تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

 امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری دام ظلہم کا دورۂ رحیم یار خان
مجلس احرار اسلام شہر رحیم یار خان کا انتخابی اجلاس
(رپورٹ: سیدساجدشاہ، رحیم یارخان)تحریک آزادی میں جن انقلابی اور مذہبی جماعتوں نے اپنی قوم، مذہب اور وطن کے لیے برطانوی سامراج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جدوجہد آزادی میں ایثار و قربانی اور ایمان و عزیمت کی بے مثال داستانیں رقم کیں ان میں مجلس احرار اسلام سرِ فہرست ہے، جسکی جرات، استقامت، بہادری اور بے باکی کی داستانیں تاریخ کے صفحات پر درج ہیں۔ تحریک آزادی، تحریک ختم نبوت و برصغیر پاک و ہند کی عظیم حریت پسند جماعت مجلس احرار اسلام پاکستان کا قیام 29دسمبر 1929 کو عمل میں لایا گیا، حریت پسند رہنماوں امیر شریعت سید عطااﷲ شاہ بخاری نوراﷲ مرقدہ،رئیس الاحرار مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی، چوہدری افضل حق،مولانا ظفر علی خان، مولانا محمد داود غزنوی، مولانا مظر علی اظہر نے ملک میں حکومت الہیہ کے قیام، انگریز سامراج سے آزادی اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے مجلس احرار اسلام کی بنیاد رکھی اور ہر فتنے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
نواسہ امیر شریعت و مرکزی امیر مجلس احرار اسلام مولانا حافظ سید محمد کفیل شاہ بخاری 12 دسمبر 2021 کو ایک روزہ جماعتی دورہ پر رحیم یارخان تشریف لائے۔ مولوی فقیر اﷲ رحمانی، مولوی محمد یعقوب چوہان سمیت دیگر احرار کارکنان نے چوک بہادر پور میں شاہ جی کا استقبال کیا، وہاں سے اقراء صوت القرآن تشریف لائے جہاں محمد عبداﷲ حجازی، حافظ محمد عاصم خان بلوچ نے رحیم یار خان شہر کے احباب کے ہمراہ شاندار استقبال کیا۔ بعدازاں ظہر کے وقت جرنیل احرار حافظ محمد اکبر اعوان مرحوم کے مدرسے پہنچے، جہاں ظہر کی نماز پڑھائی۔ اس کے بعد مولانا فقیر اﷲ کی صدارت میں منعقد مقامی جماعت کے انتخابی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی کے شرکت کی۔ جبکہ اجلاس میں سابق ضلعی امیر حافظ محمد اشرف، سابق ضلعی ناظم اعلی محمد عبداﷲ حجازی، حافظ محمد صدیق چوہان، ملک محمد سلطان اعوان سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد صدیق چوہان کی تلاوت سے ہوا، سٹی انتخابات میں حافظ محمد عاصم خان بلوچ سٹی امیر، قاری شاہد بلوچ سٹی ناظم اور قاری محمد یعقوب نقشبندی ناظم نشرواشاعت منتخب کیے گئے جبکہ سٹی نائب امیر حافظ محمد زبیر کمبوہ کو منتخب کیا گیا، نومنتخب عہدیداران اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی امیر نواسہ امیر شریعت مولانا حافظ سید محمد کفیل شاہ بخاری دامت برکاتہم نے کہا کہ مجلس احرار اسلام پاکستان عقیدہ ختم نبوت اورناموس رسالت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔اسلام کی دعوت اورتبلیغ وتعلیم قیامت تک جاری رہے گی مجلس احرار اسلام 92سال سے تحفظ ختم نبوت اورتبلیغ اسلام کی محنت جاری رکھے ہوئے ہے۔آخر میں انہوں نے مجلس احرار اسلام رحیم یارخان شہر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دین کی دعوت اوراسلام کے خلاف اٹھنے والے فتنوں کا مقابلہ پوری قوت سے کریں اور اپنی تمام تر توانائیوں کو اﷲ کے دین کی نصرت و حمایت میں صرف کر دیں۔
مجلسِ احرار اسلام کے ناظم شعبہ دعوت و ارشاد ڈاکٹر محمد آصف کا ضلع نارووال و ضلع سیالکوٹ کا تبلیغی دورہ
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد آصف 10دسمبر بروز جمعہ تین روزہ تبلیغی دورے کے لیے لاہور سے ظفروال ضلع نارووال پہنچے، جہاں سے نومسلم مولانا عبداﷲ (سابق ہندو) کے ہمراہ ساہیوال ضلع سیالکوٹ پہنچے اور جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا، بعد نماز جمعہ نومسلم دوستوں سے ملاقات کر کے دو عیسائی (غیر مسلموں) سے ملاقات کی جو کہ عصر تک جاری رہی۔بعد ازاں ٹھرو منڈی ضلع سیالکوٹ کے لیے روانہ ہوے مغرب کی نماز ٹھرو منڈی میں ادا کرنے کے بعد وہاں ایک احمدی(قادیانی) جن سے دوسری ملاقات تھی ان کے گھر پہنچے جہاں پر ان کے ایک اور قادیانی دوست بھی لندن سے آئے ہوئے تھے،جن سے رات دس بجے تک گفتگو جاری رہی۔
(11 دسمبر بروز ہفتہ) ساہیوال ضلع سیالکوٹ کے مضافات میں ایک عیسائی سکول ٹیچر سے ملاقات کی۔جبکہ شام کو اونچا کلاں ضلع نارووال کی جامع مسجد حسن میں مختلف دوستوں سے ملاقات کی12 دسمبر بروز اتوار جامع مسجد حسن میں بعد نماز فجر ختم نبوت کے عنوان پر درس دیا۔بعد از ظہر جامع مسجد نور سبزکوٹ میں مقامی دوستوں سے ملاقات کی۔ شرکاء نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اﷲ دعوت کی اس محنت میں بھرپور تعاون کریں گے۔
مجلس احرار اسلام ملتان کا انتخاب
(رپورٹ: فرحان الحق حقانی) 10 دسمبر 2021ء بروز جمعہ، بعد نماز عشاء، مرکز احرار، دار بنی ہاشم میں امیر مجلس احرار اسلام ضلع ملتان حضرت مولانا محمد اکمل صاحب دامت برکاتہم کی زیر صدارت انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ انتخابی اجلاس میں مختلف یونٹس سے منتخب نمائندگان و ارکان شوری نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز مجلس احرار اسلام یونٹ بستی نو کے امیر جناب قاری محمد طیب نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ راقم نے تمام ارکان شوری کے سامنے گذشتہ پانچ سالوں کی جماعتی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا سید عطاء المنان بخاری نے اجلاس کے تمام شرکاء کو اجلاس کی غرض و غایت اور انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد ارکان شوری نے اپنی آراء پیش کیں اور درج ذیل عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ جبکہ دستوری طریقہ کے مطابق عہدیداران نے اپنے ناظمین کا چناؤ خود کیا۔
(1) جناب شیخ حسین اختر لدھیانوی (سرپرست)
(2) جناب مولانا محمد اکمل (امیر)
جناب سعید احمد انصاری (نائب امیر)
محترم شیخ نیاز احمد (نائب امیر)
(3) مولانا ابو میسون اﷲ بخش احرار (ناظم اعلی)
جناب قاری عبدالناصر صدیقی (نائب ناظم)
جناب عارف شہزاد (نائب ناظم)
(4) جناب محمد فرحان الحق حقانی (ناظم نشرواشاعت)
جناب محمد عدنان معاویہ (نائب ناظم نشرواشاعت)
جناب محمد عدنان ملک (نائب ناظم نشرواشاعت)
(5) مولانا مفتی محمد نجم الحق (ناظم دعوت و تبلیغ)
انتخابی اجلاس کے آخر میں قائد احرار مولانا سید محمد کفیل بخاری نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ پانچ سال 2022 تا2026 نو منتخب عہدیداران اپنی ٹیم کے ہمراہ اشاعتِ اسلام اور تبلیغِ دین کی جد و جہد کو وسعت دینے اور جماعتی پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی بھرپور محنت کریں گے۔
اجلاس کے آخر میں نو منتخب ذمہ داران نے بھی ہاؤس سے خطاب کیا۔ تقریب کا اختتام مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری اور مرکزی رہنماء مولانا سید عطاء المنان بخاری کی گفتگو اور دعاؤں سے ہوا۔
ملتان(5دسمبر 2021) مجلس احرار اسلام ضلع ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل اور ناظم نشر و اشاعت فرحان الحق حقانی نے اپنے مشترکہ بیان میں سانحہ سیالکوٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست و حکومت اس اندوہناک واقعہ میں ملوث تمام کرداروں کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دے۔ اگر ریاست و حکومتی اداروں نے اس اس واقعہ کے ’’ماسٹر مائنڈ‘‘ اور تمام کرداروں کو عبرت کا نشان نہ بنایا تو آئندہ بھی یہ ملکی سلامتی و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ احرار رہنماؤں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کے سامنے ایسا واقعہ ہونا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز وطن عزیز میں اس قسم کے واقعات کا رونما ہونا ایک سوچی سمجھی اور طے شدہ منصوبہ بندی محسوس ہوتی ہے۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی و اشتعال انگیز سرگرمیوں کو بنیاد بنا کر سیکولر و لبرل طبقہ قانون ناموس رسالت صلی اﷲ علیہ وسلم کے خاتمے کا مطالبہ شروع کر دیتا ہے، جو سراسر غلط اور پاکستان کی نظریاتی اساس کیخلاف ہے۔ ہاں اگر کسی نے واقعی گستاخی کی تھی تو قانون موجود ہے قانون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا، اس قسم کے واقعات کی آڑ میں بین الاقوامی ادارے وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنا چاہتے ہیں مگر جب تک مجلس احرار اسلام اور محب وطن حلقے وطن عزیز میں موجود ہیں اس وقت تک ان کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے حکومت و ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ہے، اس واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد اور عبرت ناک سزا دی جائے۔
مبلغ احرار مولانا محمد الطاف معاویہ کا دو روزہ دورہ ٔ میلسی
(رپورٹ: مولانا محمد رضوان جلوی )23دسمبر 2021ء بروز جمعرات دن 12 بجے، مبلغ احرار جناب مولانا محمد الطاف معاویہ صاحب کی جماعتی سرگرمیوں کے سلسلے میں جلہ جیم تحصیل میلسی آمد ہوئی۔ الحمدﷲ! نماز ظہر سے مختلف مساجد میں دروس کا سلسلہ شروع ہوا جوکہ جمعہ 24 دسمبر 2021ء صبح تک جاری رہا۔ 24 دسمبرکو جامع مسجد سیدنا امیرحمزہ رضی اﷲ عنہ جلہ جیم میں مولانا محمد الطاف معاویہ صاحب نے جبکہ جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ رضی اﷲ عنہ بستی نظام آباد میں (راقم) مولوی محمد رضوان جلوی نے اجتماعات جمعہ سے خطاب کیا۔ جس میں عقیدۂ ختم نبوت کے موضوع پر آیات قرآنی کی درسی انداز میں تفہیم کی کوشش کی۔ نیز احرار کارکنوں اور شرکاء اجتماع کو 29 دسمبر بروز بدھ، مجلس احرار اسلام پاکستان کے 92 سالہ یوم تاسیس کے موقع پرجماعتی مراکز میں منعقدہ تقریبات، مجلس احرار اسلام ملتان کے زیر اہتمام سترھویں سالانہ شہداء ختم نبوت کانفرنس (18فروری 2022 بروز جمعہ) اور دس روزہ سالانہ ختم نبوت کورس (4 تا 15مارچ 2022ء) منعقدہ دار بنی ہاشم، مہربان کالونی ملتان میں شرکت کی دعوت دی گئی۔اس دوران مقامی علماء کرام، احرار کارکنان اور معاونین سے خصوصی و انفرادی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اس موقع پر مبلغ احرار جناب مولانا محمد طیب رشید صاحب سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی۔ جس میں مختلف جماعتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیچہ وطنی میں مرحوم حافظ محمد حبیب اﷲ چیمہ کی یاد میں تقریب کا انعقاد
چیچہ وطنی (21دسمبر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مجاہد کبیر حافظ محمد حبیب اﷲ چیمہ رحمۃ اﷲ علیہ کے یوم وصال کے موقع پر دارالعلوم ختم نبوت جامع مسجد بلاک نمبر 12 چیچہ وطنی میں قرآن خوانی اور دعائیہ اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے حافظ صاحب مرحوم کی جائے وفات کو گوشۂ حافظ محمد حبیب اﷲ چیمہ رحمۃ اﷲ علیہ کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ اجتماع ممتاز سیاسی وسماجی رہنما شیخ عبدالغنی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل محترم جناب عبداللطیف خالد چیمہ، جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری ضیا ء الحق، پیر جی عزیزالرحمان رائے پوری، قاری سعید ابن شہید، چئیرمین مارکیٹ کمیٹی میر ثاقب رضا، مولانا طارق ندیم (عارف والا)، مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفرازمعاویہ، محمد قاسم چیمہ، مسلم لیگ کے رہنما شیخ اورنگزیب ٹیپو، حکیم حافظ محمد قاسم، حافظ مغیرہ خالد، حافظ احسن منظور، حافظ محمد ابرار، چودھری محمد ارشد چیمہ، چودھری ظفر اقبال اور دیگر شخصیات نے شرکت و خطاب کیا۔ جبکہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بعد ازاں بستی سراجیہ 12/42ایل میں بھی ایک تقریب کے ذریعے حافظ محمد حبیب اﷲ چیمہ کی ہمہ پہلو خدمات جلیلہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ 26 دسمبر کو جمعیت علماء اسلام ساہیوال کے زیر اہتمام بھی ایک تعزیتی ریفرنس ختم نبوت سنٹر ساہیوال میں منعقد کیے جانے کا اعلان بھی کیاگیا۔
مجلس احرار اسلام ناگڑیاں ضلع گجرات کا انتخاب
مجلس احرار اسلام کی رکنیت سازی کا عمل ملک بھر میں جاری ہے۔ اسی حوالے سے مجلس احرار ضلع گجرات کی شوری کا انتخابی اجلاس 26 دسمبر 2021 مدرسہ محمودیہ معمورہ ناگڑیاں گجرات میں حاجی عبد الحق صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں شوری نے اتفاق رائے سے درج ذیل حضرات کو منتخب کیا۔
حاجی عبد الحق (سرپرست) قاری محمد ضیاء اﷲ ہاشمی (امیر) مولانا احسان اﷲ اشرفی (ناظم) حافظ محمد کاظم اشرف (ناظم نشرواشاعت) غلام عباس (خزانچی)
مرکز احرار مدنی مسجد چنیوٹ میں سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وسلم کورس
مجلس احرار اسلام چنیوٹ کے زیر اہتمام 20 نومبر تا 3 دسمبر 2021 پندرہ روزہ سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وسلم کورس مجلس احرار اسلام کے ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیرہ کی سرپرستی اور مولانا محمد طیب معاویہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ جس میں شرکاء کو رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی سیرت وشمائل اور آپ کے معمولات زندگی تفصلیل مولانا ملک خلیل احمد اشرفی مدظلہٗ اور مولانا زاہد معاویہ نے سبقا پڑھائے۔ 3 دسمبر بروز جمعہ بعد نماز مغرب کورس کی اختتامی نشست سے مجلس احرار کے مرکزی رہنما مولانا سید عطاء المنان بخاری نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں کوئز پروگرام کیا گیا صحیح جواب دینے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.