لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے ممتاز رہنماء اور جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور کے بانی مولانا قاری محمد یوسف احرارؒ کی یاد میں جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ اعلائے کلمۃ الحق احرار رہنماؤں کی گھٹی میں موجود ہے اور قاری محمد یوسف احرار عمر بھر کلمہ حق اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتے رہے ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتہا پسندی نے ملک کو دیوالیہ کر کے رکھ دیا ہے اسلام نافذ ہو گا تو امن اور خوشحالی آئے گی اس موقع پر میاں محمد اویس، مولانامحمد وقاص حیدر نے قاری محمد یوسف احرار کے فرزند وجانشین قاری محمد صفوان یوسف کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں قاری محمد یوسف احرار کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی ریفرنس ہوا جس میں عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس،جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی، قاری محمد قاسم بلوچ،قاری محمد صفوان یوسف، چودھری محمد ظفر اقبال ایڈووکیٹ، کرنل (ر) فاروق احمد خاں، علامہ ممتاز اعوان، قاری محمد خالد محمود،مولانا محمد وقاص حیدراور کئی دیگر رہنماؤں نے قاری محمد یوسف احرار کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قاری صاحب مرحوم جہد مسلسل کا نام تھے انہوں نے کٹھن حالات میں بھی اسلام کی سر بلندی اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جد وجہدکو جاری رکھا۔