تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم اور شیخ الحدیث مولانا عبید اﷲ خالد دامت برکاتہ کی دار بنی ہاشم آمد:
ملتان (3 جولائی2021/22 ذیعقدہ 1442) ابن امیر شریعت سید عطاء المہیمن بخاری کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔حضرت امیر شریعت، ان کی جماعت مجلس احرار اور ابناء امیر شریعت کی مساعی جلیلہ امت کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا عبید اﷲ خالد نے دار بنی ہاشم ملتان میں قائد احرار ابن امیر شریعت سید عطاء المہیمن بخاری رحمہ اﷲ کی تعزیت کے لیے تشریف آوری کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے مجلس احرار نے 1953 میں تحریک چلائی جس کے نتیجے میں قادیانی فتنہ کی جڑیں کھوکھلی ہوگئیں اور امت مسلمہ کو اس فتنہ سے آگاہی حاصل ہوئی، انہوں نے کہا کہ دین دشمن عناصر وطن عزیز کی اسلامی شناخت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کو ختم کرنے والے خود ختم ہو جائیں گے دین قیامت تک کے لیے ہے اور ہمیشہ غالب رہے گا۔اس موقع پر مولانا سید عطاء المنان بخاری، سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، مجلس احرار ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل اور دیگر اساتذہ و کارکنان احرات بھی موجود تھے۔
چکوال اور مضافات میں تبلیغی سرگرمیاں:
مجلس احرارِاسلام پاکستان کے ناظم شعبہ دعوت و ارشاد ڈاکٹر محمد آصف، مجلسِ احرارِاسلام کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری کے ہمراہ 20جون بروز اتوار حسن ابدال سے تلہ گنگ پہنچے، سید کفیل بخاری نے اتوار کے روز چکڑالہ میں احرار کے تیسرے مرکز مسجد النور کا سنگ بنیاد رکھا، بعد ازاں امیر مرکزیہ لاہور روانہ ہو گئے۔جبکہ ڈاکٹر محمد آصف نے سوموار21/06/21کوبعد از نمازِ فجر مرکز احرار تلہ گنگ جامع مسجد ابوبکر صدیق میں ختم نبوت کے عنوان پر بیان کیا جبکہ بعد از نماز عصر مسجد الحسنین پرانی منڈی مویشیاں اور بعد نماز مغرب جامع مسجد فاروق اعظم میں اور بعد از نماز عشاء جامع مسجد عثمان نزد تھانہ سٹی میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کی ارتدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اسی طرح یہ سلسلہ 27 جون تک جاری رہا۔
22 جون بروز منگل بعد از نماز عصر :مسجد حسنین گلی سیٹھیاں ،بعد از نماز جامع مغرب مسجد مہاجرین ،بعد از عشاء جامع مسجد عائشہ صدیقہ ۔23 جون بروز بدھ قبل از عصر :چینجی شہر کی مسجد خلفائے راشدین ،بعد از مغرب جامعہ انوار القرآن جھاٹلہ ،بعد از نماز عشاء مسجد ابوبکر ڈھوک دتیال۔24 جون بروز جمعرات بعد از عصر: جامع مسجد مدنی پنڈی روڈ ,بعد از نماز مغرب جامع مسجد خالد بن ولید (اہل حدیث)۔25 جون بروز جمعہ بعد از نماز عصر: جامع مسجد موچیاں والی، مغرب کی نماز کے بعد جامع مسجد ابوعبیدہ بن جراح محلہ محمد آباد ،عشاء کے بعد جامع مسجد علی جماعت اسلامی۔26 جون بروز ہفتہ: ڈاکٹر محمد آصف اور مولانا تنویر احرار ضلع خوشاب کے علاقہ پیلووینس میں قادیانیت سے تائب ہونے والے کچھ نومسلمین دوستوں سے ملاقات کیلئے گئے اور بعد از نماز مغرب مسلک بریلوی سے تعلق رکھنے والے معروف عالم مولانا صابر ایوب کی دعوت پر پرانی جامع مسجد میں ڈاکٹر محمد آصف نے عقیدہ ختم نبوت کے عنوان پر عوام و خواص سے خطاب کیا ۔27 جون بروز اتوار: آخری بیان مرکزی جامع مسجد عیدگاہ میں ہوا۔جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مجموعی طور تمام نشستیں کامیاب رہیں اور عوام و خواص نے مجلسِ احرارِاسلام کے اس دعوتی مشن کی تائید کی اور دعاؤں سے نوازا۔دورہ مکمل ہونے کے بعد 28 جون بروز سوموار کو لاہور روانہ ہو گئے۔
دار بنی ہاشم میں نو مسلمین اور زیرِ تبلیغ احباب کی خصوصی نشست:
(رپورٹ: مولوی محمد فیضان)شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام ایک روزہ علمی،فکری وتربیتی نشست مجلس احباب 11 جولائی بروز اتوار صبح 10بجے تا نماز عصرمرکز احرار دار بنی ہاشم ملتان میں منعقد ہوئی۔ جس میں ضلع ملتان کے نومسلمین و زیر تربیت احباب اور داعیان خصوصی نے شرکت کی نشست کا اختتام قائد احرار نواسہ امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد کفیل بخاری مدظلہ کی قیمتی نصائح اور دعا سے ہوا ۔
مجلس احرار اسلام ضلع ملتان کی جانب سے مختلف یونٹس میں منعقدہ احرار تربیتی ورکشاپس:
(رپورٹ: فرحان الحق حقانی)مجلس احرار اسلام یونٹ قاسم بیلہ کے زیر اہتمام جامع مسجد کرنالوی میں مورخہ 25 جون 2021ء بروز جمعہ بعد نماز مغرب احرار تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں قاسم بیلہ، بستی محمد پور گھوٹہ اور بستی لنگڑیال کے احرار ذمہ داران اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ احرار تربیتی ورکشاپ کا آغاز قاری منظور احمد اور احرار کارکن مولانا فیصل اشفاق نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اﷲ علیہ وسلم کے بعد خطابات کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء نبیرہ امیر شریعت مولانا حافظ سید عطاء المنان بخاری نے تاریخ احرار کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے احرار کارکنوں سے کہا کہ مجلس احرار اسلام حکومت الہیہ کے قیام، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، قانون ناموس رسالت کی حفاظت اور ناموس ازواج و اصحاب رسول کے دفاع کیلئے پر امن آئینی و قانونی جدوجہد کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہے اور یہ پر امن جدوجہد کا طریقہ کار ہمیں ہمارے احرار اکابرین کی طرف سے ورثہ میں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل مجلس احرار اسلام نے پر امن سیاسی جدوجہد کے ذریعے اپنے مد مقابل چوہدری، جاگیردار، دنیادار، سرمایہ دار اور برطانوی سامراج سے مراعات یافتہ طبقہ کو ناکوں چنے چبوائے اور انگریز سامراج سے آزادی کیلئے جدوجہد آزادی میں اپنا بے مثال و لازوال کردار ادا کیا جو رہتی دنیا تک تاریخ کے صفحات پر زندہ و تابندہ رہے گا۔ مجلس احرار اسلام کے نائب امیر نبیرہ امیر شریعت مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے یونٹ قاسم بیلہ کے تمام ذمہ داران کو احرار تربیتی ورکشاپ میں احرار کارکنوں کی بھرپور انداز میں شرکت پر مبارکباد پیش کی۔ مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے کہا کہ احرار کارکن یونین کونسل کی سطح سے لیکر وفاق کی سطح تک جماعت کی رکنیت سازی کریں اور پھر جماعت کے یونٹوں کو یونین کونسل کی سطح تک مستحکم و مضبوط کرنے کی بھرپور محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کے کارکن جماعت کو گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ مضبوط اور فعال کریں پھر ان شاء اﷲ ہر دینی و سیاسی تحریک کی میزبانی و قیادت بھی آپ ہی کی جماعت کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فتح و کامیابی فرنگی انداز فکر کا خاتمہ، سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ ذہنیت کی شکست اور حکومت الہیہ کا قیام ہی ہے۔ مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ جماعت مضبوط ہو منتشر نہ ہو اور جماعتی ذمہ دار حضرات فکری و نظریاتی حوالے سے مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت جب مضبوط ہوتی ہے تو ورکر مضبوط ہوتا ہے اورجماعت اس وقت مضبوط ہوگی جب اس کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط ہوگا۔ اور تنظیمی ڈھانچہ تب مضبوط ہوگا جب گلی محلوں سے لیکر یونین کونسل کی سطح تک رکنیت سازی کے ذریعے یونٹ سازی کی جائے گی۔ اس کام کیلئے احرار کارکنوں کو اپنے اپنے حلقے میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرنے کیلئے اپنی منتشر فکری و نظریاتی قوت کو مجتمع کرنا ہوگا۔ احرار تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر حضرت شاہ جی نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن، مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے اجتماعی دعا کروائی اور وطن عزیز پاکستان کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رہنے کی دعا کی۔
(16جولائی 2021ء)مجلس احرار اسلام یونٹ جامع مسجد نورالاسلام کے زیر اہتمام جامع مسجد نورالاسلام میں 16 جولائی 2021ء بروز جمعہ بعد نماز مغرب احرار تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ جس میں سورج میانی، بستی سیالاں اور بستی محمد پور کے احرار ذمہ داران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ احرار تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز قاری محمد شعیب کی تلاوت جبکہ احرار کارکن حافظ محمد طیب انصاری کی نعت رسول مقبول صلی اﷲ علیہ وسلم سے ہوا۔ اس کے متصل بعد مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنماء نبیرہ امیر شریعت مولانا حافظ سید عطاء المنان بخاری نے احرار کارکنوں سے گفتگو کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران احرار کارکنوں سے تاریخ احرار اور احرار کی بپا کردہ تحریکوں کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی اور انہیں اپنی تابناک و لازوال تاریخ سے روشناس کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کے کارکنان و اکابرین نے ہمیشہ ذاتی و سیاسی مفادات کی جگہ مقصدیت کو ترجیح دی اور مقصدیت کے حصول کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا مگر مقصدیت کے حصول پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعتی کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ اپنے گردوپیش پر نگاہ رکھیں اور کسی بھی دشمن ملک و ملت، دشمن رسول واصحاب رسول اور قادیانی نواز کو اپنے حلقوں سے کامیاب نہ ہونے دیا جائے بلکہ ممکن حد تک رکاوٹ کھڑی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاں سیاسی سوجھ بوجھ، صاف ستھرے کردار کے مالک اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیات (امیدواروں) کو آگے لانا ہے، وہیں اس بات کا خیال بھی رکھنا ہے کہ کوئی دین دشمن ہمارے سماج میں اپنے پنجے مضبوط نہ کرنے پائے۔ احرار کارکنوں کو دیندار عوامی بننا ہوگا، لوگوں کے دکھ درد، خوشی و غمی میں شریک ہونا ہوگا۔ لوگوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے اور دینی و عوامی خدمت والے کاموں میں پیش پیش رہنا ہوگا۔
اس احرار تربیتی ورکشاپ کا اختتام سید عطاء المنان بخاری نے دین اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، کورونا وائرس جیسی مہلک و عالمی وباء سے نجات کیلئے دعا کے ساتھ کیا۔ (بقیہ اخبار الاحرار صفحہ 60)

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.