ڈاکٹر محمد آصف
مجلس احرار اسلام کے دیگر شعبوں کے علاوہ ایک اہم ترین شعبہ ’’شعبہ تبلیغ‘‘ہے ۔جولائی 1934ء کو آل انڈیا احرار ورکنگ کمیٹی امرتسر کے اجلاس میں اس شعبہ کی بنیاد رکھی گئی ۔ اس اہم ترین شعبہ کے مبلغین نے چند سالوں کے اندر زبردست تبلیغی خدمات سرانجام دیں جہاں لاکھوں مسلمانوں کو مسئلہ ختم نبوت کی علمی ،دینی ،قانونی اور سیاسی اہمیت سمجھائی وہاں بہترین داعیانہ اسلوب کے ساتھ کام کرتے ہوئے دیگر غیر مسلموں کے ساتھ ساتھ ہزاروں مرتدین کو تائب کر کے دوبارہ اسلام میں شامل کیا ۔
الحمدﷲ آج بھی مجلس احراراسلام کا ’’شعبہ تبلیغ ‘‘اعلائے کلمۃ الحق ،نفاذ اسلام کی پرامن جدوجہد ،آئین کی بالادستی اور وطن کی محبت کا علمبردار ،زبان و قلم کے ذریعے نیکی کے ہر کام میں تعاون اور برائی کے ہر کام کی ممانعت کے اصول پر کاربند ہے اور قادیانیوں سمیت تمام غیر مسلموں ،قدیم و جدید فتنوں کے شکار لوگوں کو بہترین داعیانہ اسلوب کے ساتھ دعوت دے کر بے شمار لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بن رہا ہے ۔
محترم قارئین عملی کج روی پر کسی کی تنبیح اور اس کو راہ ہدایت پر لانا بہت آسان ہے لیکن فکری کج روی کو درست کرنا بے حد مشکل کام ہے کبھی ذہن کے فنکشن(FUNCTION) اس کی نفسیات اور اس کے طریقہ کار کو پڑھے تو بات سمجھنا آپ کے لیے آسان ہو جائے گا ۔مختصراً بس اتنا بتا دوں کہ ذہن کی ایک خاصیت یہ ہے کہ وہ بہت ضدی اور ہٹ دھرم ہوتا ہے اگر اس کو ایک اچھی چیز بھی آپ زور زبردستی سے منوانے کی کوشش کریں گے تو وہ کبھی نہیں مانے گا ۔اور اسی جگہ پر آپ ایک بری اور نقصان دہ چیز کو بھی ایک اچھے پیرائے اور سانچے میں ڈھال کر پیش کریں گے تووہ ذہن اس کے نقصانات کی پرواہ کیئے بغیر اس مٹھاس اور اسلوب گفتار کی عمدگی کی بناء پر اس نظریے کو قبول کر لے گا یعنی ذہن تھوپنے کو اور تلخی کو قبول نہیں کرتا ۔
کنونس(CONWINCE) کرنے ،منانے اور موٹیویٹ(MOTIVATE) کرنے کو قبول کرتا ہے ۔ آج باطل اس نفسیات کو سمجھ کر اپنے گمراہ کن نظریات بھی بڑے دلربا اسلوب میں ڈھال کر ایک دنیا کو مسخر کر رہا ہے ۔مگر حق والے نہ تو اس نفسیات کو سمجھ کر اسے استعمال کر پا رہے ہیں اور نہ ہی اُدْعُ اِلٰی سَبِیلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَۃِ وَالْمَوعِظَۃِ الْحَسَنَۃِ وَجَادِلْھُمْ بِالَّتِی ھِیَ اَحْسَن ۔( سورۃ النحل : آیت نمبر 125)
(ترجمہ): اپنے رب کے راستے کی طرف لوگوں کو حکمت کے ساتھ اور خوش اسلوبی سے نصیحت کر کے دعوت دو ۔ اور (اگر بحث کی نوبت آئے تو ) ان سے بحث بھی ایسے طریقے سے کرو جو بہترین ہو ۔(آسان ترجمہ قرآن ، مفتی تقی عثمانی صاحب )
ذہن تلخی کو قبول نہیں کرتا اسی لیے تو اﷲ تعالیٰ نے حضور نبی کریم رؤف الرحیم محمد کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے مخاطب ہو کر قرآ ن مجید میں فرمایا ہے ۔
فَبِمَا رَحْمَۃِِ مِّنَ اﷲِ لِنْتَ لَھُمّ ،وَلَوکُنْتَ فَظََّا غَلِیظَ القَلْبِ لَا نْفَضُّوا مِنْ حَولِکَ ،فَاعْفُ عَنْھُم وَاسْتَغفِر لَھُم وَشَاوِرْھُم فِی اَلاَمر۔(سورۃ العمران آیت نمبر 159)
(ترجمہ ) :سو کچھ اﷲ ہی کی رحمت ہے جو تو نرم دل مل گیا ان کو، اور اگر تو ہوتا تند خو سخت دل تو متفرق ہو جاتے تیرے پاس سے، سو توان کو معاف کر اور ان کے واسطے بخشش مانگ اور ان سے مشورہ لے کام میں ۔(تفسیر عثمانی ،علامہ شبیر احمد عثمانی ؒ )
لہٰذا اس داعیانہ کردار کے حامل داعیان تیار کرنے کیلئے ’’شعبہ تبلیغ‘‘کے ذریعے مختلف شہروں میں دس دن کا کورس کروایاجاتا ہے ۔ اس سال یہ کورس مرکز احرار مسجد ختم نبوت دار بنی ہاشم مہربان کالونی ایم ڈی اے چوک ملتان میں 4؍مارچ تا 15؍مارچ 2022ء تک امیر مرکزیہ نواسہ امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد کفیل بخاری مدظلہ کی زیر نگرانی منعقد ہو رہا ہے ۔
ختم نبوت کورس کے مقاصد :
٭……عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت اور عظمت کے پیش نظر ایسے داعیان الی اﷲ کو تیار کرنا ہمارا مقصد ہے جو !
٭……اسلامی روایت اور اپنی تہذیب کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ میں پیدا شدہ قدیم و جدید فتنوں بابی، بہائی ، قادیانی نظام کو گہرائی سے سمجھتے ہوں اور بھولے بھالے مسلمانوں کو ان سے بچانے کے لیے اور عوام کو قادیانیت کی حقیقت سے باخبر کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہوں ۔
٭……آج کے عہد کا شعور رکھتے ہوئے اسوۂ رسول اکرم ﷺ اور اسوۂ اصحاب رسول رضی اﷲ عنہم کی روشنی میں دعوت اسلام کا فریضہ اعلیٰ اخلاق،اسلوب دعوت اور مؤثر طریقہ کار کے ساتھ انجام دیں ۔
٭……تقویٰ ،سچائی ، نظم و ضبط ،انسانیت کی محبت ،صبر و تحمل اور برد باری کے اعلیٰ اوصاف کے ساتھ دعوت کے میدان میں جہد آزما ہوں ۔
٭……اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق انسانیت کے لیے احساس ،نرمی اور ہمدردی کا رویہ رکھتے ہوئے دعوت الی اﷲ کا کام کریں ۔
نوٹ : ……ملک بھر کے جو بھی احرار کارکن اردو لکھنا پڑھنا جانتے ہوں چاہے وہ سکول و کالجز سے پڑھے ہوں یا کسی مدرسہ سے تعلیم حاصل کی ہو، اس کورس سے ضرور فائدہ اٹھائیں اپنا وقت نکال کر دس دن کا مکمل قیام کریں ۔
شرائط داخلہ و طریقہ کار :
(1)……کم از کم درجہ رابعہ یا میٹرک پاس ۔ (2)……اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھیں ۔
( 3)……موسم کے مطابق بستر ہمراہ لائیں ۔ (4)……مرکزمیں قیام و طعام کا معقول انتظام ہو گا ۔
(5)……کلاسز صبح سے شام تک ہوں گی ۔ (6)…… مغرب تا عشاء عوامی نشست ہوگی۔
رابطہ: 0300-6385277, 0308-2582958