لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ ہم وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہمارے تمام مدارس وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ہی ملحق ہیں۔وہ گزشتہ روز مجلس احرار اسلام کے زونل آفس چیچہ وطنی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ضلعی مسؤل مولانا کلیم اللہ رشیدی، قاری عتیق الرحمن رحیمی،مفتی عبیدالرحمن اور قاری محمد ادریس پر مشتمل وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی پر عزم قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ہم ان کی پالیسیوں کی حمایت کوبھی جاری رکھیں گے۔ مولانا کلیم اللہ رشیدی نے اس موقع پر دارالعلوم ختم نبوت جامع مسجد چیچہ وطنی سمیت احرار کے ما تحت اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان دینی مدارس کا سب سے پڑا بورڈ ہے جو اپنے نصب العین کے تحت تعلیمی وتدریسی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ان شاء اللہ تعالیٰ قیامت تک جاری رہیں گی۔