لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء قائد لاہور قاری محمد یوسف احرار گزشتہ روزسپرد خاک کر دئے گئے۔ تحریک ختم نبوت کے ممتاز رہنما اور مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے ممبر قاری محمد یوسف احرار کی نماز جنازہ گزشتہ روز صبح8بجے ان کے مدرسہ ابی کعب مرکز ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور کے وسیع وعریض گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی جوحضرت کی وصیت کے مطابق نبیرہ امیر شریعت سید معاویہ بخاری نے پڑھائی۔ جس کے بعد ان کے جسد خاکی کومدرسہ ابی بن کعب میں ہی سپر دخاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد، مرحوم کے عقیدت مندوں اور احرار وختم نبوت کے کارکنوں کے علاوہ ممتاز دینی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی۔نماز جنازہ میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری،جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا محب النبی، مولانا اشرف گجر،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، ملک محمد یوسف احرار، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری، میاں محمد اویس، صدر لاہور حاجی محمد ایوب بٹ، حاجی محمد لطیف، حاجی غلام مصطفی، قاری محمد قاسم بلوچ اور دیگر کثیر تعداد میں احراررہنماؤں، کارکنوں اور دیگر جید علماء کرام و روحانی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت قاری محمد یوسفؒ نے پوری زندگی دین متین کی خدمت اور تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر کام کیا اور پوری زندگی زہد اور تقویٰ میں گزاری ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔عبداللطیف خالد چیمہ نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کاخلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔اس موقع پر حضرت کے صاحبزادے قاری محمد صفوان یوسف کے سر پر دست شفقت رکھتے ہوئے احرار کی مرکزی قیادت نے دستار بندی بھی کی۔