لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کی دعوت پر پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا۔وفد میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس اور مجلس احرار ضلع ساہیوال کے صدر محمد قاسم چیمہ شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے پنجاب اسمبلی کے ا سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران ملاقات وفد نے اسمبلی میں آیت ختم نبوت اور حدیث ختم نبوت آویزاں کرنے پراسپیکر پنجاب اسمبلی کو مبارک باد پیش کی۔ سید محمد کفیل بخاری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مجلس احرار اسلام روز اوّل سے ہی تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر اپنی پوری قوت کے ساتھ دعوت لے کر چل رہی ہے۔ ختم نبوت کا تحفظ کرنا ہمیں اپنے اکابر سے ورثہ میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہئ ختم نبوت کے تحفظ میں ہر طبقہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،عقید ہ ختم نبوت کا تحفظ اور فتنہ قادیانیت کا تعاقب محض مذہبی ہی نہیں بلکہ آئینی مسئلہ بھی ہے۔ ملاقات میں وفد نے چودھری برادارن کی ختم نبوت کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔ چودھری پرویز الٰہی نے امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ اور ان کے قافلہئ سخت جاں کو عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کرنے کے حوالے سے تمام جماعتوں کو ایک پیج پر جمع کرنے کے عمل کو احسن الفاظ میں خراج تحسین پیش کی۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی اور تحریک ختم نبوت میں مجلس احرار اسلام نے جو کردار ادا کیا اس کی نظیر برصغیر کی تاریخ میں نہیں ملتی۔