لاہور(پ ر) اہل سبت والجماعت کی مختلف دینی جماعتوں اورمکاتب فکر کے زیر اہتمام خلیفہ سوم بر حق ذوالنورین حضرت سیدنا عثمان بن عفانؓ کا یوم شہادت گزشتہ روز ملک بھر میں جوش وجذبہ سے منایا گیا۔ مجلس احرار اسلام، تحریک تحفظ ختم نبوت اور مجلس خدام صحابہ پاکستان کے قائدین، رہنماؤں اورمبلغین نے مختلف مقامات سے اپنے اپنے بیانات میں یوم شہادت عثمان غنیؓ کے حوالے سے کہا ہے کہ سیدنا عثما ن غنیؓ جناب نبی کریمﷺ کے دوہرے دماد اور سخاوت و حیاء کے پیکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد نبویﷺ میں خون خرابے سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن یہودیت اورصبائیت نے سیدنا عثمان غنیؓ کو مسجد نبویﷺ میں شہید کر کے امت کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔ مجلس احرار اسلام کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، پروفیسر خالد شبیر احمد، ملک محمد یوسف، میاں محمد اویس، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، مولانا محمد مغیرہ، قاری محمد یوسف احرار، مولانا تنویر الحسن احرار، ڈاکٹر عمر فاروق احرار، حافظ محمد ضیاء اللہ ہاشمی، مفتی عطاء الرحمن قریشی، محمد شفیع الرحمن احرار،ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری، سید عطاء المنان بخاری،مولانا محمد اکمل،حاجی عبدالکریم قمر، حافظ محمد اسماعیل احرار، مولانا محمد سرفراز معاویہ اور کئی دیگررہنماؤں نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی گواہی اور جناب نبی کریمﷺ کے ارشاد مبارک کے مطابق تمام کے تمام صحابہ ہدایت یافتہ ہیں اورہم جس صحابی کی پیروی کریں گے وہ ہمیں جنت میں لے جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتوں نے آغاز اسلام سے ہی اسلام کے خلاف سازشیں شروع کردی تھیں جو آج تک جاری ہیں۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ تمام صحابہ کرام ہمارے ایڈئیل ہیں اورخلافتِ صحابہ کو اپنا کر ہی ہم امن و چین کی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ حضرات صحابہ کرام معیار حق ہیں، صحابہ نبوت،وحی، اسلام اور قرآن کریم کے گواہ ہیں اور گواہوں پر عدم اعتماد اسلام کی عمارت کو منہدم کردیتا ہے چودہ سو سالہ یہودی اور صبائی سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین نے تمام مکاتب فکر کے دینی رہنماؤں، علماء کرام اور خطباء عظام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ آج 30جولائی کے خطبات جمعۃ المبارک میں سیرت و شہادت عثمان غنیؓ پر تفصیلی روشنی ڈالیں۔بتایا گیا ہے کہ مراکز احرار اورختم نبوت میں خطبات جمعۃ المبارک میں آج خلیفہ سوم کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔