لاہور(پ ر) اسرائیلی صدر کا عرب امارات کا دورہ اور پھر اس پر تکبرانہ جملے قابل تشویش ہی نہیں قابل مذمت بھی ہیں۔ حضور خاتم النبیینﷺ کے ارشاد مبارک کے مطابق کفر ایک ملت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتوں کی نگاہ روز اوّل سے ہی حرمین شریفین پر ہیں اور عالم اسلام کے تمام حکمران خواب خرگوش میں محو ہیں، اگر ہم نے آج اس صورتحال کو نظر انداز کر دیا تو کل کو طاغوتی طاقتیں ایک ایک کر کے تمام مسلم ممالک میں اپنا شر پھیلانے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سعودی حکام کی سرپرستی میں بے حیائی کے اڈے کھلنے اور فیسٹیول کے نام پر بے حیائی کو پر موٹ کیا جانا ہمارے مراکز حرمین شریفین کی توہین کے مترادف ہے اور اس عمل بد سے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کے جذبات بری مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے کبھی دوست نہیں ہو سکتے پھر عرب امارات کے شہزادے مغربی کلچر کو پرموٹ کیوں کر رہے ہیں اور یہود ونصاریٰ کی طرف دوستی کی بانگیں کیوں بڑھا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں ایٹمی طاقت ہونے کا شرف وطن عزیز پاکستان کو حاصل ہے اس لیے ایٹمی پاور ہونے کے ناطے سے عالم اسلام کی قیادت کرتے ہوئے ہمارے حکمرانوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ یہود ونصاریٰ کی اس چال کو سمجھتے ہوئے اس معاملے میں دخیل ہو کر صور تحال کو سنبھالیں۔