے والوں کی جانبداری ترک کردیں۔

لاہور(5دسمبر) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ اس وقت ملک میں سیاسی محاذ آرائی دراصل سیکرلر انتہاپسندی کا شاخسانہ ہے اگر ہم حقیقت میں گھمبیرمسائل اورمشکلات سے نکلنا چاہتے ہیں تو قیام ملک کے اصل مقصد اسلامی نظام کو نافذ کردیاجائے ،بصور ت دیگر فلاح کا کوئی راستہ باقی نہیں ۔گزشتہ روز راولپنڈی اوراسلام آباد کے ایک روزہ دورے کے موقع پر محلہ آریا لیاقت باغ راولپنڈی میں چودھری صادق حسین کی رہائش گا ہ پررفقاء احرار سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ صدرپاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی طرح سینیٹ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے سپیکرکے لیے بھی مسلمان ہونے کی شرط آئین کا حصہ ہونا چاہیے، کیونکہ صدر پاکستان کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینیٹ اور سپیکرقومی اسمبلی کی ذمہ داریاں اس با ت کا تقاضا کرتی ہیں کہ کہیں اس وجہ سے کوئی بحران پیدانہ ہو۔انہوں نے کہاکہ سول اور فوج کے اہم عہدوں سے قادیانیوں کو فی الفور ہٹایاجانا ملکی سلامتی کا تقاضاہے ۔انہوں نے مجلس احراراسلام کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے عقیدہ ٔ ختم نبوت کے تحفظ کی پر امن جدوجہد کو تیز کردیں اور 29 دسمبر کو ’’یوم تاسیس احرار‘‘ نئے جوش وجذبے کے ساتھ منائیں۔ اس موقع پر مولانا عبدالرحمن ،محمد ناصر ، خالد محمودکھوکھر، مولانا محمد وقاص اور اعجاز محمودبھی موجودتھے ۔

لاہور(7دسمبر) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے جامع مسجد ختم نبوت چند رائے روڈ لاہورمیں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدارحکمران سیاست مدینہ سے کوسوں دورہیں اور ریاست مدینہ کا نام ایکسپلائٹ کیاجارہاہے جوکسی طوربھی قرین قیاس اور قرین انصاف نہیں ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی کام عقائد کی تعلیم اور اس تعلیم کی بنیاد پر افراد کی تربیت اورپھر اسلامی ریاست کا قیام ہے لیکن یہاں تو سب کچھ الٹ چل رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور عالم کفر ہمارے عقیدے پر وار کررہاہے جبکہ ہمارے حکمران امریکہ اور عالم کفر کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں ایسے میں ریاست مدینہ کے نام پر دھوکہ کھانے کی بجائے اس کے تصور کو علمی وفکری طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ سابق فوجی آمر پرویز مشرف کو اس کے منطقی وفطری انجام تک پہنچادینا چاہیے جو قوتیں پر ویز مشرف کو بچانے میں لگی ہوئی ہیں وہ غدار اور قاتل کو بچانا چاہتی ہیں ،جوملک اور قوم کے ساتھ بھی ظلم ہے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانی فتنے کی جڑیں کاٹنے کی بجائے اسے پنپنے کے مواقع اور وسائل مہیا کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کے قیام کے بعد جناب نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے پوری دنیاپرحکمرانی کی اور دنیا کے سماج اورکلچر کو بدل کے رکھ دیا آج بھی ہم اسی انقلاب اور قیام ریاست مدینہ کی پیروی کرنا چاہتے ہیں توپھر اسی اسوہ ٔ کی مکمل پیروی کرناہوگی۔بعدازاں عبداللطیف خالدچیمہ نے مرکزی دفتراحرار لاہورمیں میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احرار ، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری،قاری محمد قاسم بلوچ ،ڈاکٹرضیاء الحق قمر،باباحبیب احمد،مہراظہرحسین وینس اوردیگر رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات اور مشاورت کی جس میں طے پایاکہ 29۔دسمبر کو ملک بھر میں یوم تاسیس احرار جوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا۔

لاہور(8دسمبر) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری کی جانب سے آنجہانی قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کو ہیرو اور مشنری مین قرار دینے کے حوالے سے اپنے ردعمل میں اسے حقیقت کے برعکس قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں اس کی مذمت کی ہے اورکہاہے کہ ڈاکٹر عبدالسلام نے وطن عزیز کے ایٹمی راز امریکہ کو فراہم کرکے امریکہ کا حق الخدمت ادا کیا اور اس بات کا حوالہ سابق بیوروکریٹ زاہد ملک نے اپنی کتاب اسلامی بم اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان میں دیاہے ،اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالسلام نے پاکستان کو لعنتی ملک قرار دیتے ہوئے ایک سائنسی کانفرنس میں شرکت کرنے سے یہ کہہ کر انکار کیاتھا کہ ’’میں ایسے لعنتی ملک پر قدم نہیں رکھنا چاہتاجہاں کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیا ہو‘‘۔عبداللطیف خالدچیمہ نے لاہور سے چیچہ وطنی روانگی سے قبل اپنے بیا ن میں کہاکہ آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی بجائے ان کیخلاف سازشوں کو آگے بڑھایاجارہاہے اور آئین کی اسلامی دفعات خصوصاًقانون توہین رسالت اور قانون تحفظ ختم نبوت کو غیر مؤثر یا ختم کرنے کے لیے طویل دورانیے والی خطرناک سازشیں ہورہی ہیں لیکن نامساعد حالات کے باوجود یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے لاہور میں بم دھماکے اور امن وامان کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اورکہاکہ موجودہ سیاسی انتہاپسندی اورکرپشن نے ملک کا دیوالیہ کرکے رکھ دیاہے ایسے میں سودی معیشت سے نجات اور اسلامی نظام کا مکمل نفاذہی ہماری دنیا وآخرت کی
ضمانت فراہم کرسکتاہے ۔

لاہور ( 9دسمبر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکر ٹر ی میاں محمد اویس صاحب نے کہا کہ عقید ہ ختم نبوت وحدت امت کی بنیاد ی علامت ہے ۔ حضور ﷺ کی فرما نبرداری میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے انہو ں نے ایوان احرار میں کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری ہمیں اپنے اکابرین سے ورثہ میں ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی ملک کیخلاف مہرے کے طور پر استعما ل ہو رہے ہیں ۔ سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کے کردار سے نئی نسل کو آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت روح ایمان کا چراغ ہیـ’’ اور یہ چراغ ہم قیامت کی صبح تک بجھنے نہیں دیں گے ‘‘۔ انہو ں نے کہا کہ ہم انشاء اﷲ تعالیٰ عقید ہ ختم نبوت پر کسی قسم کی لچک نہیں دکھائیں گے ۔اور آخری سانس تک اس عقیدہ کا تحفظ اپنی پوری ذمہ داری کے ساتھ کریں گے۔

اسلام آباد (10دسمبر)اسلام آباد بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکر ٹری راجہ یاسر شکیل ایڈوو کیٹ نے کہا ہے کہ جولائی 2019 میں اسلام آباد بار ایسو سی ایشن نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ بار کی آئندہ ہونے والی ممبر شپ کے لیے عقیدہ ختم نبوت پر مکمل یقین وایمان والے حلف نامہ کو لازمی قرار دیا جائے چناچہ اس قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا تھا اور لازمی قرار دیا گیا تھا کہ وکلاء اس حلف پر مکمل عمل در آمد کریں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکر ٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ کو راجہ یاسرشکیل ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ اس حلف کی اس لئے ضرورت پیش آئی کہ قادیانی اپنا بھیس بدل کر بار ایسوسی ایشن کو دھوکہ دیتے تھے انہوں نے بتایا کہ 2020کے لئے نئی ممبر شپ حاصل کرنے والے وکلاء تیزی کے ساتھ عقیدہ ختم نبوت کا حلف نامہ بار ایسو سی ایشن اسلام آ باد کے دفتر سے حاصل کر کے ضابطے کے مطابق جمع کروا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کہ قادیا نیت کے اسلام اور پاکستان مخالف ہتھکنڈوں کا سد باب کیا جا سکے عبداللطیف خالد چیمہ نے اس فیصلہ پر عمل در آمد کا خیر مقدم کر تے ہوے ملک بھر کی وکلاء تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنی اپنی بار ایسو سی ایشنز کے لیے اس قسم کے حلف نامے کو لازمی قرار دیں ۔

لاہور (13دسمبر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے خطباء اور مبلغین ختم نبوت نے مختلف مقامات پر اجتماعات جمعۃ المبارک سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی پر امن جد جہد وطن عزیز کی بقاء وسلامتی کی ضامن ہے اور ہمارے ایمان کی بنیاد بھی ۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ ارتداد مرزائیہ اس دور کا سب سے بڑا فتنہ ہے اسکی سرکوبی کے لئے جنگ یمامہ سے لے کر اب تک شہاد توں اور قربانیوں کا لازوال سلسلہ جاری ہے۔ مبلغین نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ وحدت امت کی ضمانت بھی مہیا کرتا ہے ۔ اور تاریخ شاہد ہے کہ امت جب بھی اکھٹی ہوئی تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے عقیدے پر اکٹھی ہوئی اور جان و مال کی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا گیا ۔قاری محمد یوسف احرار ،مولانا محمد مغیرہ ، مولانا تنویر الحسن احرار ، قاری محمد قاسم بلوچ ، مولانا محمد سر فراز معاویہ، مولانامحمداکمل ،قاضی ذیشان آفتاب ، اور دیگر رہنما ؤں نے اپنے اپنے خطاب اور بیانات میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تحریک تحفظ ختم نبوت کی کوشش کو نہ مسائد حالات کے باوجود اورملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہر حال میں جاری رکھا جائے گا ۔علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل میاں محمد اویس نے اپنے بیان میں پی آئی سی میں بعض وکلاء کی انسانیت سوز غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہسپتالوں کو تو جنگوں میں دشمن بھی استثناء دے دیتے ہیں لیکن یہاں توقانون کے ماہرین اور رکھوالوں نے انسانیت پر جو ظلم ڈھایا ہے اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ وکلاء کی غنڈہ گردی میں شامل وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کو بچایا جارہا ہے ۔

لاہور(16دسمبر)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ اگر قیام ملک کے وقت کے وعدے یعنی اسلامی نظام نافذ کردیاجاتا توملک کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدیں محفوظ رہتیں اور سقوط ڈھاکہ جیساسانحہ پیش نہ آتا ۔16دسمبر یوم سقوط ڈھاکہ کے حوالے سے قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ یہ خطہ طویل قربانیوں کے بعد حاصل کیاگیاتھا لیکن اس کے اقتدار پر براجمان رجیم نے اس کو حاصل کرنے کے مقاصد سے پوری طرح انحراف برتااوروعدوں کے مطابق قرآن وسنت کا نظام نافذنہ کیاگیاجس کی وجہ سے مشرقی پاکستان میں نفرتوں کے بیج بوئے گئے اور آخر کار سقوط ڈھاکہ جیساسانحہ رونماہوا ۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ مشرقی پاکستان میں مغربی پاکستان کیخلاف نفرتیں ابھارنے میں قادیانیوں نے اپنا مکروہ کردار اداکیااور اس کا تذکرہ شہید پاکستان مولوی فریداحمد نے اپنی کتاب میں بھی کیاہے ۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ اکھنڈبھارت کا نام نہاد الہامی عقیدہ رکھنے والی قادیانی جماعت اب بھی اکھنڈبھارت کے لیے سازشیں کررہی ہے اور یہ سب کچھ امریکی وصہیونی ایجنڈے کے مطابق ہورہاہے تاکہ ایک ماڈل اسلامی ریاست وجود میں نہ آجائے۔میاں محمد اویس نے کہاکہ ملکی وحدت کو قائم رکھنے کے لیے علاقائی ونسلی تعصبات سے بالاتر ہوکر پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان آپس میں لازم وملزوم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت اورطبقہ واریت سے جان چھڑانے کا ایک ہی راستہ ہے اوروہ ہے اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کا نظام قائم کرنا۔

مجلس احر اراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں نے سانحہ اے پی ایس کے دن کی مناسبت سے کہاہے کہ انتہائی دکھ اور کرب کی بات ہے کہ نونہالان قوم کو گاجرمولی کی طرح کاٹاگیااور قوم کے معماروں نے اس قسم کے سانحات کی اصل وجوہ تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی ۔رہنماؤں نے کہاکہ بے گناہ انسانوں اورمعصوم جانوں کا قتل،قتل ناحق ہے یہ پوری انسانیت کا قتل ہے اس قسم کے گھمبیرمسائل سے نجات کا واحد راستہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق ملک میں اسلام کاعادلانہ نظام کا نفاذہے ۔انہوں نے کہاکہ سیکولر انتہاپسندی اورسیاسی انارکی نے ملک کی سیاسی واقتصادی جڑیں کھوکھلی کرکے رکھ دی ہیں اور حصول اقتدار کی کشمکش نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرارنے بتایاہے کہ مجلس احرار اسلام کا 90سالہ یوم تاسیس ملک بھر میں جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائیگا اور احراری روایات کے مطابق پرچم کشائی کی تقریبات بھی ہوں گی۔

لاہور(17دسمبر) مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت نے سابق صدر پاکستان ،ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی طرف سے سزائے موت کے فیصلے کو مکافات عمل قراردیاہے ۔قائد احرارسیدعطاء المہیمن بخاری ،عبداللطیف خالدچیمہ ،سید محمد کفیل بخار ی اور میاں محمد اویس نے اپنے ردعمل میں کہاہے کہ پرویز مشرف نے آئین کو توڑا،بنیادی حقوق سلب کیے بے گناہ انسانوں کو قتل کیا۔قومی مفادات ذبح کیے ،لال مسجد کے بچوں اور بچیوں کو لہولہان کیاسفاکیت اورظلم کی انتہا کردی اب اس کیخلاف عدالتی فیصلے نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس سے حکمرانوں اورسیاستدانوں کو عبرت حاصل کرنی چاہیے ۔

لاہور(20دسمبر) مجلس احرار اسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں اورمبلغین نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کے فیصلے کو قانون کی حکمرانی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاہے کہ جوں جوں جبر اورتعصب کے بادل چھٹیں گے حقیقت آشکارا ہوتی جائے گی۔رہنماؤں اورمبلغین نے کہاکہ قوم کے فرزندوں اور بیٹیوں کو ڈالروں کے عوض امریکہ کو فروخت کرنے والے پرویز مشرف کو اس سزا کا سنایا جانا بربنائے حقیقت ہے اور مظلوموں ،مقتولوں اور شہیدوں کے ورثاء کے دل کی آواز بھی۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احراراور ڈاکٹرعمرفاروق احرار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ عدالتی فیصلے کے خلاف مہم جوئی آئین وقانون سے ماوراہے اور کوئی بڑی سے بڑی بااثرشخصیت بھی آئین اور قانون سے بالانہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے مختلف حصوں میں اورخصوصاًلال مسجد میں بچوں اور بچیوں کے چیتھڑے آج بھی پرویز مشرف سے انتقام کی صدا لگارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی اور وقتی مصلحتوں کے تحت کسی ظالم کے ظلم کو چھپایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی دوقراردادیں منظور ہونے کا خیر مقدم کیاہے اورکہاہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے مواخذے کا رواج پڑناچاہیے کہ یہ جمہوریت کی روح ہے ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے سید محمد کفیل بخاری کے چچا ڈاکٹر سید ابوذر بخاری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔

لاہور(22دسمبر) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ نئے عالمی معاہدات کے تحت پاکستان میں دینی مدارس کیخلاف گھیر اتنگ کرنے کا نیاراؤنڈشروع ہورہاہے ۔ایف اے ٹی ایف کی طرف سے حکومت پاکستان کو 150سوالات پر مشتمل سوالنامہ ارسال کیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دینی مدارس کے متعلق باربار اس قسم کی پالیسیزدراصل نئے قانونی اقدامات کی ابتداء ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں قرآنی تعلیمات کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ تمام مکاتب فکرکے وفاقوں کو اس قسم کے بین الاقوامی دباؤ کی گہرائی پر سنجیدگی سے غور کرکے مشترکہ لائحہ عمل کی طرف آنا چاہیے تاکہ دینی مدارس قانون کے مطابق آزادانہ ماحول میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
ملتان (6دسمبر) مجلس احرار اسلام ملتان کے ذمہ داران و کارکنان کا اجلاس ضلعی امیر مولانا محمد اکمل کی صدارت میں 6 دسمبر 2019 مطابق 8 ربیع الثانی 1441 ھ بروز جمعہ دار بنی ہاشم میں منعقد ہوا جس میں چناب نگر میں ہونے والی 42 ویں سالانہ احرار ختم نبوت کانفرنس کا جائزہ لیا گیا اور اس کو آئندہ مزید بہتر کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ مجلس احرار کے 90 سالہ یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان کی جماعت کے اب تک الحمد ﷲ دس یونٹس قائم ہوچکے ہیں جن میں سے ضلع ملتان کی جماعت کی شوریٰ وعاملہ کی تشکیل دی گئی اور ارکان کا انتحاب کیا گیا ہے۔

3روزہ دورہ ضلع گجرات :22,21,20 دسمبر 2019ء (رپورٹ: محمدسفیان ناگڑیاں)
مجلس احراراسلام ضلع گجرات کے امیر قاری محمدضیاء اﷲ ہاشمی کی دعوت پر مجلس احراراسلام پنجاب کے ناظم مولانا تنویرالحسن احرار 19دسمبر کو ضلع گجرات کے تین روزہ جماعتی و دعوتی دورہ پر ضلع گجرات تشریف لائے۔ 20دسمبر کی صبح بعد نماز فجر جامع مسجد احرار ماڈل ٹاؤن گجرات میں درس قرآن دیا۔ صبح 10 بجے حضرت امیر شریعت رحمہ اﷲ کے آبائی گاؤں ناگڑیاں روانہ ہوگئے۔ حضرت امیر شریعتؒ کے والد ماجد حضرت حافظ سید ضیاء الدین بخاریؒ اور خاندان کے دیگر بزرگ اسی گاؤں میں تہہ خاک آرام فرما ہیں۔ 20 دسمبر کا خطبہ جمعہ قائد احرار ابن امیرشریعت پیرجی سید عطاء المہیمن شاہ بخاری مدظلہ کے مخلص دوست مولانا غلام رسول شوقؒ کی جامع مسجدخلافت راشدہ کوٹلہ میں دیا، اسی طرح چوہڑپور، ناگڑیاں، چوہڑچک، سدوال کلاں، عمر وال، چھوکرخورد، میں دروس قرآن و تحفظ ختم نبوت پیش فرمائے ۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام کے 90 سالہ یوم تاسیس کے حوالے سے ضلع گجرات کے کارکنان میں تحرک پیدا کیا اور اس موقع پر ایک پر وقار تقریب منعقد کرنے بارے مشاورت کی۔ انہوں نے کارکنان احرارسے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ اکابر احرار نے سب سے پہلے اجتماعی صورت میں ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد کو برصغیر میں شروع کیا اور الحمد ﷲ 90 سال ہوگئے ہیں کہ ختم نبوت کا پیغام گھر گھر پہنچایا جارہا ہے اور دشمنان دین کی سازشوں اور فتنۂ قادیانیت سے عوام الناس کو مکمل آگاہی دی جارہی ہے۔ مسلمانوں کے ایمانوں کو بچانے اور غیر مسلموں کو دعوت اسلام دینے کی محنت پہلے سے زیادہ منظم انداز میں جاری ہے ۔ الحمد ﷲ اب تک بہت سے قادیانی، عیسائی اور بہائی مبلغین احرار کی محنت سے دائرہ اسلام میں بلا جبر واکراہ داخل ہوکر اپنی زندگیاں رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق گزار رہے ہیں۔

21 دسمبر مولانا تنویر الحسن احرار نے قاری ضیاء اﷲ ہاشمی کے ہمراہ امیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ کے استاد حضرت مولانا قاضی عطاء محمد جو کہ راجوال گاؤں ضلع گجرات کے تھے ان کی قبر پر حاضری دی، 21 دسمبر مجلس احراراسلام ملکہ ضلع گجرات کے رہنما مولانا سعد کامران صاحب ناگڑیاں تشریف لائے مولانا تنویرالحسن احرار اور قاری ضیاء اﷲ ہاشمی سے ملاقات کی اور موجودہ حالات پر خیالات کا اظہار کیا، مولانا تنویرالحسن احرار نے ضلع گجرات کے علماء کرام سے ملاقاتیں کیں، اﷲ کے فضل وکرم سے دورہ کامیاب رہا، قاری ضیاء اﷲ ہاشمی، بھائی کاظم اشرف احرار، راقم اور حافظ عطاء المحسن، مولانا کے رفیقِ سفر رہے، اﷲ تعالی مولانا کی محنت کو قبول فرمائے اور اس دورے کو علاقہ بھر کے لیے باعث رحمت بنائے، آمین
مجلس احرار کے مبلغین کا دورہ جنوبی پنجاب
مجلس احراراسلام کے ناظم دعوت وتبلیغ ڈاکٹر محمد آصف، ضلع ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل اور مبلغ احرار مولانا مفتی نجم الحق پر مشتمل تین رکنی

وفد نے 13 دسمبر بروز جمعۃ المبارک ضلع مظفر گڑھ حلقہ جنوبی پنجاب کا دعوتی وتبلیغی دورہ کیا۔ ڈاکٹر محمد آصف نے ڈاکٹر عبد الرؤف (امیر مجلس احرار جتوئی سٹی) کے ہمراہ جامع مسجد گرڈ چوک جتوئی میں، مولانا محمد اکمل نے مرکزی عید گاہ بستی بانہ شریف روہیلانوالی میں احرار کارکن مولوی محمد شمشاد اور حافظ محمد سلیمان کے ہمراہ اور مولانا مفتی نجم الحق نے احرار کے قدیم مرکز جامع مسجد بڑی بستی آرائیں جتوئی میں ڈاکٹر ریاض احمد اور بزرگ احرار کارکن استاد اﷲ بخش کی دعوت پر اجتماعات جمعہ میں عقیدۂ ختم نبوت اور اصلاح امت کے عنوانات پر خطابات کیے۔ جبکہ بعد ازاں تمام مقامات پر احرار کاکنان سے گفتگو اور مشاورت ہوئی جس میں مجلس احرار اسلام کے نوے سالہ یوم تاسیس کے حوالے سے تقریبات منعقد کرنے اور جماعت کی تنظیم اور کام کو مزید وسیع کرنے کے حوالے سے ترغیب دی گئی۔ احرار کارکنان نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ مجلس احرار اسلام کی دعوت کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں گے اور حضرت امیر شریعت رحمہ اﷲ کے مشن کو زندہ رکھیں گے۔
روداد مبلغین احرار کا دورہ لیاقت پور(عبد المنان معاویہ)
چنی گوٹھ تحصیل لیاقت پور کے مضافاتی گاوں 6/ چک اعواناں والا میں قادیانی ریشہ دوانیاں دن بدن بڑھ رہی تھی حتی کہ وہاں قادیانی اپنی غیر قانونی عبادت گاہ کھلے عام بنوا رہے تھے جب اس بات کا علم مفتی زبیر صاحب کو ہوا تو انہوں نے اس پر اسٹینڈ لیا۔ان کے بھائی حافظ عبدالرشید صاحب کا مجاہد ختم نبوت حاجی عبداللطیف خالد چیمہ صاحب مدظلہ سے رابطہ ہوا۔ چیمہ صاحب سے مشاورت قادیانی کام رکوانے تک مسلسل لمحہ بہ لمحہ جاری ہے۔ اﷲ کے فضل و کرم سے قادیانی عبادت گاہ قانونی طریقہ سے رکوا دی گئی۔
اسی سلسلہ میں اہل علاقہ نے ایک دینی اجتماع کا پروگرام بنایا،کافی سوچ بچار کے بعد یہ طے ہوا کہ یہ پروگرام بارہ ربیع الاول کے بعد منعقد کیا جائے۔ سو مفتی زبیر صاحب نے کسی توسط سے تیرہ ربیع الاول کو مجاہد ختم نبوت حاجی عبداللطیف خالد چیمہ صاحب سے ’’ختم نبوت کانفرنس‘‘ میں شرکت کے لیے رابطہ کیا،لیکن افسوس اس تاریخ کو چیمہ صاحب کی دیگر مصروفیات پہلے سے طے تھیں۔ لیکن انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کے لیے مجلس احرار اسلام صوبہ پنجاب کے ناظم حضرت مولانا مفتی تنویر الحسن نقوی صاحب مدظلہ اور مبلغ مجلس احرار اسلام مولانا سرفراز معاویہ صاحب کو حکم دیا۔
23نومبر بروز ہفتہ ملتان سے رات بعد نماز عشاء اﷲ آباد پہنچے۔ علاقے بھر سے دیگر احباب سمیت بزرگ عالم دین حضرت مولانا غلام محمد نقشبندی مدظلہ،جناب ماسٹر ابراہیم،جناب شیخ ارشد عادل، جناب سید عثمان مشتاق ملاقات کے لیے آئے۔ رات تقریبا گیارہ بجے تک نشست رہی۔ 24 نومبر صبح بعد نماز فجر مکی مسجد محلہ راجپوت میں مولانا سرفراز معاویہ صاحب اور مسجد بلال مین بازار الٰہ آباد میں مفتی تنویر الحسن نقوی صاحب نے درس قرآن دیا۔ طے پروگرام کے تحت دونوں مبلغین ختم نبوت نے اپنے اپنے درس میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت اور مجلس احرار اسلام کا تعارف کروایا۔
بعد ازاں ناشتے کے بعد 6/ چک اعوانوں والے کی جانب روانہ ہوئے۔ وہاں مولانا سرفراز معاویہ نے اپنے بیان میں عقیدہ ختم نبوت اور مجلس احرار اسلام کی عقیدہ ختم نبوت کے سلسلہ میں جدوجہد پر مفصل گفتگو کی۔ ان کے بعد مفتی تنویر الحسن نقوی صاحب کا مدلل و مفصل بیان ہوا، جس میں مفتی صاحب نے سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وسلم اور عقیدہ ختم نبوت پر بڑے احسن و عام فہم انداز میں گفتگو فرمائی اہل علاقہ نے مبلغین احرار کے بیانات کو بہت سراہا۔
پروگرام سے فارغ ہوکر لیاقت پور میں حضرت مولانا قاری ظہور رحیم عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے ہاں جانا ہوا ان سے ملاقات ہوئی اور بعد نماز عصر الٰہ آباد کی طرف دوبارہ سفر کا آغاز ہوا، یہاں مولانا غلام محمد چشتی صاحب مدظلہ کے مدرسہ میں بعد نماز مغرب سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وسلم کانفرنس تھی۔ جس میں مولانا سرفراز معاویہ نے حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے عقیدہ ختم نبوت پر جنگ۔ یمامہ میں بارہ سو صحابہ کرام کا شہید ہونا اور صحابہ کرام کا نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کا اتباع سنت بیان فرمایا۔ ان کے بعد مفتی تنویر الحسن نقوی صاحب نے سیرت النبی کے مختلف حسین گوشے اپنے خوبصورت انداز میں بیان فرمائے۔ امیر شریعت رحمہ اﷲ اور احرار کا تعارف بھی کروایا۔
رات ساڑھے آٹھ بجے دوبارہ چنی گوٹھ کی طرف روانگی ہوئی جہاں جناح کالونی مسجد طہٰ میں ختم نبوت کانفرنس تھی وہاں مفتی تنویر الحسن نقوی صاحب کا مدلل ومفصل خطاب ہوا۔ رات ساڑھے بارہ بجے وہاں سے نکلے اور پونے دو بجے گھر پہنچے۔ مبلغین احرار کا یہ مختصر دورہ الحمد ﷲ کامیاب اور مفید رہا، اﷲ تعالیٰ اکابرکے اس گلشن کو آباد رکھیں اور ختم نبوت کے مقدس مشن کی حفاظت کے لیے ہمیں قبول کرلے۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.