لاہور(پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں، علماء کرام، خطباء عظام اور مبلغین نے اپنے اپنے بیانات اور خطبات جمعۃ المبارک میں کہا ہے کہ تمام صحابہ کرامؓ اسلام کی بنیاد ہیں اور حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ اسلام کا سنگ بنیاد ہیں۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، نائب امیرسید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد مغیرہ، مولانا تنویر الحسن احرار، مولانا قاری ضیاء اللہ ہاشمی، مولانا محمد سرفراز معایہ،مولانا محمد الطاف معاویہ اور دیگر خطباء احرار نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کہا کہ جناب رسول اللہ ﷺ کے ہاتھوں وجود پانے والی ریاست مدینہ کے دوسرے سر براہ اور خلیفہ اوّل سیدنا ابوبکر صدیقؓ تھے سیدناابوبکر صدیقؓ حضورﷺ کے جانشین،قریبی دوست اور سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والی شخصیت ہیں ریاست مدینہ میں قائم ہونے والے خلافت راشدہ کا آغاز سیدنا صدیق اکبرؓ سے ہوتا ہے۔ مبلغین احرار نے اپنے خطبات جمعۃ المبارک میں کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر تشکیل دینے کا خواب اس وقت پورا ہوسکتا ہے جب صحابہ کرامؓ کی خدمات،فضائل و مناقب کو عام کیا جائے گا اور ان کے قائم کردہ اصولوں کو اپنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں صحابہ کرامؓ خصوصاً حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کی گستاخی کے مختلف واقعات کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاموشی سادھ رکھی ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ امام الابنیاءﷺ نے 17نمازیں سیدنا صدیق اکبرؓ کی امامت میں ادا فرمائیں ہیں۔ آقاﷺ نے فرمایا کہ ابوبکر صدیقؓ کے ہوتے ہوئے مصلیٰ امامت پرکوئی دوسرا کھڑا نہیں ہو سکتا خلافت صدیقیؓ کا آغاز فتنہ ارتداد مسیلمہ کذاب کے لشکر کشی سے ہوایوں حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ تحریک تحفظ ختم نبوت کے بانی بھی ہیں۔ مقررین نے پنجاب اسمبلی میں یوم سیدنا صدیق اکبرؓ پر عام تعطیل کی قرار داد منظور ہونے کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس قرار داد کے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں اور حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کے فضائل و منقبت کو عام کیا جائے۔تمام رہنماؤں نے قرار دادوں کے ذریعے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی ابوبکر خدابخش نتھوکہ کی مدت ملازمت میں توسیع دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس تعیناتی کو نہ روکا گیا تو تحریک تحفظ ختم نبوت کی تمام جماعتیں مزاحمتی تحریک چلائیں گی۔