لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ نظام پارلیمانی ہو یا صدارتی سب نظام ناکام بلکہ فیل ہو چکے ہیں، اسلامی نظام کا نفاذ ہی ہمیں ان گھمبیر حالات اور مصائب سے نکال سکتا ہے۔وہ گزشتہ روز فیصل آباد میں مجلس احرار اسلام ضلع ساہیوال کے ناظم حافظ محمد اسامہ عزیر کے نکاح مسنونہ پڑھا نے کی تقریب میں شرکت کے بعد احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ افغانستان میں بیس سالہ جبر وتشدد اور اسلحہ کے زور پر حکومت کرنے والی استعماری قوتیں طالبان کی استقامت کے سامنے ٹہر نہیں سکی اور آخر کار شکست سے دوچار ہوکر بھاگ جانے میں ہی عافیت سمجھی۔ اس موقع پرمحمد اشرف علی احرار، محمود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں عبداللطیف خالد چیمہ نے مرکز احرار مسجد صدیقیہ کمالیہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے رکن حاجی عبدالکریم قمر، محمد اجمل اور دیگر سے ملاقات کرکے کمالیہ کے مقامی تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عبداللطیف خالد چیمہ نے کار کنوں کو ہدایت کی کہ وہ جدید رکنیت سازی اور مقامی انتخابات کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں اور مارچ 1953ء کے شہدائے ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اگلے مہینہ میں ختم نبوت کانفرنسز کا انعقاد کریں۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کو بتایا گیا کہ 10فروری آج بعد نماز عشاء مسجد صدیقیہ کمالیہ میں سالانہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہو گی جس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماء مولانا اللہ وسایا، مولانا شبیر احمد عثمانی (فیصل آباد)مجلس احرار اسلام کے رہنماء محمد قاسم چیمہ اور دیگر شرکت وخطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ 10فروری آج ملتان جائیں گے اور قاسم بیلہ کی مسجد میں ختم نبوت کے عنوان پر ایک پروگرام میں خصوصی مہمان کے طور پر خطاب کریں گے۔