چیچہ وطنی: مجلس احرار اسلام پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جمعیت علماء اسلام کے سابق رہنماء ڈاکٹر محمد اعظم چیمہ کی والدہ اور مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کی خالہ کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کرنے کے لیے چیچہ وطنی پہنچا اور ان کی رہائش گاہ پر تعزیتی ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد میں مرکزی نائب امیر مجلس احرار اسلام پاکستان ملک محمد یوسف، ہیومن رائٹس فاؤڈیشن پاکستان کے رہنماء چودھری محمد ظفر اقبال ایڈووکیٹ،جمعیت علماء اسلام کے رہنماء حافظ محمد اطہر عزیز، راؤ ناصر جمیل خاں اور شیخ محمد رفیق الرحمن بھی شامل تھے۔ بعد ازاں وفد نے مجلس احرار اسلام کے زونل آفس کا دورہ کیا اور علاقائی سطح پر قرآنی تعلیمات اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے حوالے سے جد وجہد کی تحسین بھی کی۔ مجلس احراراسلام کے مرکزی نائب امیر ملک محمد یوسف نے عبداللطیف خالدچیمہ کے علاوہ مقامی رہنماؤں اور کارکنوں سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام ایک آفاقی نظام ہے جو دنیا کے تمام مسائل کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرنے حکومت الٰہیہ کے قیام کو اپنا ماٹو بنایا اور عقیدہ ختم نبوت کے کام کو زندگی کا حصہ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی انتہاء پسندی دراصل قیام ملک کے اصل مقصد نظام اسلام کے عملی نفاذ سے انحراف کا لازمی اور فطری نتیجہ ہے اب بھی وقت ہے کہ ہم وفاقی شرعی عدالت کے تازہ فیصلے کے مطابق سودی معیشت کو ختم کرنے کا اعلان کرکے اللہ اور اس کے رسولﷺ سے جنگ کو ختم کیا جائے اور اسلام کو بطور نظام حیات نافذ کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی صفوں میں قادیانی گھسے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امتناع قادیانیت قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور سیاست دان اسلام دشمن قادنیوں کے بارے میں نرم گوشا رکھتے ہیں۔ انہوں نے عبداللطیف خالد چیمہ سے جماعتی اور تنظیمی امور پر اہم مشاورت بھی کی۔