لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے جوہر ٹاؤن لاہورکے علاقہ میں ہونے والے کار بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری،سیکر ٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس اور لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت امن وامان کو بحال رکھنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان قائم کرنا اور عوام کے مال وجان کی حفاظت ریاست کے ذمہ داران کے فرائض میں شامل ہے، حکمران خود سیکورٹی کے حصار میں رہ کر اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ملک دشمن قوتیں وطن عزیز میں دہشتگردی پھیلا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں قوم کو متحد ہو کر ان کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے دھماکہ میں ہونے والے تمام شہداء کے لیے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔