حضرت امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ کے داماد اور ممتاز ماہر تعلیم حضرت حافظ پروفیسر سید محمد وکیل شاہ بخاری رحمہ اللہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز صبح 6:45 پر ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مرحوم کے بڑے فرزند حافظ سید محمد کفیل بخاری نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں قائد احرار مولانا سید عطاء المہیمن بخاری ، مولانا سید عطاء المومن بخاری، حافظ سید محمد معاویہ بخاری، خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد، مجلس احرار اسلام کے ناظم اعلی عبد اللطیف خالد چیمہ ، حضرت مولانا پیر ناصر الدین خان خاکوانی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم اعلیٰ مولانا عزیز الرحمن جالندھری، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، جمعیت علماء اسلام ملتان کے امیر حافظ محمد عمر شیخ، جامعہ قاسم العلوم کے شیخ الحدیث مولانا محمد اکبر، نائب مہتمم حضرت مولانا قاری محمد طسین، حکیم حافظ محمد طارق، جامعہ خیر المدارس ملتان کے مولانا محمد ازہر، مولانا محمد عابد، مولانا عبد المنان، مولانا احمد حنیف جالندھری، علماء کونسل پاکستان کے چیئر میں قاری منظور احمد طاہر، جامع فتحیہ لاہور کے مولانا عبد اللہ مدنی، مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر ملک محمد یوسف، میاں محمد اویس، مولانا محمد مغیرہ، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار، مولانا تنویر الحسن، قاری محمد یوسف احرار، قاری ظہور رحیم عثمانی، مولانا فقیر اللہ سمیت ملک بھر سے علماء کرام دینی رہنماؤں، پروفیسرز، احرار کارکنوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مدرس مسجد الحرام حضرت مولانا محمد مکی حجازی، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، حافظ حسین احمد، سابق صدر پاکستان جناب محمد رفیق تارڑ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر حضرت مولانا خواجہ عزیز احمد (خانقاہ سراجیہ)، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری، حضرت مولانا مجاہد الحسینی، وفاق المدارس کے جنوبی پنجاب کے مسؤل حضرت مولانا زبیر احمد صدیقی، ختم نبوت اکیڈمی لندن کے ناظم مولانا سہیل باوا، مولانا فاروق احمد (یو کے)، جمعیت علماء اسلام پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حبیب اللہ چیمہ، مجلس احرار کے نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد، مولانا سلطان محمود ضیاء، جامعہ رشیدیہ ساہیوال کے ناظم قاری سعید ابن شہید، قاری بشیر احمد رحیمی نے مرحوم کے پسماندگان سے فون پر اور دارِ بنی ہاشم میں ملاقات کر کے اظہار تعزیت کیااور حافظ پروفیسر سید محمد وکیل شاہ بخاری مرحوم کی دینی وتعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مختلف اکابر علماء اور دینی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مرحوم ایک بلند صفت صاحب نسبت انسان تھے اور زندگی بھر استغناء ،قناعت اور سادگی کے ساتھ عمر گزاری۔ انہوں نے اپنی طویل تدریسی زندگی انتہائی ایمان داری اور شب وروز محنت کے ساتھ بسر کی۔ وہ بے ضرر انسان تھے اور تقوی کے اعلی معیار کی روایت کو قائم رکھے ہوئے تھے۔
حضرت حافظ سید محمد وکیل شاہ بخاری نے پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائیں ۔