لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سربراہی میں قائم عالمی فوجداری عدالت کے لیے نئے چیف پراسکیوٹر کے طور پر قادیانی احمد کریم خان کی تعیناتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی استعمار قادیانیوں کو بھی امارت اسلامی افغانستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک فطری عمل ہے کہ استعمار کا لگایا ہوا پودا استعماری مفادات کا ہی تحفظ کرے گا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام پاکستان (س) کے زیر اہتمام افغان ایشو پر اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی میں شرکت سے لاہور واپسی پر مرکزی دفتر احرار لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کیا۔انہوں نے بتایا کہ اے پی سی میں دینی و سیاسی قیادت نے مشترکہ مطالبات میں کہا ہے کہ افغان قوم کو مالی اور سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے امارت اسلامی افغانستان کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔ اور ان کو بحران سے نکالنے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن کی اب ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کا معاشی مقاطعہ کرنے کی بجائے ان کے فنڈز اور امدادکو بحال کیا جائے۔ افغان قوم کو اپنے ملک میں اپنی مرضی کا آزاد اور ریاستی نظام قائم کرنے اور خطے میں امن کرنے کے لیے دوحہ معاہدے کی پاسداری کی جائے۔ افغانستان میں نظام اور معاشرت کے سلسلہ میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اے پی سی نے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت، عالمی برادری، مسلم ممالک اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان کو تاخیر کئے بغیر تسلیم کیا جائے۔