ٍ لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ دعوت والے کام کو ہم تادم حیات کرتے رہیں گے۔ دین اسلام نے ہمیں ابدی سچائیاں دی ہیں۔وہ گزشتہ روز دو روزہ دورے پر مرکزی دفتر احرار لاہور میں احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کو معیار حق بنایا ہے،ہم حضرات صحابہ کرامؓ کے نقش قدم پرچل کر ہی اپنا قبلہ درست رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی اخلاقیات سے محرومی افسوس ناک ہے، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں جو کچھ ہوا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام سے قوم کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری قوتیں وطن عزیز پاکستان کو تباہ کرنے کے در پے ہیں قادیانی اسلام اور وطن دونوں کے دشمن ہیں۔عالمی قوتیں انہیں پرموٹ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔اس کے لیے ہم اپنی آئینی پر امن جد جہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ملکی تاریخ کے ناکام ترین لوگ ثابت ہوئے ہیں،قوم اور ملک کو کچھ دیا نہ وعدے پورے کئے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احراراسلام تمام دینی جماعتوں کی حلیف ہے، اسلام کی دعوت،عقیدہ ختم نبوت کی تبلیغ اورناموس رسالت کا تحفظ ہمارا نصب العین ہے۔