لاہور (پ ر)متحدہ تحریک ختم نبوت پاکستان اوردیگر دینی جماعتوں کی اپیل پر ”عشرہ ختم نبوت“ کے سلسلہ میں مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں، علماء کرام، خطباء عظام اور مبلغین نے 7ستمبر 1974کی قرار داد اقلیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ رہتی دنیا تک یہ قرار داد اپنے اصل متن کے ساتھ قائم و دائم رہے گی۔ مجلس احرا راسلام پاکستان کے نائب امیر سید عطاء اللہ شاہ بخاری اورمبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ نے مسجد ختم نبوت بوریوالہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک ختم نبوت اور تاریخ ختم نبوت پر روشنی ڈالی اور مطالبہ کیا کہ تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام عشرہ ختم نبوت کا سلسلہ جاری ہے 5ستمبر اتوار کو بعد نماز مغرب مرکزی دفتر احرار لاہور میں کل جماعتی ختم نبوت کانفرنس ہوگی جس میں مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم،شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ مولانا سیف الرحمن،امیر مرکزیہ مجلس احرار اسلام پاکستان سید محمد کفیل بخاری،ڈپٹی سیکرٹری جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانامحمدامجد خا ن، مولانا زاہد الراشدی،علامہ سیدضیاء اللہ شاہ بخاری، محترم لیاقت بلوچ، اور دیگر رہنماء شرکت و خطاب کریں گے۔