تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

دشمنوں کے لیے تعلیم وہدایت کا اہتمام

قاضی محمد سلیمان سلمان منصور پوری رحمہ اﷲ
غزوۂ بدر میں صفوان بن امیہ کا باپ مارا گیا، عمیر بن وھب کا بیٹا مسلمانوں کے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ دونوں جذبۂ انتقام سے بھر ے ہوئے تھے دونوں نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو قتل کرنے کی خفیہ سازش کی۔ عمیر بن وھب کو صفوان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کے اور اس کے خاندان کے تمام اخراجات برداشت کرے گا۔ عمیر جو پہلے ہی انتقامی جذبے سے سرشار تھا اپنی زہر میں بجھی ہوئی تلوار لے کر مدینہ منورہ پہنچ گیا، مسجد نبوی کے قریب اپنا اونٹ بٹھایا، ابھی وہ مسجد نبوی کے اطراف کا جائزہ ہی لے رہاتھا کہ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اسے دیکھ لیا اور اس کے عزائم کوبھی بھانپ گئے۔ انہوں نے فوراً اس کی تلوار پر قبضہ کیا اور گردن سے پکڑکر گھسیٹتے ہوئے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے پاس لے جا رہے تھے۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے دیکھا تو حضرت عمر رضی اﷲ عنہ سے کہا کہ اسے چھوڑ دو، پھربہت مشفقانہ انداز میں فرمایا عمیر! میرے قریب آجاؤ۔
عمیر رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کوقتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، لیکن رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کواس کی تعلیم وہدایت کی فکر ہے۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے اسے اپنے قریب بٹھا کربہت نرمی کے ساتھ پوچھا کہ عمیر کیسے آئے ہو؟ عمیرنے کہا کہ میں اپنے بیٹے کی خبر لینے آیا ہوں، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے پھر پوچھا کہ پھر اس تلوار کا کیا مقصد ہے؟ کہنے لگا کہ ہماری تلواروں نے پہلے بھی آپ کا کیابگاڑ لیا؟
رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے اس خفیہ سازش کو، جو اس نے اورصفوان نے تیار کی تھی، تفصیل سے بتا دیا۔ عمیر بن وھب یہ سب سن کر بہت حیران ہوا، رسول اﷲ صلی اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے عمیر سے یہ بھی کہاکہ عمیر تمہیں یہ خیال نہیں آیا کہ اﷲ تعالیٰ میرا محافظ ہے۔ اس ساری گفتگو کے دوران رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی توجہ عمیر کی ہدایت کی طرف رہی ، اس توجہ اور آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کے کریمانہ اخلاق نے عمیر کو بہت متاثر کیا اور بالآخر انہوں نے اسلام قبول کرلیا۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اﷲ عنھم کوحکم دیا کہ اب وہ عمیر کی تعلیم کا اہتمام کریں، اسے قرآن کریم کی تعلیم دیں اور اس میں دین کافہم پیدا کریں۔
(شش ماہی ’’السیرۃ‘‘ کراچی، شمارہ نمبر42، صفحہ 111)
٭……٭……٭

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.