لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی کو قابوکرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اورڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو عید کا تحفہ پٹرولیم مصنوعات کو مہنگائی کی بلند ترین سطح پر پہنچاکر دیا ہے۔عید الاضحی کے اس پر مسرت موقع پر ریلیف نہیں دے سکتے تھے تو کم از کم پٹرل مہنگا ہی نہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ منظور ہونے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ ہو شربا اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، حکمرانوں نے تو کہا تھا کہ یہ بجٹ ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ ہے کیا یہی عوام دوستی ہے کہ آئے روز پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی جائے۔