لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے وزیر اعظم عمران خان کے پردے کے حوالے سے بیان کو غیرت مندانہ بیان قرار دے دیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اس ملک میں کلمہ طیبہ کے نظامِ نفاذ سے ہی عورت کی عزت محفوظ رہ سکتی ہے۔عورتوں کے ساتھ درندگی کی روک تھام کا واحد حل شرعی سزاؤں کا نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ ملک شریعت کے نظام کے نفاذ کے لیے بنا ہے تو پھرشرعی سزاؤں کے نفاذ میں کون رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے حیائی سے بے دینی کی ابتداء ہوتی ہے، پردہ عورت کی زینت ہے اسلام نے عورت کو جتنے حقوق دیئے ہیں دنیا کا کوئی معاشرہ نہیں دے سکا جو لوگ وزیر اعظم کے بیان پر اعتراضات کر رہے ہیں وہ پاکستان میں کلمہ طیبہ کے نظام کی بجائے وطن عزیز کو لبرل دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا تقریباً 90 فیصد طبقہ مذہبی روایات کی پاسداری کو ترجیح دیتا ہے چند لوگوں کی خاطر ہم وطن عزیز کو لبرل ازم کی آگ میں نہیں دھکیل سکتے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ایسے اقدامات کے لیے مزید قدم آگے بڑھائیں پورا پاکستان اس مسئلے پر آپ کے ساتھ کھڑاہے۔