لاہور (پ ر) جناب نبی کریمﷺ کے برادر نسبتی، کاتب وحی، خلیفہ ششم برحق سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کا یوم وفات 22رجب المرجب ملک بھر میں اہتمام کے ساتھ منایا گیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان، تحریک تحفظ ختم نبوت، مجلس خدام صحابہ پاکستان اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے یوم معاویہؓ کی مناسبت سے اپنے اپنے خطبات اور بیانات میں کہا ہے کہ حضرت امیر معاویہؓ جناب نبی کریمﷺ کی بے شمار دعاؤں کے مصداق تھے حضرت معاویہؓ نے تین براعظموں پر اسلام کا پرچم لہرایا اور فتوحات کی نئی جہتیں قائم کی،حضرت امیر معاویہؓ نے دنیا کی سب سے پہلی بہری فوج تیار کی اور بہری بیڑے کے ذریعے سمندری جنگیں لڑی۔لاہور دفتر احرار میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس کی زیر صدارت گزشتہ روز یوم امیر معاویہؓ کی خصوصی نشست ہوئی جس میں لاہورکے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ،علامہ ممتاز اعوان، ڈاکٹر ضیاء الحق قمر،قاری عبدالعزیز یوسف، مولانا طارق محمود اور دیگر احرار کارکنوں نے شرکت و خطاب کیا۔ چیچہ وطنی میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کی صدارت میں منعقدہ یوم معاویہؓ کے اجتماع میں حاجی عبدالکریم قمر، مولانا سرفراز معایہ، مفتی ذیشان، مولانا منظور احمد، حافظ احسن منظور، حافظ مظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب نبی کریمﷺ کے ارشاد کی روشنی میں تمام صحابہ کرامؓ ستاروں کی ماننداور معیار حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہودیت اور صبائیت نے ہمیشہ صحابہ کرام کی مقدس جماعت میں نقب لگانے کی کوشش کی۔ مختلف مقررین نے کہا کہ حضرت امیر معاویہؓ کی سیاست اور سیادت کو اپنا کر ہی دنیا میں اسلامی نظام قائم کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ توہین صحابہ کرامؓ و اہلبیت عظام کی سزا موت مقرر کی جائے اور تعلیمی نصاب میں صحابہ و صحابیاتؓ کا مناسب تذکرہ کیا جائے۔