ملتان (11فروری 2022ء بروز جمعہ) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ نظام پارلیمانی ہو یا صدارتی سب نظام ناکام بلکہ فیل ہو چکے ہیں، اسلامی نظام کا نفاذ ہی ہمیں ان گھمبیر حالات اور مصائب سے نکال سکتا ہے۔ وہ فیصل آباد میں مجلس احرار اسلام ضلع ساہیوال کے ناظم حافظ محمد اسامہ عزیر کا نکاح مسنونہ پڑھا نے کی تقریب میں شرکت کے بعد احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ افغانستان میں بیس سالہ جبر و تشدد اور اسلحہ کے زور پر حکومت کرنے والی استعماری قوتیں طالبان کی استقامت کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں اور آخر کار شکست سے دوچار ہو کر امارت اسلامی افغانستان سے نکلنے پر مجبور ہو گئیں۔ اس موقع پرمحمد اشرف علی احرار، محمود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں عبداللطیف خالد چیمہ نے مرکز احرار مسجد صدیقیہ کمالیہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے رکن حاجی عبدالکریم قمر، محمد اجمل اور دیگر سے ملاقات کر کے کمالیہ کے مقامی تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عبداللطیف خالد چیمہ نے کار کنوں کو ہدایت کی کہ وہ جدید رکنیت سازی اور مقامی انتخابات کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں اور مارچ 1953ء کے شہدائے ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اگلے مہینے میں ختم نبوت کانفرنسز کا انعقاد کریں۔ علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ، مولانا سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد اکمل نے گزشتہ روز(10فروری) قاسم بیلہ (ملتان) کی مسجد میں ختم نبوت کے عنوان پر ایک پروگرام میں خاص طور پر شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی غلامی سے نجات، حکومت الٰہیہ کے قیام اور دفاع وطن کے لیے مجلس احرار اسلام کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ڈیڑھ سو سال جدو جہد کر کے برطانوی استعمار کی غلامی سے آزادی حاصل کی لیکن نااہل حکمرانوں نے آزادی کے ساتھ ہی پاکستان کو امریکی استعمار کا غلام بنا دیا 74 برس سے ہم پھر ملکی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حکمران امریکی ایجنڈے پر عمل کرنے کی بجائے قرآنی دستور پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی پاکستان میں روز اوّل سے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ اس کو قادیانی اسٹیٹ بنا یا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ قادیانیوں کو آئین کے دائرے میں لایا جائے اور ان پر جو پابندیاں پاکستانی آئین کے مطابق عائد ہوتی ہیں اس کی پابندی کروائی جائے یہ سب کچھ ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ناگزیر بھی ہے۔ پروگرام میں مجلس احرار اسلام ملتان کے رہنماء سعید احمد انصاری، ابو میسون مولانا اﷲ بخش احرار، مولانا مفتی محمد نجم الحق نے بھی خطاب کیا۔
مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنماء، مولانا سید عطاء المنان بخاری کا یک روزہ دورہ میلسی
(رپورٹ: حافظ محمد طیب رشید) مولانا سید عطاء المنان بخاری نے 20 فروری 2022ء کومیلسی کا یک روزہ جماعتی دورہ کیا۔ جس میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ حضرت مولانا عبدالشکور صاحب (مدرس جامعہ ابوہریرہ میلسی) کی دعوت پر دن 12:00بجے جامعہ ابوہریرہ کے طلباء سے خطاب فرمایا اور مجلس احرار اسلام کے اغراض و مقاصد اور اب تک عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر کیے جانے والے کام کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر انھوں نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام4 تا 15 مارچ 2022ء مرکز احرار، دار بنی ہاشم ملتان میں منعقدہ دس روزہ سالانہ ختم نبوت کورس میں طلباء کو شرکت کی دعوت دی جامعہ ابو ہریرہ سے واپسی پر حضرت شیخ الحدیث مولانا قاری محمد یاسین صاحب سے ملاقات کی اور ان کو مجلس احرار اسلام پاکستان کے سابق امیر حضرت پیر جی مولانا سید عطاء المہیمن بخاری رحمتہ اﷲ علیہ کی یاد میں شائع شدہ ’’ماہنامہ نقیب ختم نبوت‘‘کا خاص شمارہ پیش کیا۔ اور ان سے رخصت ہو کر چاہ ککر والہ موضع محبت پور میں بعد نماز ظہر دن دو بجے عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور مسلمانوں میں عقائد و اعمال کی کمزوری کی وجوہات اور اسباب پر گفتگو کی۔ انھوں نے ماہ رجب المرجب میں ہونے والے کونڈے اور دیگر رسومات بد کا رد بھی فرمایا۔ بعد نماز مغرب فقرشاہ علاقہ میلسی جامع مسجد مولانا عبدالخالق والی میں اعمال صالحہ کی اہمیت کے حوالے سے فکر انگیز گفتگو کی۔
ملک بھر میں یوم معاویہ جوش و خروش سے منایا گیا
مجلس احراراسلام پاکستان کے زیر اہتمام 22 رجب المرجب کے حوالے سے خلیفۂ ششم برحق سیدنا حضرت امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ کا یوم وصال پر ملک گیر اجتماعات منعقد کیے گئے جس میں امیر المؤمنین سید نا معاویہ رضی اﷲ عنہ کے مناقب و فضائل اور دشمنان صحابہ کی طرف کی جانے والی دشنام طرازیوں کا مدلل و مسکت جواب دیا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکز احرا ردار بنی ہاشم ملتان میں مجلس احرار ملتان کے امیر سید محمد کفیل بخاری نے 25 فروری کو خطبہ جمعہ پر مفصل خطاب فرمایا ، 24 فروری بعد العشاء مجلس احرار ملتان یونٹ باب رحمت میں نبیرہ امیر شریعت مولانا سید عطاء المنان بخاری نے گفتگو کی جبکہ حافظ محمد اکرم احرار نے ہدیہ عقیدت پیش کیا اور دارالعلوم ختم نبوت جامع مسجد بلاک نمبر12 میں یوم معاویہ کا اجتماع مرکز ی ناظم اعلی عبداللطیف خالد چیمہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں حاجی عبدالکریم قمر (کمالیہ) مولانا راشد ضیاء (کمالیہ) مولانا منظور احمد، مولاناسرفرازمعاویہ، مفتی ذیشان آفتاب، حافظ مغیرہ خالدنے شرکت وخطاب کیا، مقررین نے کہا کہ جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے تمام صحابہ ؓ معیار حق ہیں، اور ستاروں کی مانندہیں، یہودیت اور سبائیت نے ہمیشہ مقدس شخصیات پر حملہ کرکے مسلمانوں کو کمزور کرنے کی شش کی ہے، مقررین نے کہا کہ سیدنا امیر معاویہ ؓ نے تین برے اعظموں پر خلافت اسلامیہ کا پرچم لہرایا، اور بحری فوج تشکیل دی جس سے مسلم ممالک کا دفاع مضبوط ہوا، انہوں نے کہا کہ سیدنا امیر معاویہ ؓ کی فضیلت قرآن وحدیث میں بے شمار مرتبہ آئی ہے، آج بھی سیاست معاویہ ؓ کے جھنڈے کو بلند کر کے ہم دشمن پر غلبہ حاصل کرسکتے ہیں، اجتماع میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ حضرات صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار پر تنقیدکو ممنوع قرار دیا جائے، اور صحابہ اور اہلبیت کے تعلیمات کو عام کیا جائے۔
شہداء ختم نبوت کانفرنس ملتان
ملتان (18 فروری 2022ء)تحریک ختم نبوت کے شہداء نے اپنے مقدس خون سے قادیانیوں کے کفر و ارتداد اور اسلام کے درمیان نہ مٹنے والی ایک لکیر کھینچ دی اور ملک قادیانی اسٹیٹ بننے سے بچ گیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری نے جامع مسجد ختم نبوت، دار بنی ہاشم میں مجلس احرار اسلام ملتان کے زیر اہتمام 17 ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے نظریاتی دشمن ملک کی اسلامی شناخت اور تشخص کو بدلنے کے درپے ہیں۔ مگر مجلس احرار اسلام سمیت تمام محب وطن دینی حلقے سر دھڑ کی بازی لگا کر پاکستان کی فکری و جغرافیائی سرحدوں کی پاسبانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے فتنوں سے مقابلہ کے لیے نوجوان نسل کو تیار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے کہا کہ قیام پاکستان کے فورا بعد جب قادیانیوں نے بلوچستان کو قادیانی صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا تو مجلس احرار اسلام نے تحریک ختم نبوت کے ذریعے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دینی قوتیں متحد نہیں ہوں گی تب تک طاغوتی طاقتیں ان کے خلاف نت نئے منصوبے بناتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت دین کی بنیاد ہے۔ جس کا تحفظ ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔ خواتین کا اپنے گھروں میں عقیدہ ختم نبوت کی تعلیم سے بچوں کو روشناس کرانا وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے حقوق اور اس کی آزادی کے نام پر عورت کو سر بازار لانا اسلامی تہذیب و تمدن کے منافی ہے۔ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنماء مولانا سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد اکمل، مولانا جمیل الرحمن بہلوی، محمد فرحان الحق حقانی اور مولانا ایازالحق قاسمی نے کہا کہ تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت 1953کے دس ہزار شہدائے ختم نبوت پر اس وقت کے مسلم لیگی حکمرانوں نے جبر و استبداد کی انتہاء کر دی۔ مگر دس ہزار رضاکاران ختم نبوت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے نبی مکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے منصب ختم نبوت کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام شہدائے ختم نبوت کے مقدس مشن کی وارث جماعت ہے۔ احرار زندگی کے آخری سانس تک عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور قادیانیوں سمیت دیگر غیر مسلموں کی کو اسلام کی دعوت دیتے رہیں گے۔
شہدائے ختم نبوت کانفرنس میں زینت القراء، قاری ارباب سکندر نے تلاوت قرآن کریم فرمائی جبکہ نامور نعت خواں و چیئرمین بزم حسان پاکستان مولانا شاہد عمران عارفی، بزرگ احرار نعت خواں حافظ محمد اکرم احرار، شیخ حسین اختر لدھیانوی نے شہدائے ختم نبوت کو زبردست الفاظ میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ خاص طور پر عارفی صاحب نے امام اہل سنت سید ابومعاویہ ابوذر بخاری رحمہ اﷲ کا تحریر کردہ قصیدہ بہاریہ در مدح سیدنا معاویہ پہلی مرتبہ پڑھا۔
احرار رہنماؤں کا دورہ چکڑالہ تلہ گنگ و چکوال
(رپورٹ، حافظ محمد فیضان) مجلس احرار اسلام کے مرکزی امیر سید محمد کفیل بخاری مُدَّظِلُّہ اور شعبہ دعوت و ارشاد کے نگران ڈاکٹر محمد آصف اور مولانا تنویر الحسن احرار (ناظم مجلس احرار پنجاب) 31 جنوری 2022ء کی دوپہر خانقاہ سراجیہ ضلع میانوالی سے چکڑالہ پہنچے جہاں پر کارکنانِ احرار سے ملاقات اور مجلس احرار اسلام چکڑالہ کی انتخابی تقریب سے خطاب کیا۔رات کا قیام جامع مسجد ابوبکر صدیق (رض) تلہ گنگ میں کیا۔
یکم فروری بعد از نماز مغرب جامع مسجد تریڑاں والی میں امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری مُدَّظِلُّہ نے مجلسِ ذِکر و اصلاحی بیان فرمایا۔2 فروری ڈاکٹر محمد آصف، مولانا تنویر الحسن احرار،مولانا محمد حذیفہ اور مولانا محمد فیضان تلہ گنگ سے بھون قصبہ پہنچے جہاں ڈاکٹر محمد آصف نے خطاب کیا اور سوال و جواب کی نشست ہوئی بعد ازاں مفتی معاذ صاحب (رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت) سے ملاقات کی اور چکوال شہر کے معروف دینی ادارہ دارالعلوم حنفیہ میں صاحبزادہ پیر محمود الحسن نقشبندی اور مولانا محمد ادریس سے ملاقات اور تبادلہ خیال ہوا۔بعد نماز عشاء جامع مسجد ابوبکر صدیق (رض) تلہ گنگ شہر میں ڈاکٹر محمد آصف نے خطاب کیا۔
3 فروری ڈاکٹر محمد آصف نے لاوہ جامعۃ الرشید میں خواتین کے اجتماع سے عقیدہ ختم نبوت و رد قادیانیت کے عنوان پر بیان کیا۔ معروف سماجی و سیاسی شخصیت ڈاکٹر شاہنواز لاوہ سے ملاقات و تبادلہ خیال کے بعد لاوہ سے ڈھوک ہم (پیڑہ فتحال) کیلئے روانہ ہوئے راستے میں مولانا حنیف صابر (جنرل سیکرٹری مجلس احرار اسلام چکوال) اور مفتی محمد آصف (نائب امیر مجلس احرار چکوال)بھی ہمراہ ہولیے۔ ظہر کی نماز کے بعد ڈھوک ہم کی جامع مسجد میں عقیدہ ختم نبوت کے عنوان پر خطاب ہوا اور رکنیت سازی بھی کی گئی۔ مغرب کی نماز کے بعد جامع مسجد امیر حمزہ (اہلحدیث) میں ڈاکٹر صاحب کا خطاب اور سوال و جواب کی نشست ہوئی ۔
4فروری کو مختلف علاقوں میں عقیدہ ختم نبوت و رد قادیانیت کے عنوان پر اجتماعات سے خطاب ہوا جن میں جامع مسجد حذیفہ تلہ گنگ شرق (بعد از فجر) جامع مسجد فقیر غلام حبیب تھوہا محرم خان شہر (خطبہ جمعہ)جھاٹلہ میں مولانا ضیاء الحسنین صاحب سے ملاقات(قبل از عصر) جامع مسجد مدینہ ٹہی (بعد از عصر) جامع مسجد ابوعبیدہ بن جراح رض (بعد از مغرب)شامل ہیں۔
5 فروری ظہر سے پہلے مدرسہ عربیہ ظہور الاسلام میں اساتذہ سے ملاقات اور جامعہ کی لائبریری کا دورہ کیا ۔ بعد از عصر مرکزی جامع مسجد اکوال اور بعد از مغرب جامع مسجد بلال دودیال میں عقیدہ ختم نبوت کے عنوان پر بیان ہوا۔6 فروری خانقاہ سراجیہ ضلع میانوالی تکمیل بخاری شریف کی تقریب میں شرکت کی۔
انتخاب مجلس احرار چناب نگر:
مہرریاض احمد ھرل (امیر) ماسٹر محمد شہباز ، میاں اسماعیل (نائب امراء )
مولانا محمد جاوید (ناظم ) حافظ محمد صدیق، بھائی محمد حاتم (نائب ناظمین)
ڈاکٹر عبدالمجید (ناظم نشرواشاعت) محمد ساجد نیکو کارہ، احمد علی نیکو کارہ (نائب ناظم نشریات)
انتخاب مجلس احرار اسلام لاہور:
حاجی محمد لطیف (سرپرست) حاجی محمد ارشد پیرزادہ (نائب سرپرست)
حاجی محمد ایوب بٹ (امیر) حاجی غلام مصطفی، چوہدری افتخار احمد بھٹہ، قار ی عبد العزیز (نائبین)
قار ی محمد قاسم بلوچ (ناظم) قاری عطاء الرحمن، قاضی محمد حارث (نائب ناظمین)
محمد عامر اعوان (ناظم نشریات) مولانا محمد وقاص، حافظ محمد صفوان (نائب ناظمین نشریات)
انتخاب مجلس احرار اسلام اوکاڑہ:
شیخ نسیم الصباح (سرپرست) حاجی خالد محمود (امیر) مرزا محمد ارشد (نائب امیر)
شیخ مظہر سعید (ناظم) محمد طارق ( نائب ناظم) محمد سلیمان (ناظم نشریات)
انتخاب مجلس احرار اسلام گوجرانوالہ:
خاور بٹ (سرپرست) محمد اشرف (امیر) مولانا کاشف اﷲ، محمد عابد (نائب امراء)
حافظ محمد اکمل (ناظم) خالد لطیف (نائب ناظم) حافظ عمر شکیل (ناظم نشرو اشاعت)
محمد یونس ساقی، عبد الحسیب (نائب ناظم و اشاعت) شیخ الطاف الرحمن ( خزانچی)
انتخاب مجلس احرار اسلام ڈسکہ:
شیخ الحدیث مولانا محمد اسحاق (سرپرست) حاجی ذوالفقار بھٹو (امیر)
قاری محمد اشفاق (ناظم) محمدعبد اﷲ (ناظم نشرو اشاعت)
انتخاب مجلس احرار اسلام تلہ گنگ:
حاجی خالد فاروق (سرپرست) شیخ فہیم اصغر (امیر) محمود احمد ملکوال (نائب امیر)
حکیم سعد اﷲ عثمان (ناظم) شیخ عبد الرحمن (ناظم نشریات) عمار حمز ہ ملک (نائب ناظم نشریات )
انتخاب مجلس احرار اسلام ضلع چکوال:
مولانا محمد شعیب (امیر) مفتی محمد آصف محمود (نائب امیر ) مولانا محمد حنیف صابر (ناظم)
مولانا تنویر الحسن احرار (ناظم تبلیغ)
مجلس احرار اسلام چکڑالہ:
مولانا شفیق (سرپرست) امتیاز حسین (امیر) عبد الرحمن (نائب امیر)
بھائی سجاد (ناظم) حافظ خالد، سلطان (نائب ناظمین)
عبد الخالق (ناظم بیت المال) مولوی ندیم (ناظم تبلیغ)