لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ دنیا میں قادیانیت ترک کر کے مسلمان ہونے والے افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ محض اللہ تعالیٰ کی توفیق سے تحریک ختم نبوت کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کا شاخسانہ ہے ایک وقت آئے گا کہ منکرین ختم نبوت کے تمام گروہ اور فتنے مکمل طور پر دم توڑ جائیں گے۔ وہ گزشتہ روز چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 11-30 ایل کے رہائشی مقبول احمد ولد نذیر احمد اور نثار احمد ولد نصیر احمد کے قادیانیت سے تائب ہو کر اسلام کی آغوش میں آنے پر ایک بڑی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔جو جامع مسجد بلاک نمبر 12چیچہ وطنی میں ممتاز سیاسی و سماجی رہنماء شیخ عبدالغنی کی صدارت میں منعقد ہوئی اور اس میں احرار اور ختم نبوت کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھر پور شرکت کی۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ یہ مرکز اور مسجد دینی تحریکوں کا قدیمی مرکز ہے اور ختم نبوت کی تحریکیں ہمشہ یہاں سے اٹھی ہیں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے پر امن جد وجہد پوری دنیا میں جاری ہے اور جاری رہے گی۔ قبل ازیں سابق قادیانی مقبول احمد اور نثار احمد نے عبداللطیف خالد چیمہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کر کے حلفیہ اقرار کیا کہ جناب نبی کریمﷺ کے بعد ہر قسم کا نبوت کا دعوی کرنے والا کافر، زندیق اور مرتد ہے اور ہم مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے ماننے والوں کو دائرہ اسلام سے خارج سمجھتے ہیں۔اس موقع پر کاکنوں نے پر جوش نعرہ بازی کی اور اسلام قبول کرنے والے افراد کو مبارک آباد پیش کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ قادیانیت ترک کرنے والوں کے قریبی عزیز محمود احمد(کراچی) کی دعوت اسلام پر قادیانیوں نے اسلام قبول کیااس مبارک تقریب میں مولانا منظور احمد نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔ حافظ محمد احسن دانش نے ہدیہ نعت رسول مقبولﷺ پیش کیا جب کہ مسجد ختم نبوت کے خطیب مفتی قاضی ذیشان آفتاب نے اختتامی دعا کرائی نقابت کے فرائض حافظ حکیم محمد قاسم نے انجام دیئے۔ مجلس احرار اسلام کے ضلعی امیر محمد قاسم چیمہ،حکیم حافظ محمد قاسم، قاضی عبدالقدیر، حافظ محمد عمیر معاویہ، حافظ احمد معاویہ سعید، ڈاکٹر فیاض احمد، جمعیت علماء اسلام کے ناظم، حافظ محمدمعاویہ راشد، محمد راشد بھلر ایڈووکیٹ اور کئی دیگرنے مسلمان ہونے والے افراد کو مبارکباد دی اور ان کی استقامت کے لیے دعائے خیر بھی ہوئی۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا تنویر الحسن احرار، ڈاکٹر محمد آصف اور دیگر رہنماؤں نے قادیانیت ترک کرنے والے نو مسلم افراد کو مبارک کا پیغام بھیجا ہے۔