لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ سیاسی محاذ آرائی اپنی جگہ لیکن پنجاب اسمبلی میں قرآن پرنٹنگ ریکارڈ اور خاتم النبیین یونیورسٹی بلز کی منظوری انتہائی قابل تحسین ہے جس کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہیں۔ متحدہ علماء کونسل کے انسداد سود کے حوالے سے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس منعقدہ آسٹریلیا مسجد لاہور میں شرکت کے بعد مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں مرکزی رہنماء میاں محمد اویس اور لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ سے ملاقات اور گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عقیدہ ختم نبوت کی ترویج و تحفظ کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور تحریک ختم نبوت کی تاریخ میں ان کو یاد رکھا جائے گا۔ مختلف رہنماؤں نے باہمی مشاورت میں کہا ہے کہ انسداد سود کے حوالے سے موجودہ تحریک انسداد سود کی سرگرمیوں کی تائید و حمایت جاری رہے گی حتیٰ کہ سود کا خاتمہ نہ ہوجائے۔