لاہور(پ ر) برطانیہ کے ممتاز عالم دین اور ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے کہا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے باوجود اسلام کی نشاۃ ثانیہ ہو کررہے گی۔ اس وقت انڈیا سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اس پر عالمی اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے جو ظلم میں شریک ہونے کے پوری طرح برابر ہیں۔ وہ گزشتہ روزمجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ سے فون پر بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ سوچنا چاہیے کہ مسلمانوں اور مظلوم اقوام سے جینے کا حق کیوں چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجلس احرار اسلام پاکستان اپنی روایات کے مطابق استعمار کے مقابلے مین مظلوموں کی داد رسی کے لیے آواز اٹھائے گی اور امیرشریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری، مفکر احرار چودھری افضل حق، مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی اور دیگر اکابر احرار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سامراجی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے۔ مولانا محمد عیسیٰ نے کہا کہ میں بیمار ہو ں اور بوڑھا بھی ہو گیا ہوں لیکن میرا دل امت مسلمہ کے دل کے ساتھ ڈھڑکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ بھی ظالم کے خلاف جد وجہد کررہے ہیں وہ میرا ہی کام کر رہے ہیں۔