اسلام آباد(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے انسداد سود سیمینار کراچی جسٹس(ر) مفتی محمد تقی عثمانی کراچی کے اعلامیہ، جملہ مطالبات اور قرار دادوں کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے چیچہ وطنی سے راوالپنڈی جاتے ہوئے کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ عبدالکریم قمر، حافظ محمد اسماعیل، حافظ عبدالوحید اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک انسداد سود کی پشت پر کھڑے ہیں اور کراچی میں ہونے والے سیمینار کی قرار دادوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی عہدیداران پانچ سال کی مہلت کا نام لے کر حیلے بہانے تراشنے بند کردیں کیوں کہ یہ سب کچھ اللہ اور رسول اللہﷺ سے اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سود کی ہر شکل ختم ہو گی تو برکات کا نزول ہو گا اور قیام پاکستان کے مقصد کی طرف ہم آگے بڑھ سکیں گے۔ بعد ازاں حاجی عبداللطیف خالد چیمہ اور مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ راوالپنڈی /اسلام آباد پہنچے۔ آریاں محلہ راوالپنڈی میں مقامی رہنماء چودھری خادم حسین کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راوالپنڈی/ اسلام آباد کے عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ انسداد سودکے حوالے سے سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنی پر امن جد وجہد کو جاری رکھیں۔ بتایا گیا ہے کہ عبداللطیف خالد چیمہ آج 2دسمبر کو پونِ ایک بجے مسجد سلمان فارسیؓ آئی ٹن ٹو اسلام آباد میں عقیدہ ختم نبوت اور حالات حاضرہ کے موضوع پر خطبہ جمعۃ المبارک دیں گے۔ بعد ازاں مختلف وفود سے ملاقات کریں گے اور وہ راوالپنڈی میں اپنی جماعت کے امور کا جائزہ بھی لیں گے۔