لاہور (پ ر) ملک بھر کی دینی اور مذھبی جماعتوں کے رہنماؤں نے لاہور کی پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں آیت ختم نبوت اور حدیث ختم نبوت کو خوبصورت انداز میں لکھنے اور عمارت کی اندرونی پیشانی کا حصہ بنانے کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے اسے نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی تعبیر قرار دیا ہے۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنوینر اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی، جمعیت علماء اسلام س کے سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، انٹرنیشنل ختم نبوت مومنٹ کے سربراہ مولانا محمد الیاس چنیوٹی، مجلس احرار اسلام سندھ کے امیر مفتی عطاء الرحمن قریشی اور کئی دیگر رہنماؤں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسپیکر چودھری پرویز الہٰی اور ان کے ساتھیوں کو ہدیہ تبریک پیش کیا ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید عطاء اللہ شاہ بخاری ثالث، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احرار، مولانا محمد مغیرہ، ڈاکٹر عمر فاروق احرار اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ تاریخ ساز کارنامہ پنجاب اسمبلی کے ورکرز کے لیے توشہ آخرت ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کی اسلامی اور نظریاتی اشاعت جس کو اوجھل کرنے کی کوشش ہو رہی تھی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایوان بالا، ایوان زریں اور صوبائی اسمبلیوں کے باقی ایوانوں میں بھی آیات ختم نبوت اور احادیث ختم نبوت کندہ کی جائیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس اقدام کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔