مجلسِ احرار اسلام کے ناظم شعبہ دعوت و ارشاد ڈاکٹر محمد آصف نے ضلع نارووال و ضلع سیالکوٹ کا تبلیغی دورہ کیا،
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد آصف 10 دسمبر بروز جمعہ تین روزہ تبلیغی دورے کیلئے لاہور سے ظفروال ضلع نارووال پہنچے، جہاں سے نومسلم مولانا عبداللہ (سابق ہندو) کے ہمراہ سیہووال ضلع سیالکوٹ پہنچے اور جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا اور بعد نماز جمعہ نومسلم دوستوں سے ملاقات کر کے دو عیسائی (غیر مسلموں) سے ملاقات کی جو کہ عصر تک جاری رہی. بعد از نماز عصر ٹھرو منڈی ضلع سیالکوٹ کیلئے روانہ ہوگئے مغرب کی نماز ٹھرو منڈی میں ادا کرنے کے بعد اسی علاقہ کے ایک احمدی(قادیانی) جن سے دوسری ملاقات تھی ان کے گھر پہنچے جہاں پر ان کے ایک اور قادیانی دوست بھی لندن سے آئے ہوئے تھے،جن سے رات دس بجے تک گفتگو جاری رہی.
بعد از ملاقات ظفروال روانہ ہوگئے جہاں پر رات کا قیام کیا، اگلے دن (11 دسمبر بروز ہفتہ) سیہووال ضلع سیالکوٹ کے مضافات میں ایک عیسائی سکول ٹیچر سے ملاقات کی. جبکہ شام کو اونچا کلاں ضلع نارووال کی جامع مسجد حسن میں مختلف دوستوں سے ملاقات کی. 12 دسمبر بروز اتوار جامع مسجد حسن میں بعد نماز فجر ختم نبوت کے عنوان پر درس دیا. ظہر سے پہلے کنگرہ ضلع سیالکوٹ میں ایک قادیانی دکاندار سے ملاقات کیلئے گئے، معلوم ہوا کہ وہ تو مسلمان ہے لیکن اس کے ننہال اور بزنس پارٹنر قادیانی ہے.اس نے خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسے لوگوں سے ملاقات ہوئی ہے جو اس انداز دعوت کی محنت کر رہے ہیں اور اس نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اپنے خاندان اور دوست قادیانیوں تک دعوت پہنچانے کیلئے پُل کا کردار ادا کروں گا بعد از ظہر جامع مسجد نور سبزکوٹ میں مقامی دوستوں سے ملاقات کی. شرکاء نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ دعوت کی اس محنت میں بھرپور تعاون کریں گے.