تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

لاہور(یکم مارچ)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ امریکہ ،طالبان امن معاہدے کو ہم دراصل بیرونی مداخلت کی شکست اور طالبان کی فتح سے تعبیرکرتے ہیں ۔آخری فتح ان شاء اﷲ تعالیٰ اہل حق کی ہوگی ،انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے زیراہتمام ایوان اقبال لاہورمیں سالانہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کے بعد احراررہنماؤں نے مرکزی دفتر لاہورسے جاری اپنے بیان میں کہاکہ عمران خان کی حکومت نے امریکی قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے نکالنے کے باوجود اس سے مشاورت جاری رکھی ہوئی ہے اور گزشتہ دنوں مہنگائی کے توڑ کے لیے وزیر اعظم نے جو اجلاس بلایا میڈیا کے مطابق اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں عاطف میاں کو ویڈیولنک کے ذریعے شامل بھی کیاگیا اور اس کی گفتگو بھی کرائی گئی جس سے ظاہر ہوتاہے کہ موجودہ حکومت قادیانیت کے نرغے میں ہے۔ جو اہلیان پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

لاہور(۳؍مارچ)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہارکیاہے کہ موجودہ حکومت کی بالکونیوں میں قادیانی عناصر کا اثرو نفوذ بڑھتا جا رہا ہے جو ہولناک کشیدگی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ ریاست مدینہ کے دعوؤں کی نفی ہے جبکہ حج فارم کے ایک حصے سے عقیدۂ ختم نبوت والے حلف نامے کو حذف کرنا کوتاہی یاغلطی نہیں سازش کا حصہ تھا ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حج اور عمرہ کے بھیس میں جانے والے قادیانیوں کا تدارک نہ کرنا حرمین شریفین کی توہین کے زمرے میں آتاہے اس کا ملکی وبین الاقوامی سطح پر سدباب کیا جانا ضروری ہے۔

ملتان (۴؍ مارچ) شہداء ختم نبوت کا مشن قیامت تک جاری رہے گا۔ عقیدۂ ختم نبوت کی تبلیغ اور قادیانیوں کو اسلام کی دعوت شہداء کا مشن ہے۔ پیغام ختم نبوت پوری دنیا میں پھیلاتے رہیں گے، یہ ہمارا آئینی و دینی حق ہے۔ قادیانی اسلام قبول کر لیں یا اپنی آئینی حیثیت تسلیم کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار پندرھویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس سے مقررین نے کیا۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ قادیانی وائرس سے مسلمانوں کے ایمانوں کا بچانا ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ قادیانیوں کے بارے میں آئینی ترمیم کا خاتمہ عالمی استعمار کا ایجنڈہ ہے۔ اسلام کی عظمت، وطن کے دفاع اور آئین کے تحفظ کے لیے ہم اپنی جانیں قربان کر دیں گے۔ آئین کی اسلامی دفعات کو چھیڑا گیا تو عوام پوری قوت سے مزاحمت کر کے آئین کو بچائیں گے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید عطاء اﷲ شاہ بخاری نے کہا کہ اسلام ہی امن و استحکام کا ضامن ہے۔ حکمران مغربی ایجنڈے کے بجائے آئین پر عمل کریں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں فحاشی وعریانی اور بے حیائی کا فروغ آئین اور قیامِ پاکستان کے مقاصد کے منافی ہے۔ عوام آئین کے منافی ایجنڈے کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔
کانفرنس سے مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، مولانا سید عطاء المنان بخاری، مولانا جمیل الرحمن بہلوی، عالمی مجلس تحفظِ ختم نبوت کے رہنما مولانا وسیم اسلم، حافظ محمد اکرم احرار، شیخ حسین اختر لدھیانوی، فرحان الحق حقانی، مولانا محمد احمد رشید، حافظ عمر فاروق، عبد الغفور معاویہ، مفتی محمد قاسم احرار اور دیگر علماء و کارکنانِ احرار نے بھی خطاب کیا۔

لاہور(۶؍مارچ)تحریک ختم نبوت ۱۹۵۳ء کے دس ہزار شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مجلس احرار اسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھر میں ’’یوم شہد اء ختم نبوت‘‘ جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف اجتماعات کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اورخطباء عظام نے اپنی اپنی مساجد میں خطبات جمعۃ المبارک کے موقع پر شہداء ختم نبوت ۱۹۵۳ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دس ہزارنفوس قدسیہ نے جام شہادت نوش کرکے فتنہ ارتداد مرزائیہ کا راستہ روکا اورپاکستان کو قادیانی سٹیٹ بننے سے بچالیا۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سیدعطاء المہیمن بخاری ،پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی،جمعیت علما ء اسلام پاکستان (س) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی،جمعیت علماء اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان ،جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید،جمعیت علماء پاکستان کے رہنماقاری محمد زوار بہادراورسردارمحمد خان لغاری،سیدمحمد کفیل بخاری،عبداللطیف خالد چیمہ،سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری،رانا محمد شفیق خاں پسروری،مولانا محمد الیاس چنیوٹی،قاری محمدرفیق وجھوی اورکئی دیگر رہنماؤں نے اپنے اپنے بیانات اورخطبات جمعۃ المبارک میں کہاکہ عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کی اساس ہے یہ عقیدہ نہ ہوتوامت واحدہ کا تصور معدوم ہوجاتاہے ۔
سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ ۱۹۵۳ء کے دس ہزار شہد اء ختم نبوت ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کے مشن کو رواں دواں رکھنا ہماری زندگی کا مقصد ہے ۔مولانا زاہدالراشدی نے کہاکہ ہم دستور کی بالادستی کے لیے قادیانیوں کوان کی متعینہ آئینی حیثیت میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے طرف داری اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں ۔تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعیدنے کہاکہ شہد اء ختم نبوت کی قربانی رنگ لائے گی اور اسلامی نظام اس ملک کا مقدر بن کررہے گا۔مولانا عبدالرؤف فاروقی نے کہاکہ امتناع قادیانیت قانون پر عمل درآمد نہ کرنا کشیدگی کا باعث بنتاہے ۔قاری محمد زوار بہادرنے کہاکہ علماء اہلسنت نے ہمیشہ عشق رسالت صلی اﷲ علیہ وسلم کا مظاہرہ کرتے ہوئے قادیانیت کا تعاقب کیا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔مولانامحمد الیاس چنیوٹی نے کہاکہ موجودہ حکومت قادیانیوں کو پروموٹ کررہی ہے اوردین دشمنی کا مظاہرہ کررہی ہے جس کا تمام مکاتب فکرکو فوری نوٹس لینا چاہیے ۔ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ اقتدار کے ایوانوں میں دستور کی اسلامی دفعات خصوصاامتناعِ قادیانیت ایکٹ اور قانون تحفظِ ناموسِ رسالت کے خلاف خطرناک سازشیں ہورہی ہیں۔ جن کوبے نقاب کرنا ہم سب کی ذمہ داری اور وطن سے محبت کا تقاضابھی۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ مجلس احراراسلام تحریک ختم نبوت کی بانی جماعت ہے ہم شہداء ختم نبوت کے خون کے وارث ہیں اور اس قافلے کو منزل پر پہنچاکر دم لیں گے۔عبداللطیف خالدچیمہ نے مسجد شہد اء ساہیوال میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نئی نسل کے ایمان وعقیدے کو بچانے کے لیے ہمیں اپناکردار اداکرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی استعمار اور سامراجی قوتیں وطن عزیز پاکستان کی اسلامی شناخت کو مٹانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کے خلاف ۱۹۵۳ء ، ۱۹۷۴ء اور۱۹۸۴ء کی تحریکیں کامیاب ہوئیں جن کے اہداف کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں انہوں نے مدرسہ عبداﷲ بن عمر رحیمیہ اورجامعہ رشیدیہ ساہیوال میں شہداء ختم نبوت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ساہیوال کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ۱۹۵۳ء، ۱۹۷۴ء اور۱۹۸۴ء میں تحریک ختم نبوت کا مرکزرہااور جامعہ رشیدیہ نے تحاریک ختم نبوت میں اہم کردار اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ ۲۶؍اکتوبر ۱۹۸۴ء کو قاری بشیراحمد حبیب شہید اور اظہررفیق شہید نے اپنے خون سے تحریک تحفظ ختم نبوت کی آبیاری کی اور قادیانی ارتداد کا راستہ روکا ۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال کی قادیانی عبادت گاہ جو ۲۶؍اکتوبر۱۹۸۴ء سے سیل ہے اس کو کھلوانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔مجلس احراراسلام سندھ کے امیر مفتی عطاء الرحمن قریشی نے کہاکہ جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے منصبِ رسالت وختم نبوت کا دفاع امت چودہ صدیوں سے کرتی چلی آرہی ہے اور اسی میں ہماری بقامضمرہے ۔
مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہورمیں آمدہ اطلاعات کے مطابق کراچی ،رحیم یارخان ،خانپور،ملتان ،چیچہ وطنی،چناب نگر ،چنیوٹ ،فیصل آباد ،لاہور ،گوجرانوالہ ،ناگڑیاں ،گجرات ،کمالیہ ،بوریوالہ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،راولپنڈی،اسلام آباد اورتلہ گنگ سمیت متعددشہروں میں یوم ختم نبوت جوش وخروش کے ساتھ منائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مختلف اجتماعات میں ملک میں اسلامی نظام نافذکرنے ،سودی نظام معیشت ختم کرنے، امتناع قادیانیت کے قانون پر عمل درآمد کرانے ،مرتد کی شرعی سزا نافذکرنے ،ربوہ کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے اورکشمیر کے مسئلہ پر سفارت کاری کوبہتر طور پراجاگر کرنے کی قراردادیں منظور کی گئیں۔ایک قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیاگیا کہ لاہورکے مال روڈ کے قریب شہداء ختم نبوت کی یادگار قائم کی جائے اورعقیدۂ ختم نبوت سے متعلقہ آیات قرآنی اور احادیث نبویہ ہرسطح کے تعلیمی نصاب میں شامل کی جائیں۔
لاہور(۸/۷مارچ)تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنمااورمجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہا مغرب کے کلچرل استعماری اور ان کے دیسی گماشتے آزادی نسواں کے نام پر بے حیائی بلکہ زناکاری کو فروغ دینے کے مشن پر ہیں۔مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین اور مبلغین نے کہاہے کہ مائی باڈی،مائی چوائس کے نام پر بدقماش اور آوارہ گرد مرد و زن پاکستان کی عصمت مآب ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کے تقدس کو پامال کررہے ہیں اوریہ سب کچھ مغربی کلچر اور بین الاقوامی این جی اوز کے فنڈکے ذریعے ہورہاہے ۔
قائداحرار سید عطاء المہیمن بخاری نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہاہے کہ عورت ایک مقدس رشتے کانام ہے لیکن حکمرانوں اور رولنگ کلاس کی مرعوبیت اورسیاسی مفادات نے یہ دن دکھایاہے کہ عورت کو مارکیٹ کی جنس بناکررکھ دیاہے۔
مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری نے کہاکہ میراجسم میری مرضی کے نعرے کے پیچھے بے حیائی اورحرام کاری کو پروموٹ کرنے والے عناصر ہیں۔ جن کو قانون کے ذریعے لگام دینے کی بجائے آزادی دی جارہی ہے۔ جونہ صرف ریاست مدینہ کے نعرے کے ساتھ مذاق ہے، بلکہ قیامِ ملک کے مقصد اور بانیانِ پاکستان کے فرمودات کی نفی بھی ہے۔
مجلس احراراسلام پاکستان کے رہنماؤں نے مختلف مقامات پر عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہونے والی ہلڑ بازی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہاکہ حیاء عورت کا زیور ہے اور عورت کو جومقام دین اسلام نے عطافرمایاہے، وہ دنیا میں کہیں بھی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بچیوں کو زندہ درگور کردیاجاتاتھااوران کی پیدائش کو نحوست قراردیاجاتاتھا جبکہ اسلام نے ان کو عزت واحترام بخشا ۔ انہوں نے کہاکہ مغرب زدہ خواتین عالمی استعماری ایجنڈے کے تحت عورت کو رسوا کرکے جنسی بے راہ روی اور زناکاری کالائسنس دلوانا چاہتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اسلام نے عورت کو اپنے والدین اوراپنے خاوند دونوں گھروں سے وراثت کی حقدار ٹھہرایا ہے۔ جبکہ آج کامغرب زدہ معاشرہ بیوی کو حق مہر،بہن کو اس کا حصہ اور بیٹی کو اس کی وراثت دینے سے عملاً انکاری ہے۔ اسی لیے خاندانی جھگڑوں نے معاشرے کے سسٹم کو تباہ کرکے رکھ دیاہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ آزادیٔ نسواں کے نام پر بے حیائی وبے غیرتی کو فروغ دینے والی این جی اوز اور سرکاری بیگمات کو لگام ڈالی جائے

ملتان(۱۳؍مارچ) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ مرزاغلام احمد قادیانی کے عقائد ونظریات نے خود قادیانیوں کو امت مسلمہ سے الگ کیا تھا۔ اب اسلام کا نام لے کر قادیانی دنیا کو دھوکہ دینا بند کردیں اور اپنی دینی وآئینی حیثیت کے اندررہیں۔ وہ بورے والا کے چک نمبر 251-EB(مذہبیاں والا)میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانی فتنے کو برصغیر کے مسلمانوں میں افتراق وانتشار پیداکرنے اورجہاد کی نفی کے لیے کھڑاکیاگیاتھا ۔استعمارکا لگایا ہوا یہ پوداڈگمگا رہاہے اورآخری ہچکیاں لے رہا ہے۔ انہوں نے سامعین اور کارکنانِ احرار کو ترغیب دی کہ اسلامی حمیت کو اجاگر کریں اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ و دفاع کے لیے نسل نوکی فکری بنیادوں پر تربیت کریں۔

لاہور(۱۵مارچ)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیرسید محمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ تحفظ ختم نبوت کی جدوجہد ہماری وراثت اور دینی فریضہ ہے ،مجلس احراراسلام عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت کے لیے پرامن آئینی جدوجہد جاری رکھے گی ۔سیدمحمد کفیل بخاری نے مرکزی دفتر احرار لاہور میں مجلس احراراسلام وسطی اوراپر پنجاب کے کارکنوں کے دوروزہ تربیتی اجتماع کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالات کے نشیب وفراز کے باوجود مجلس احراراپنے دینی اہداف کی طرف عزم واستقامت کے ساتھ مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت کے ذمہ داران اپنے فرائض کا احساس کرتے ہوئے جماعتی نظم کو مضبوط کریں ۔مجلس احراراسلام کاماضی تاریخ کا روشن باب ہے ۔مجلس احراراسلام کے ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیرہ نے کہاکہ احرار کی نوے سالہ تحریک نے برطانوی سامراج کو ہندوستان سے نکال باہرکیااورمنکرین ختم نبوت کو اپنے انجام تک پہنچایا ۔تربیتی اجتماع سے میاں محمد اویس ، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار ،حاجی عبدالکریم قمر،ڈاکٹر محمد آصف ،مولاناتنویرالحسن احراراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ جو تربیتی اجتماع میں شریک نہیں ہوسکے نے تربیتی اجتماع کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ کارکن عزم وہمت اور حوصلے کے ساتھ تحریک قیام حکومت الہٰیہ اورتحریک تحفظ ختم نبوت کی جدوجہد کو آگے بڑھانے والے بن جائیں اور مشکلات کا دیوانہ وار مقابلہ کریں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں اتحادیوں کی شکست اور امریکی انخلاء اس بات کا پتہ دیتاہے کہ فتح آخرکار حق کی ہوئی، اور جو وعدے اﷲ نے اپنے پاک پیغمبر صلی اﷲ علیہ وسلم کی زبانی فرمائے تھے وہ سب پورے ہوئے۔ دو روزہ تربیتی نشست کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ قیام حکومتِ الہٰیہ اورتحفظِ عقیدہ ٔ ختم نبوت کی جدوجہد کو ہرمشکل کے باوجود جاری وساری رکھیں گے اور کسی قسم کی کوتاہی کے مرتکب نہیں ہوں گے۔ان شاء اﷲ۔

لاہور(۱۶؍مارچ) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے ملعونہ آسیہ مسیح کا فرانس میں بیٹھ کر قانون توہین رسالت کے خلاف مہم جوئی کا اعلان انتہائی گستاخانہ اور اشتعال انگیز قراردیاہے ہائی کورٹ کے فیصلے کے برعکس فیصلہ کروانے اور آسیہ کو باہربھجوانے والی قوتیں اور ان کے معاونین اس مہم جوئی کے پوری طرح ذمہ دار ہیں ۔ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالدچیمہ نے آسیہ مسیح کے چینل ۹۴کو حالیہ انٹرویو اور بیانات پراپنے تبصرے اور ردعمل میں کہاہے کہ ایک طویل دورانیے والی مہم کے ذریعے پاکستان سے ۲۹۵سی کو ختم کروانے کا جو سلسلہ امریکہ اور استعماری قوتوں نے شروع کیا تھا آسیہ مسیح کیس کو ابتداء سے لے کر اب تک اس کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کرائی گئی اور آسیہ کی پناہ کی درخواست کی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کا ناموسِ رسالت کے تحفظ کا قانون تبدیل کرنے کا مطالبہ انتہائی اشتعال انگیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ نے فرانسیسی جریدے کو انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ’’کسی کو بھی توہین رسالت کے ارتکاب پر سزا نہیں ہونی چاہیے میرے خیال میں اسلام میں اصلاح کی ضرورت ہے۔‘‘ آسیہ مسیح کی زبان سے یہ جملہ کہلوانے والے ارسطو شاید اسلام کو بھی اپنے مصنوعی خداؤں کے جعلی مذاہب جیسا سمجھ رہے ہیں۔ اسلام ایک لا، زمانی حقیقت ہے جس کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے والوں کا مقام تاریخ کا کوڑا دان ہے۔

لاہور(۱۹؍مارچ)عالمی مجلس احراراسلام ،تحریک تحفظ ختم نبوت ،مجلس خدام صحابہ ،تحریک طلباء اسلام اور دیگر جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے سیرت سیدناحضرت امیر معاویہؓ کے حوالے سے مختلف مقامات پر منعقدہ نشستوں میں اپنے بیانات میں کہاہے کہ خلیفۂ راشد و عادل ششم سیدنا امیر معاویہ ؓ کا دوراسلامی آئیڈیل پر حکومت کا ایک شاندار دور تھا۔جس میں کلمۃ اﷲ پوری طرح نافذ و غالب تھااور اسلامی اصولوں کے عین مطابق کار حکومت انجام دیئے جاتے تھے۔
قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ ۶۴ لاکھ مربع میل پر حکومت کرنے والے سیدنا امیرمعاویہ رضی اﷲ عنہ کاتبِ وحی بھی تھے اوررازدان رسولِ پاک صلی اﷲ علیہ وسلم بھی۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ سیدنا امیر معاویہؓ کے دور حکومت کے کارناموں کو تاریخ میں محفوظ کرلیاگیاہے اور ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سید محمدکفیل بخاری نے کہاکہ جناب نبی کریمﷺ کے ارشاد کے مطابق سیدنا امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ کو حکومت ملی اور انہوں نے عالم کفر پر اسلام کی دھاک بٹھادی ۔دیگر رہنماؤں اور مبلغین نے کہاہے کہ سیدناامیر معاویہ رضی اﷲ عنہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق بخشے بخشائے ہیں۔
لاہور(۱۹؍مارچ)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاہے کہ کرونا وائرس جیسی وبائی بیماری رجوع الی اﷲ سے ہی ختم ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مساجد ومدارس کو بند کی بجائے ان مقامات پر رجوع الی اﷲ اور استغفار کا اہتمام کیاجائے تاکہ ہم ان وبائی بیماریوں سے نجات پاسکیں ۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس وائرس کیخلاف حکومتی اقدامات اور احتیاط میں اپنا حصہ ڈالیں ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ کرونا وائرس سے پید اہونے والی صور تحال کے پیش نظر تما م اجتماعات وتقریبات منسوخ کردی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ الہامی احکامات اور اسلامی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے اسے اﷲ کی تنبیہ سے تعبیرکرنا چاہیے اور صرف مسلمانوں کو نہیں پوری انسانیت کو اﷲ کے احکامات اور جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مشکلات سے نجات حاصل کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ چونکہ یہ ملک اسلام کے نفاذ کے نام پر معرض وجودمیں آیا تھا اس لیے یہاں اسلام اور قرآن کانظام نافذہونا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.