ملتان (پ ر) عقیدہ ختم نبوت اور پاکستان کی نظریاتی سرحدات کا تحفظ ہماری دینی اور قومی ذمہ داری ہے۔ آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات اور تعزیرات پاکستان کو تبدیل کرنے کے لیے بیرونی طاقتیں مسلسل اپنا دباؤ بڑھا رہی ہیں۔ ہم کسی صورت آئین اور قانون میں ختم نبوت اور قانون توہین رسالت سمیت اسلامی دفعات کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام ملتان کی جانب سے احرار کے نو منتخب مرکزی عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ تقریب سے مرکز احرار، دار بنی ہاشم ملتان میں نو منتخب امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری، مرکزی نائب امیر الحاج عبداللطیف خالد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی روز اول سے ہی وطن عزیز پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدات کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں اسلامی اصولوں کے مطابق اقلیتوں کے حقوق مقرر کیے گئے ہیں اور تمام اقلیتیں پاکستان میں اپنے حقوق حاصل بھی کر رہی ہیں مگر اس کے باوجود بھی لاہوری و قادیانی مرزائیوں سمیت دیگر اقلیتیں آئے روز وطن عزیز پاکستان کیخلاف یہ پروپیگنڈہ کرتی رہتی ہیں کہ پاکستان میں ریاستی سطح پر ہمیں ہمارے مذہبی، انسانی و بنیادی حقوق نہیں دیئے جا رہے جبکہ یہ سراسر جھوٹ اور خلاف حقیقت بات ہے۔ نو منتخب مرکزی ناظم اعلی مولانا محمد مغیرہ اور ناظم دعوت و تبلیغ مولانا سید عطائالمنان بخاری نے کہا کہ ہمیں ان بیرونی عناصر اور بیرونی اثرات سے اپنے ملک کو پاک کرنا ہوگا جو ہمارے دینی و ملی معاملات میں مسلسل مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر دنیا میں رہنے کا حق ہونا چاہئے ۔ بیرونی مداخلت کے ذریعے آئین کو تبدیل کرانے کی سازشیں مسلسل کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر و لبرلز اور بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز ہمارے خاندانی نظام اور اسلامی تہذیب کو نشانہ بنا رہی ہیں ۔ یورپ و مغربی ممالک میں 90 فیصد تک ناجائز اولادیں پیدا ہو رہی ہیں ۔ اسلام جاہلیت کی برائیوں کو ختم کرنے اور اپنے اعلی اخلاقی قدروں کو رائج کرنے کیلئے آیا ۔ مجلس احرار اسلام پنجاب کے ناظم اعلی مولانا تنویر الحسن احرار، ملتان کے ضلعی امیر مولانا محمد اکمل اور فرحان الحق حقانی نے کہا کہ ناموس رسالت کا قانون ہمیشہ قائم رہے گا اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ احرار رہنماؤں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ ، قانون ناموس رسالت کی حفاظت اور ازواج و اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دفاع کیلئے پر امن آئینی و قانونی جدوجہد جاری و ساری رکھے گی ۔