مبصر: حافظ اخلاق احمد
نام کتاب:قادیانیوں کا کفر کے اندھیروں سے اسلام کی روشنیوں تک مرتب:مولانا مفتی عظمت اﷲ سعدی ؒ
ناشر:ادارہ تحقیقات اسلامیہ جامعہ عظمۃ المدارس العربیہ جدید ہنجل بنوں خیبر پختونخواہ (پاکستان)
مسلمان ہونا اﷲ کی اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس کے مقابلے میں دنیا جہاں کی تمام نعمتیں ہیچ اور بے حیثیت ہیں، اسلام کتنی بڑی عظیم نعمت ہے اس کا احساس، یہودیت، عیسائیت، ہندومت اور قادیانیت سے توبہ تائب ہو کر اسلام لانے والوں کے حالات پڑھ کر ہوتا ہے۔ لیکن اسلام مکمل صورت اختیار کرنا جتنا مشکل ہے اس سے کہیں دشوار اپنے آبائی مذہب کو ترک کر کے اسلام کی آغوش میں آنا ہے۔ یہ کام انھیں لوگوں کا ہے جن کے حوصلے بلند اور ہمتیں غیر متزلزل ہوتی ہیں، اہل عزیمت کا یہ قافلہ قابل صد مبارک باد اور قابل تحسین ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ایسے ہی سابق قادیانی اور سابق ہندوؤں کی آپ بیتیوں اور ایمان افروز واقعات پر مشتمل ہے۔
نام کتاب: اَلْکلامُ الْفَصِیْحُ فِی اِثْباَتِ حَیَاۃِ الْمسِیْحِ مصنف: محمد سیف الرحمن قاسم ناشر: درج نہیں
سیدنا علیہ السلام کو زندہ آسمان پر اٹھانے اور پھر قرب قیامت ان کے نزول کا عقیدہ قرآن مجید اور صحیح احادیث سے ثابت ہے، امت مسلمہ حیات مسیح علیہ السلام پر ہر دور میں متفق رہی ہے لیکن مرزا قادیانی نے خود کو مسیح کہلوانے کے لیے قرآن مجید سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات کا عقیدہ اور ان کی قبر کے متعلق من پسند قصے گھڑتے ہوئے خود ساختہ عقلی دلائل کا سہارا لے کر مسئلہ حیات مسیح علیہ السلام پر امت میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔ پیش نظر کتاب عقیدہ حیات مسیح علیہ السلام پر ایک خوبصورت کاوش ہے جس میں مصنف نے مرزائیوں کے مشہور اعتراضات کے مدلل جوابات دیے ہیں اور آخر میں مرزائیوں سے چند سوالات بھی کیے ہیں جن کا مرزائیوں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔
نام کتاب: قرض کے فضائل، مسائل اور احکام مؤلف: حضرت مولانا منور حسین سورتی
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ خالق آبا نوشہرہ
بسااوقات انسان اپنے وسائل سے اپنی ضروریات یا اپنے کاروباری منصوبے پورے نہیں کرسکتا ایسے حالات میں انسان کو قرض کی ضرورت بڑتی ہے جس میں ایک مسلمان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پریشان حال بھائی کی حسبِ حیثیت مدد کرے۔ زیر نظر کتاب ’’قرض کے فضائل، مسائل اور احکام‘‘ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے جس میں قرض دینے کے فضائل، قرض لیتے وقت حسن نیت اور قرض کی ادائیگی نہ کرنے پر وعیدیں وغیرہ۔ باتوں کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں معاشرت اور معاملات کی بھی بہت سی صورتیں ہیں جن پر عمل کر کے انسان فلاح و کامیاب ہوسکتا ہے۔
نام کتاب: احقاق الحقائق (عقیدہ حیات الانبیاء اور اس کے دلائل) مؤلف: مولانا محمد عبدالحمید تونسوی ضخامت: ۴۰۸ صفحات ناشر: مرکز رُحماء بینھم جامع مسجد صدیقیہ تنظیم اہل سنت ابدالی روڈ چوک نواں شہر،ملتان
جس طرح شہداء کی حیات پر صحیح احادیث دلالت کرتی ہیں اسی طرح انبیاء کی حیات پر بھی صحیح احادیث دلالت کرتی ہیں، لیکن یہ برزخی حیات ہے جس کی کیفیت و ماہیت کوماسوائے اﷲ کے کوئی نہیں جانتا اور نہ ہی برزخی زندگی کو دنیاوی زندگی پر قیاس کر سکتے ہیں۔ عقائد اسلامیہ میں ایک مسلمہ عقیدہ ’’عقیدہ حیات النبی ‘‘ ہے۔ زیر تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں مؤلف نے اسلاف کی کتب سے دلائل کا ذخیرہ جمع کر کے اختصار کے ساتھ پیش کیا ہے اور مسئلہ حیات النبی کو ادلہ شرعیہ کی روشنی میں واضح کیا ہے۔ اﷲ تعالیٰ اس کتاب کو لوگوں کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔
نام کتاب:صحت و مرض اسلام کی نظر میں مرتب: محمد اسرار ابن مدنی
ناشر: نیشنل ای او سی ڈی۔بلاک ، ای پی آئی بلڈنگ، چک شہزاد پارک روڈ این آئی ایچ اسلام آباد
شریعت اسلامیہ میں شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے ہر قسم کے افراد کے لیے مکمل راہنمائی موجود ہے اور ہر شخص اپنی ہمت اور استطاعت کے مطابق اس چشمہ صافی سے اپنی سیرابی کا سامان جمع کرسکتا ہے، یہ دنیا تکالیف اور مصائب کی آماجگا ہے۔ جس میں ہر انسان کسی نہ کسی تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرتا ہے، انسان کو بیماری کا لاحق ہونا من جانب اﷲ ہے اور اﷲ تعالیٰ نے ہر بیماری کا علاج بھی نازل فرمایا ہے جیسے کہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’اﷲ تعالیٰ نے ہر بیماری کی دوا نازل کی ہے‘‘ اس لیے ضروری ہے کہ انسان صحت مند رہے اور صحت مندی کی طرف لے جانے والے ذرائع اور علم طب سے واقف ہو زیر تبصرہ کتاب ’’صحت و مرض اسلام کی نظر میں‘‘ اسی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مختصر اور اہم کاوش ہے۔ کتاب میں مرض کا تعارف، علامات، اسباب اور طریقہ علاج بھی بتایا گیا ہے۔ کتاب کے آخر میں فاضل مرتب نے ’’پولیو ویکسین‘‘ کی تائید میں ایک مستقل باب بھی باندھا ہے جس میں مفتیان کرام کے فتاویٰ جات کے عکس بھی موجود ہیں۔
نام کتاب: نگارشات سیرت مرتبین: ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری ، حافظ محمد عارف گھانچی
قیمت: ۴۵۰ روپے ناشر: کھتری مسجد، لی مارکیٹ، صدر ٹاؤن، کراچی
سیرت نبوی کا موضوع ہر دور میں مسلم مفکرین کی فکر و توجہ کا مرکز رہا ہے اور ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت اور توفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے، نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ بھی ہے اور حکم ربانی بھی ہے۔ قرآن مجید نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کو ہمارے لیے ایک کامل نمونہ قرار دیتا ہے، اخلاق واداب کا کونسا ایسا معیار ہے جو آپ کی حیات طیبہ میں نہ ملتا ہو۔ آپ کی سیرت طیبہ کے جملہ گوشوں پر مسلسل لکھا گیا ہے اور مستقبل میں لکھا جاتا رہے گا۔ اس کے باوجود یہ موضوع اتنا وسیع اور طویل ہے کہ اس پر مزید لکھنے کا تقاضا اور داعیہ موجود رہے گا۔ زیر تبصرہ کتاب ’’نگارشات سیرت‘‘ معروف سیرت نگار مولانا ڈاکٹر سید عزیز الرحمان کے مؤقر مجلے ’’السیرۃ، تعمیرافکار، جہاں سیرت‘‘ میں شائع ہونے والے اداریوں ، مختلف کتب سیرت پر آپ کے تبصروں ، آپ کی تقاریظ اور پیش گفتار پر مشتمل ہے۔
نام کتاب: خصوصی اشاعت ماہنامہ الحق ڈاکٹر شیر علی شاہ مدنی زیر اہتمام و نگرانی: مولانا سمیع الحق
ناشر: موتمرالمصنفین جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک
حضرت مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ مدنی رحمتہ اﷲ علیہ کسی تعارف کے محتاج نہیں، آپ ایک منفرد حیثیت کی حامل شخصیت تھے اور علوم اسلامیہ کے بحر ذخائر تھے، آپ اپنے علمی تبحر اور اپنے علم و فضل کے ساتھ جامع الکلام شخصیت کے حامل تھے۔ انکساری ، تواضع، سادگی، خاکساری، حق گوئی اور اعلیٰ ظرفی جیسی صفات سے متصف تھے،گویا کہ اپنی صفات میں مرقع حیات تھے۔ پیش نظر کتاب مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ مدنی کی حیات و خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے، جو ان کی علمی، تدریسی، تصنیفی، اصلاحی، سیاسی او رجہادی کارناموں پر مشتمل ہے۔